وزارت دفاع
مختصر دورانیے، گہری رسائی، اعلیٰ شدت اور زیادہ اثر رکھنے والے آپریشن سندور نے بھارت کے اجتماعی عزم اور نئے فوجی نظریے کو اجاگر کیا: جوائنٹ کمانڈرز کانفرنس میں وزیر دفاع کا بیان
کمانڈرز کو جغرافیائی و سیاسی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر مستقبل کے لیے تیار رہنے کی تلقین
“اے آئی، خودکار نظاموں، ڈیٹا اینالیٹکس اور محفوظ مواصلاتی نیٹ ورکس میں صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا”
“مستقبل کی جنگیں جدید سوچ اور بہتر ہم آہنگی کے ذریعے جیتی جائیں گی”
“‘حیرت کا عنصر’ غیر متوقع رہنے اور اسٹریٹجک برتری برقرار رکھنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے”
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 MAY 2026 4:20PM by PIB Delhi
“آپریشن سندور بھارتی دفاعی افواج کے تیز، درست اور مشترکہ ردعمل کی ایک مثال ہے جو قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کیا گیا”، یہ بات وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے اس وقت کہی، جب انہوں نے تینوں افواج کے کمانڈرز کو ہدایت دی کہ وہ اس آپریشن اور موجودہ عالمی سلامتی کے منظرنامے سے سیکھتے ہوئے مستقبل کے لیے خود کو تیار رکھیں۔ انہوں نے 08 مئی 2026 کو راجستھان کے جے پور میں منعقدہ جوائنٹ کمانڈرز کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے آپریشن سندور کو مختصر دورانیے، گہری رسائی، اعلیٰ شدت اور زیادہ اثر والا آپریشن قرار دیا، جس نے بھارت کی اس صلاحیت کو ظاہر کیا کہ وہ اپنے مخالف کو پسپائی پر مجبور کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپریشن بھارت کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا مظہر اور قوم کے اجتماعی عزم اور نئے فوجی نظریے کی علامت ہے۔

وزیر دفاع نے مصنوعی ذہانت، خودکار نظاموں، ڈیٹا اینالیٹکس اور محفوظ مواصلاتی نیٹ ورکس میں صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ تیزی سے بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی سلامتی کے منظرنامے میں خود کو تیار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے تنازعات میں ہائبرڈ خطرات، معلوماتی برتری اور سائبر، اسپیس، الیکٹرو میگنیٹک اور کوگنیٹوشعبوں میں بیک وقت ہونے والے آپریشنز کا کردار مزید بڑھ جائے گا۔ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے انقلابی اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے تمام شعبوں میں قومی سطح پر مربوط تیاری کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
جناب راجناتھ سنگھ نے تینوں افواج میں جوائنٹنس، انٹیگریشن اور ٹیکنالوجی کے استعمال میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دفاعی شعبے میں آنے والی تبدیلیوں میں مشترکہ ہم آہنگی ایک مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “مستقبل کی جنگیں صرف ہتھیاروں کے ذریعے نہیں جیتی جائیں گی بلکہ جدید سوچ اور بہتر ہم آہنگی کے ذریعے کامیابی حاصل کی جائے گی۔”

وزیر دفاع نے کمانڈرز پر زور دیا کہ وہ ‘حیرت کے عنصر’ (ایلیمنٹ آف سرپرائز) کو فروغ دیں تاکہ ملک کے دشمنوں کے لیے غیر متوقع رہیں اور کسی بھی صورتحال میں اسٹریٹجک برتری حاصل کر سکیں۔ تاہم انہوں نے انہیں یہ بھی تلقین کی کہ وہ دشمن کے حیرت کے عنصر سے بھی چوکس رہیں اور ہمیشہ دو قدم آگے رہیں۔
جناب راجناتھ سنگھ نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دفاعی افواج کی صلاحیتوں کو جدید ترین ہتھیاروں اور پلیٹ فارمز کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخصوص اور اہم شعبوں میں تحقیق پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

کانفرنس کے دوران وزیر دفاع نے آپریشن سندور پر مبنی ایک دستاویزی فلم جاری کی۔ یہ فلم قوم اور دفاعی افواج کے آپریشنل تیاری اور فیصلہ کن قومی ردعمل کی صلاحیتوں کے عزم کو دوبارہ اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے وژن 2047 کا ہندی ورژن اور جوائنٹ ڈاکٹرائن فار انٹیگریٹڈ کمیونیکیشن آرکیٹیکچر بھی جاری کیا، جس کا مقصد مستقبل کی ملٹی ڈومین کارروائیوں میں افواج کے درمیان نظریاتی وضاحت، باہمی ہم آہنگی اور مربوط مواصلاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔


یہ کانفرنس ‘نئے ڈومینز میں فوجی صلاحیت’ کے موضوع پر منعقد ہوئی، جس میں وزارتِ دفاع اور بھارتی مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی اور ابھرتے ہوئے سلامتی کے چیلنجز اور مستقبل کی تیاری پر غور کیا۔ اس دوران مستقبل کی جنگی حکمت عملی، ملٹی ڈومین آپریشنز، تکنیکی تبدیلی اور مشترکہ صلاحیتوں کی ترقی پر جامع مباحثے کیے گئے۔ کانفرنس میں کوگنیٹو وارفیئر، کوانٹم اور اے آئی پر مبنی ابھرتے ہوئے خطرات کے خلاف سائبر لچک، ابھرتے ہوئے شعبوں میں فوجی صلاحیتوں کی ترقی، مقامی جدت اور اے آئی پر مبنی جنگی تصورات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
کانفرنس کے دوران انٹیلی جنس فیوژن، آپریشنل منصوبہ بندی اور معلوماتی انتظام کے لیے تیار کیے گئے جدید نظاموں اور پلیٹ فارمز کی نمائش بھی کی گئی، جو مشترکہ آپریشنل ڈھانچوں میں جدید ٹیکنالوجیز کے بڑھتے ہوئے انضمام کی عکاسی کرتی ہے۔ ان مباحثوں سے بھارت کی مستقبل کی فوجی تبدیلی اور مربوط آپریشنل تیاری کو تشکیل دینے میں اہم مدد ملے گی۔
اس موقع پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل دنیش کمار ترپاٹھی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اوپندر دویدی، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ، سکریٹری دفاع جناب راجیش کمار سنگھ، سکریٹری ڈیفنس آر اینڈ ڈی اور چیئرمین ڈی آر ڈی او ڈاکٹر سمن وی کامت، سکریٹری (ڈیفنس پروڈکشن) جناب سنجیو کمار، سکریٹری (ایکس سروس مین ویلفیئر) محترمہ سُکرتی لکھی، سکریٹری (ڈیفنس فنانس) جناب وشواجیت سہائے اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
***
ش ح۔ ش ت۔ م الف
U. No- 6820
(ریلیز آئی ڈی: 2259151)
وزیٹر کاؤنٹر : 8