امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان نے پہلی بار ’خلائی نظام اور آپریشنز‘سے متعلق آئی ایس او کی بین الاقوامی ذیلی کمیٹیوں کے اجلاسوں کی میزبانی کی


بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز نے خلائی تحفظ، آپریشنز اور پائیداری کے مستقبل کی تشکیل کے لیے بین الاقوامی ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا

اس تقریب میں 13 ممالک کے 131 بین الاقوامی مندوبین نے شرکت کی

مشن سیفٹی، باہمی مطابقت اور خلائی ملبے کی روک تھام  سمیت خلائی نظاموں کے مکمل لائف سائیکل کے معیارات پرتوجہ مرکوز

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 08 MAY 2026 2:13PM by PIB Delhi

ہندوستان کا قومی معیار ساز ادارہ  بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (بی آئی ایس) نے نئی دہلی میں بین الاقوامی تنظیم برائے معیار بندی (آئی ایس او) کی ذیلی کمیٹی آئی ایس او ٹی سی 20 / ایس سی 14 ’خلائی نظام اور آپریشنز‘ کے 35ویں مکمل اجلاس اور ورکنگ گروپس کے اجلاسوں کا انعقاد کیا۔

نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں مکمل اجلاس کی افتتاحی خطاب کرتے ہوئے حکومت ہند کے محکمہ امور صارفین کی سکریٹری محترمہ ندھی کھرے نے معیارات کی ترقی میں عالمی تعاون کی اہمیت اور بین الاقوامی خلائی معیارات کے نظام کی تشکیل میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہندوستان کے لیے انتہائی فخر کی بات ہے کہ ہم ایسے وقت میں اجلاس کی میزبانی کر رہےہیں، جب ہم عالمی خلائی تبدیلی کے صف اوّل میں کھڑے ہیں۔ اہم اصلاحات اور  ان –اسپیس (IN-SPACe) کے قیام کے ذریعے حکومت ہند نے ایک ابھرتے ہوئے خلائی مرکز کی بنیاد رکھی ہے، جہاں اسٹارٹ اپس اور قائم شدہ صنعتیں یکساں طور پر ترقی کر سکتی ہیں۔ اس طرح کے عالمی تعاون اور مہارت سے تیار کیے گئے معیارات خلاء کو انسانیت کے لیے محفوظ، پائیدار اور سب کے لیے قابل رسائی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔


اس موقع پر بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز کے ڈائریکٹر جنرل سنجے گرگ نے ہندوستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے خلائی شعبے میں معیار بندی کے اہم کردار کو اجاگر کیا، جو معیار، تحفظ اور عالمی مسابقت کو یقینی بنانے میں مددگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس خلائی صنعت کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہندوستانی معیارات کو بین الاقوامی فریم ورک کے مطابق ہم آہنگ بنانے پر کام کر رہا ہے۔  ہندوستان کے خلائی شعبے میں تیز رفتار تبدیلی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس کے معیارات نجی شعبے کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ  ہندوستان میں اس اجلاس کی میزبانی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ اس سے ہندوستانی ماہرین کو معیار بندی کے عمل میں براہ راست شرکت کا موقع ملتا ہے، جس سے نہ صرف قومی نظام مضبوط ہوتا ہے ،بلکہ عالمی معیار سازی کی کوششوں کو بھی تقویت ملتی ہے۔

ڈاکٹر پون گوئنکا (چیئرمین، ان-اسپیس) نے پالیسی اصلاحات اور نجی شعبے کی شمولیت کے باعث  ہندوستان کے خلائی نظام میں آنے والی انقلابی ترقی کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مضبوط معیارات اختراع کو فروغ دینے، صنعت کے اعتماد کو مستحکم کرنے اور عالمی خلائی معیشت کے ساتھ ہندوستان کی منسلکی کو آسان بنانے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔

اس تقریب میں 13 ممالک کے 131 بین الاقوامی مندوبین نے شرکت کی، جن میں  ہندوستان کی اسرو (آئی ایس آر او)، خلائی صنعت اور تعلیمی اداروں سے وابستہ شخصیات سمیت قومی معیار ساز اداروں کے نمائندے، بین الاقوامی خلائی ایجنسیوں کے ماہرین شامل تھے۔

افتتاحی اجلاس میں حکومت ہند کے محکمہ امور صارفین کی سکریٹری محترمہ ندھی کھرے، بی آئی ایس کے ڈائریکٹر جنرل جناب سنجے گرگ، ڈاکٹر پون گوئنکا (چیئرمین، اِن-اسپیس)، محترمہ رینا گرگ (ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، معیاری سازی، بی آئی ایس)، جناب فریڈرک سلین (چیئرمین، آئی ایس او ٹی سی 20 / ایس سی 14) اور  جناب راجیو جیوتی (چیئرمین، نیشنل مرر کمیٹی بی آئی ایس ٹی ای ڈی 14 برائے فضائی و خلائی وہیکل) نے شرکت کی۔

آئی ایس او/ٹی سی 20/ایس سی 14 خلائی نظاموں کے مکمل لائف سائیکل کے لیے بین الاقوامی معیارات تیار کرتا ہے، جس میں ڈیزائن اور پیداوار سے لے کر لانچ، آپریشنز اور خلاء پر مبنی خدمات تک کے تمام مراحل شامل ہیں، تاکہ عالمی خلائی سرگرمیوں میں تحفظ، باہمی مطابقت اور پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ہندوستان کی جانب سے اس اہم بین الاقوامی اجلاس کی میزبانی اس کے عالمی خلائی شعبے میں بڑھتے ہوئے مقام کو ظاہر کرتی ہے، جسے اسرو (آئی ایس آراو) کی کامیابیوں اور اِن-اسپیس (IN-SPACe) کے تحت اصلاحات کے ذریعے نجی شعبے کی بڑھتی ہوئی شمولیت سے تقویت ملی ہے۔ یہ اجلاس خلائی پائیداری، خلائی ملبے کی روک تھام اور مشن آپریشنز جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں عالمی معیارات کی تشکیل میں ہندوستان کے فعال کردار کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

****

ش ح ۔م ع ا۔  ن ع

U. No.6809


(ریلیز آئی ڈی: 2259048) وزیٹر کاؤنٹر : 13