ریلوے کی وزارت
مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو نے دوہری گھاٹ-مئو-اونریہاڑ مسافر ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
یہ نئی یومیہ ریل سروس مئو اور غازی پور اضلاع کے مسافروں کو کفایتی، محفوظ اور آرام دہ رابطہ فراہم کرے گی
اس ٹرین سروس کو وارانسی تک بڑھایا جائے گا: وزیر ریلوے
ریلوے کے وزیر نے پوروانچل سے قومی راجدھانی کے لیے جلد ہی ایک اور ٹرین شروع کرنے کا وعدہ کیا ہے
نئی ٹرین مشرق میں چھپرا کو مئو، اعظم گڑھ، لکھنؤ اور کانپور کے راستے دہلی سے جوڑے گی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 MAY 2026 7:07PM by PIB Delhi
ریلوے، اطلاعات و نشریات اور الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے دوہری گھاٹ – اونریہاڑ مسافر ٹرین کو ورچوئل طور پر ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ افتتاحی تقریب حکومت اتر پردیش کے کابینہ وزیر جناب ارویند کمار شرما، رکن پارلیمنٹ راجیو رائے، دیگر معزز شخصیات اور ریلوے کے سینیئر حکام کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔
یہ اقدام اتر پردیش کے پوروانچل خطے میں ریلوے رابطہ بہتر بنانے اور مسافروں کی سہولت میں اضافہ کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ نئی ٹرین سروس ریلوے مسافروں کی سہولت اور مئو و غازی پور اضلاع کے عوام کے لیے براہ راست روزانہ رابطے کے دیرینہ مطالبے کو مد نظر رکھتے ہوئے شروع کی گئی ہے۔
اونریہاڑ – دوہری گھاٹ – اونریہاڑ مسافر ٹرین
یہ ٹرین سادات، جکھنیاں، دلہا پور، مئو، اندارا، کوپا گنج، گھوسی، امیلا اور مراد پور اسٹیشنوں پر رکے گی۔ اس ٹرین سروس کو جلد ہی وارانسی تک توسیع دی جائے گی۔
یہ ٹرین 8 کوچوں پر مشتمل ریک کے ساتھ چلائی جائے گی، جس میں ایسے مسافر ڈبے شامل ہوں گے جو روزانہ سفر کرنے والے مسافروں اور دیگر مسافروں کے لیے آرام دہ اور آسان سفر کی سہولت فراہم کریں گے۔
اس مسافر ٹرین سروس کو وارانسی تک توسیع دی جائے گی
ایک اہم اعلان کرتے ہوئے جناب اشونی ویشنو نے کہا کہ نئی شروع کی گئی اونریہاڑ – دوہری گھاٹ – اونریہاڑ مسافر سروس کو وارانسی تک توسیع دی جائے گی۔ اس توسیع سے وارانسی، جو ایک ثقافتی اور تجارتی مرکز ہے، تک براہ راست رابطہ قائم ہوگا، جس سے روزانہ سفر کرنے والے افراد، طلبہ، تاجروں اور زائرین کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ مشرقی اتر پردیش میں ریلوے رابطے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
نئی ٹرین سروس کے فوائد
یہ نئی ٹرین سروس مئو، غازی پور اور اطراف کے علاقوں کے مسافروں کو براہ راست، کم خرچ، محفوظ اور آرام دہ روزانہ ریلوے سفر فراہم کرے گی۔ اس ٹرین سے اونریہاڑ – دوہری گھاٹ راہداری کے ساتھ واقع قصبوں اور دیہات کے رہائشیوں کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ یہ سروس سیاحت، مقامی تجارت، تعلیم اور روزگار کو فروغ دے گی اور توقع ہے کہ اس سے خطے کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا۔
دوہری گھاٹ میں ایک عوامی اجتماع سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے جناب اشونی ویشنو نے دوہری گھاٹ کو گہری مذہبی اور ثقافتی اہمیت کا حامل مقام قرار دیا، جو بھگوان شری رام سے منسوب ہے اور بھگوان شری پرشورام جی کی ملاقات کی مقدس جگہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔
پوروانچل اور دہلی کو جوڑنے والی نئی ایکسپریس ٹرین
پوروانچل خطے سے دہلی کے لیے بہتر رابطے کے دیرینہ مطالبے کے جواب میں، جناب اشونی ویشنو نے شمالی گنگا راہداری کے ذریعے ایک نئی ایکسپریس ٹرین شروع کرنے کا اعلان کیا۔ یہ ٹرین چھپرا – بلیا – مئو – اعظم گڑھ – شاہ گنج – جونپور – سلطان پور – لکھنؤ – کانپور – علی گڑھ – غازی آباد – آنند وہار کو آپس میں جوڑے گی۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ یہ سروس جلد شروع کی جائے گی۔
تاریخی ریلوے لائن کی گیج تبدیلی
جناب اشونی ویشنو نے کہا کہ اندارا – دوہری گھاٹ میٹر گیج ریلوے لائن 1904 میں، یعنی 100 سال سے بھی زیادہ پہلے تعمیر کی گئی تھی، لیکن اس کی گیج تبدیلی کا کام وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اقتدار میں آنے تک التوا کا شکار رہا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد ملک بھر میں ریلوے کے کئی دیرینہ منصوبوں پر کام شروع کیا گیا، جن میں گیج تبدیلی، ڈبلنگ کے کام اور متعدد نامکمل منصوبے شامل تھے۔ اندارا – دوہری گھاٹ لائن کو براڈ گیج میں تبدیل کیا گیا، جس کے نتیجے میں مشرقی اتر پردیش کو نئی ریلوے سہولیات حاصل ہوئیں۔ ریلوے وزیر نے بتایا کہ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی نے دسمبر 2023 میں اس نئی تبدیل شدہ لائن پر ٹرین خدمات کا افتتاح کیا تھا۔
اتر پردیش میں ریلوے سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ
مرکزی وزیر نے کہا کہ 2014 میں اتر پردیش کے لیے ریلوے بجٹ میں صرف 1,109 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔ تاہم، 2014 کے بعد یہ رقم بڑھ کر تقریباً 20,012 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت اتر پردیش بھر میں تقریباً 1.2 لاکھ کروڑ روپے مالیت کے ریلوے منصوبوں پر کام جاری ہے، جو ریاست کی تاریخ میں ریلوے ترقی کی ایک بے مثال مثال ہے۔
جاری اہم بنیادی ڈھانچہ جاتی منصوبے
جناب اشونی ویشنو نے اتر پردیش میں جاری متعدد بڑے ریلوے بنیادی ڈھانچہ جاتی منصوبوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گنگا کے جنوبی حصے میں پریاگ راج – کانپور – آگرہ – دہلی راستے پر ایک بڑا چار لائنوں والا راہداری منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اسی طرح گنگا کے شمالی حصے میں بھی ایک عظیم چار لائنوں والا ریلوے راہداری منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے، جو غازی آباد، مراد آباد، بریلی، سیتاپور، گونڈا اور گورکھپور کے راستے دہلی کو بہار اور شمال مشرقی خطوں سے جوڑے گا۔
وزیر نے خطے میں جاری درج ذیل نئی لائنوں اور ڈبلنگ منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں جو اس طرح ہیں:
چٹونی – ٹمکوہی روڈ نئی لائن؛ آنند نگر – گھوگھلی نئی لائن؛ سہجنوا – دوہری گھاٹ نئی لائن؛ بہرائچ – خلیل آباد نئی لائن؛ گورکھپور – والمیکی نگر ڈبلنگ؛ بڑھول – گونڈا تیسری لائن؛ کٹرا – ایودھیا ڈبلنگ؛ اونریہاڑ – وارانسی تیسری لائن؛ متھرا – جھانسی تیسری لائن؛ آگرہ فورٹ – بندی کوئی ڈبلنگ؛ چوپان – چونار ڈبلنگ؛ اور پریاگ راج – مانک پور تیسری لائن۔
جناب اشونی ویشنو نے یہ بھی بتایا کہ وارانسی میں واقع پرانا مالویہ پل اب خستہ حال ہو رہا ہے، اس لیے اس کے ساتھ ایک نیا پل تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کے نچلے حصے میں چار ریلوے لائنیں جبکہ اوپر چھ لین والی شاہراہ ہوگی۔ زیر تعمیر یہ پل گنگا پر نمو گھاٹ کے قریب واقع ہے۔ جناب اشونی ویشنو نے کہا کہ یہ منصوبے اتر پردیش کے ریلوے نقشے کو مکمل طور پر تبدیل کر دیں گے اور مستقبل میں کم از کم 500 نئی ٹرینوں کے آپریشن کو ممکن بنائیں گے۔
امرت بھارت اسٹیشن
مرکزی وزیر نے کہا کہ اتر پردیش میں 157 امرت بھارت اسٹیشن تیار کیے جا رہے ہیں، جن میں سے 28 اسٹیشنوں پر کام مکمل ہو چکا ہے۔ پوروانچل خطے میں مئو، غازی پور سٹی اور دلدار نگر اسٹیشنوں کی از سر نو تعمیر و ترقی کا کام جاری ہے۔
نئی ٹرینیں اور خدمات
جناب اشونی ویشنو نے کہا کہ کووڈ کے بعد اتر پردیش میں تقریباً 58 نئی ٹرین سروسز شروع کی گئی ہیں جبکہ 568 سروسز میں توسیع کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت اتر پردیش میں 40 امرت بھارت ایکسپریس اور 32 وندے بھارت سروسز چل رہی ہیں۔ آنند وہار – مئو ٹرین سروس فروری 2021 میں شروع کی گئی تھی، جبکہ دسمبر 2023 میں مئو سے ممبئی کی جانب نئی ٹرین خدمات بھی شروع کی گئیں۔
تین مقامات پر انڈر پاس
وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ 14C، 25C اور 27C مقامات پر انڈر پاس کی تعمیر کا کام تیز رفتاری سے شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے ریلوے حکام کو ہدایت دی کہ یہ کام ریکارڈ وقت میں مکمل کیا جائے۔
اتر پردیش کے لیے بلیٹ ٹرین
جناب اشونی ویشنو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سال کے بجٹ میں اتر پردیش کے لیے بلیٹ ٹرین راہداری کا اعلان کیا ہے، جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے اس راہداری پر مجوزہ سفری اوقات کی تفصیلات بھی بیان کیں جو درج ذیل ہیں:
دہلی – آگرہ: 58 منٹ؛ دہلی – لکھنؤ: 2 گھنٹے 12 منٹ؛ دہلی – وارانسی: 3 گھنٹے 33 منٹ؛ دہلی – ایودھیا: 2 گھنٹے 47 منٹ؛ لکھنؤ – پریاگ راج: 48 منٹ؛ لکھنؤ – وارانسی: 1 گھنٹہ 21 منٹ؛ لکھنؤ – ایودھیا: 35 منٹ۔
وزیر نے کہا کہ دہلی – لکھنؤ – وارانسی – پٹنہ – سلی گوڑی کو جوڑنے والا مجوزہ بلیٹ ٹرین نیٹ ورک شمال مشرق کی اشٹ لکشمی ریاستوں کے ساتھ رابطے کو مزید مضبوط کرے گا اور وکست اتر پردیش اور وکست بھارت کے وژن کو حقیقت میں بدلنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بلیٹ ٹرین متوسط طبقے اور عام شہریوں کے لیے بھی قابل استطاعت ہوگی اور ایک ترقی یافتہ بھارت کی مضبوط بنیاد بنے گی۔
**********
ش ح۔ ف ش ع
U: 6931
(ریلیز آئی ڈی: 2259999)
وزیٹر کاؤنٹر : 14