وزارت آیوش
یوگا مہوتسو–2026
یوگا کا عالمی دن ( آئی ڈی وائی) تندرستی کے ایک عالمی جشن میں تبدیل ہوچکا ہے: آیوش کے مرکزی وزیر
یوگا دماغی اور جسمانی صحت اور جذباتی توازن کے لیے ایک طاقتور نظم و ضبط ہے: آیوش کے مرکزی وزیر
آیوش کے مرکزی وزیر کی جانب سے یوگا کے نئے پروٹوکولز کا آغاز
یوگا مہوتسو–2026، یوگا کےبارہویں عالمی دن (آئی ڈی وائی) کی 100 دن کی الٹی گنتی کے آغاز کی علامت ہے
یوگا 365 مہم کے تحت روزانہ مفت آن لائن یوگا سیشنز فراہم کرنے کے لیے ایم ڈی این آئی وائی اور ’ہیبلڈ‘کے درمیان مفاہمت کے اقرار نامے پر دستخط
یوگا 365 کا مقصد افراد کو یوگا کو روزانہ کی عادت کے طور پر اپنانے میں مدد فراہم کرنا ہے: آیوش کے مرکزی وزیر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 MAR 2026 6:24PM by PIB Delhi
آیوش کے مرکزی وزیر مملکت آزادانہ چارج نیز صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو نے آج نئی دہلی میں ’یوگا مہوتسو–2026‘ کا افتتاح کیا، جو کہ یوگا کے 12ویں عالمی دن (آئی ڈی وائی)2026کی 100 دن کی الٹی گنتی کے آغاز کی علامت ہے۔ اس موقع پر، وزیر موصوف نے "غیر متعدی بیماریوں (این سی ڈی) اور ہدف بند گروپوں کے لیے 10 یوگا پروٹوکولز کا بھی آغاز کیا، جو مختلف عمر کے افراد اور طبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں۔
وزارتِ آیوش، جو عالمی یومِ یوگا کی نوڈل وزارت ہے، اب تک یوگا کے بین الاقوامی دن کے گیارہ کامیاب ایڈیشنز منعقد کر چکی ہے جس میں عالمی سطح پر شرکت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ یوگا مہوتسو–2026 باضابطہ طور پر 12ویں عالمی یومِ یوگا کی جانب 100 روزہ سفر کے آغاز کی نشاندہی کرتا ہے، جس کا مقصد یوگا کی مختلف جہتوں کو فروغ دینا اور صحت، تندرستی اور امن کے لیے ایک عالمی تحریک کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ گزشتہ گیارہ برس کے دوران، وزیر اعظم نریندر مودی کی بصیرت انگیز قیادت میں، یوگا کا عالمی دن تندرستی کے ایک عالمی جشن کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ یوگا محض طرزِ زندگی کی کوئی مشق نہیں بلکہ ایک طاقتور نظم و ضبط ہے جو دماغی اور جسمانی صحت اور جذباتی توازن کو فروغ دیتا ہے۔ اس کے فوائد نے وبائی مرض جیسے مشکل وقت میں بھی لاکھوں لوگوں کو ہمت اور تندرستی برقرار رکھنے میں مدد دی۔
غیر متعدی بیماریوں (این سی ڈی) اور ہدف بند گرووں کے لیے 10 یوگا پروٹوکولز کا آغاز کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ پروٹوکول مختلف عمر کے افراد اور زندگی کے مختلف مراحل کے لیے تیار کیے گئے ہیں، تاکہ وہ اپنی صحت کی بہتر طریقے سے ذمہ داری اٹھا سکیں، اپنی جسمانی و ذہنی قوتِ مدافعت میں اضافہ کر سکیں اور مجموعی معیارِ زندگی کو بہتر بنا سکیں۔
حال ہی میں منعقدہ بجٹ کے بعد کے ویبنار کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر موصوف نے یاد دلایا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے احتیاطی اور ہمہ گیر طبی نگہداشت کے حوالے سے بھارت کے وژن پر زور دیا تھا اور اس بات کا ذکر کیا تھا کہ یوگا اور آیوروید اس طریقہ کار کے بنیادی ستون ہیں۔
وزیر موصوف نے ’ہوائی سفر کے لیے یوگا‘پروٹوکول کا بھی آغاز کیا، جو کہ پانچ منٹ کے ایک خاص معمول پر مشتمل ہے جس میں بیٹھ کر کی جانے والی یوگا کی مشقیں، سانس لینے کی مشقیں اور مختصردھیان شامل ہے۔ ماہرین کے تیار کردہ اس پروٹوکول کا مقصد سفر کے دوران تناؤ کو کم کرنا، خون کی گردش میں بہتری لانا، پٹھوں کی تکلیف کو دور کرنا اور فضائی سفر کے دوران ذہنی سکون کو فروغ دینا ہے۔
عالمی یومِ یوگا کے 100 روزہ الٹی گنتی کے حصے کے طور پر، مرار جی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا ( ایم ڈی این آئی وائی) نے روزانہ مفت آن لائن یوگا سیشنز فراہم کرنے کے لیے ’یوگا 365‘ مہم کے تحت ’ہیبلڈ‘کے ساتھ مفاہمت نامے کا تبادلہ کیا ہے۔
اس اقدام پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ یوگا 365 کا مقصد افراد کو یوگا کو روزانہ کی عادت کے طور پر اپنانے میں مدد کرنا ہے، تاکہ عالمی یومِ یوگا 2026 سے قبل مستقل مشق اور گہری وابستگی کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
پروگرام کے دوران، سوربھ بوتھرا نے شرکاء کے ساتھ ایک ٹول فری نمبر7008-315- 1800 شیئر کیا تاکہ یوگا 365 مہم کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
وزارتِ آیوش کے سکریٹری ویدیا راجیش کوٹیچا نے یوگا تک رسائی بڑھانے کے لیے کئی ڈیجیٹل اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ وزارت نے’آیوش گرڈ‘ کے ذریعے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک ایسا ٹول تیار کیا ہے جو یوگا کرنے والوں کی یوگا آسنوں کے دوران ان کے انداز درست کرنے میں رہنمائی کرتا ہے۔
سکریٹری موصوف نے مزید کہا کہ یوگا عالمی سطح پر بے پناہ مقبولیت حاصل کر رہا ہے اور عالمی یومِ یوگا میں 26 کروڑ سے زائد لوگوں کی شرکت اس تحریک کی بڑھتی ہوئی رفتار کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یوگا کو مزید قابلِ رسائی بنانے کے لیے ’ایڈوانسڈ وائی-بریک‘جیسے کورسز ’کرم یوگی بھارت‘ پلیٹ فارم پر دستیاب کرائے گئے ہیں، جہاں 10 لاکھ سے زائد شرکاء پہلے ہی رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ’ایس-ویاسا‘سوسائٹی کے صدر ایچ آر ناگیندر نے طرزِ زندگی کے بگاڑ اور غیر متعدی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے یوگا کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یوگا ایک مؤثر احتیاطی اور علاج معالجے کے طور پر ثابت ہوا ہے، اس لیے اسے معاشرے کے تمام طبقات میں شامل کیا جانا چاہیے۔
معززین کا استقبال کرتے ہوئے وزارتِ آیوش کی جوائنٹ سکریٹری مونالیسا داش نے کہا کہ یوگا دنیا کے لیے بھارت کے عظیم ترین تحفوں میں سے ایک ہے۔ یہ ایک جامع فلسفے کی نمائندگی کرتا ہے جو دماغ، جسم اور روح کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرتا ہے۔
دن کا آغاز صبح 7:00 بجے مرار جی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا میں ’کامن یوگا پروٹوکول‘ (سی وائی پی) کے لائیو نظارے سے ہوا، جس میں 1,000 سے زائد یوگا شائقین نے شرکت کی۔ کامن یوگا پروٹوکول میں یوگا آسنوں، پرانایام اور دھیان کی ایک سیریز شامل ہے جو پائیداری، جسمانی طاقت، توازن اور اندرونی ہم آہنگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
ایک روزہ ’یوگا مہوتسو–2026‘میں تین موضوعاتی تکنیکی سیشنز شامل تھے:
- معمر افراد (بزرگوں) کے لیے یوگا
- یوگا انٹرپرینیورشپ کے لیے بزنس ماڈیول
- یوگا اور مصنوعی ذہانت
ان سیشنز میں یوگا، طب اور سائنسی تحقیق کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے نامور ماہرین یکجا ہوئے، جس نے معلومات کے تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا اور یوگا کی سائنسی و علاج معالجے کی صلاحیت کو مزید تقویت بخشی۔
مرار جی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا کے ڈائریکٹر نے کلمات تشکر پیش کیے اور شرکاء کو عالمی یومِ یوگا 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقد ہونے والے آئندہ پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی۔
یوگا مہوتسو–2026 میں یوگا ماسٹرز، اسکالرز، پالیسی سازوں، بیوروکریٹس، کارپوریٹ پروفیشنلز، یوگا کے ماہرین اور متعلقہ علوم کے ماہرین سمیت تقریباً 1,500 شرکاء نے شرکت کی۔
یوگا مہوتسو–2026 ہمہ گیر صحت اور تندرستی کی جانب ایک نئی عالمی تحریک کے لیے راستہ ہموار کرتا ہے۔’کرتویہ پتھ‘ سے لے کر ’اقوامِ متحدہ‘ تک، عالمی یومِ یوگا نے عالمی صحت اور تندرستی کے فروغ میں بھارت کی قیادت کو مضبوط کیا ہے۔ عالمی یومِ یوگا 2026 کی الٹی گنتی کے آغاز کے ساتھ ہی، وزارتِ آیوش نے دنیا بھر میں یوگا کا پیغام پھیلانے اور لاکھوں لوگوں کو صحت مند اور خوشگوار زندگی کے لیے اس لازوال مشق کو اپنانے کی ترغیب دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔





***
ش ح۔ م ع۔ ص ج
U.NO. 6703
(ریلیز آئی ڈی: 2258400)
وزیٹر کاؤنٹر : 7