وزارت دفاع
بھارتی فوج کا دستہ بھارت۔کمبوڈیا دوطرفہ فوجی مشق ’’سِنبیکس۔دوم 2026‘‘ میں شرکت کے لیے روانہ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
03 MAY 2026 8:59AM by PIB Delhi
بھارتی فوج کا دستہ بھارت۔کمبوڈیا دوطرفہ فوجی مشق ’’سِنبیکس۔دوم 2026‘‘ کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے لیے روانہ ہوگیا ہے۔ یہ مشق 4 سے 17 مئی 2026 تک مملکتِ کمبوڈیا کے صوبہ کامپونگ سپیو میں واقع ’’ٹیچو سین فنوم تھوم مِریس پروو رائل کمبوڈین فضائیہ تربیتی مرکز (کیمپ بیزل)‘‘ میں منعقد کی جائے گی۔ دوست ممالک کے ساتھ بھارت کے مسلسل دفاعی تعاون کے تحت کمبوڈیا کے ساتھ ہونے والی یہ دوطرفہ مشق عالمی سلامتی کو درپیش بدلتے ہوئے چیلنجوں کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتی ہے۔ یہ مشق اقوامِ متحدہ کے مینڈیٹ کے باب ہفتم کے دائرۂ کار میں منعقد ہوگی، جس میں غیر روایتی ماحول میں کارروائیوں کے لیے کمپنی سطح کی مشترکہ تربیت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
ہندوستانی فوجی دستے میں 120 اہلکار شامل ہیں، جن کی اکثریت مراٹھا لائٹ انفنٹری رجمنٹ کی ایک بٹالین سے تعلق رکھتی ہے، جبکہ کمبوڈین دستہ 160 اہلکاروں پر مشتمل ہے، جو رائل کمبوڈین آرمی سے وابستہ ہیں۔
یہ مشترکہ مشق اقوامِ متحدہ کی امن فوجی کارروائیوں کے دوران امن دستوں کو درپیش انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کی موجودہ صورتحال کے مطابق ترتیب دی گئی ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے عملی اور جامع تبادلۂ خیال، حربی مشقیں اور حتمی توثیقی مشق کا انعقاد کیا جائے گا۔ مشق کے دوران خصوصی مہارتوں کی تربیت بھی دی جائے گی، جن میں ڈرون کارروائیاں، مارٹر کے استعمال اور نشانہ باز حکمتِ عملی شامل ہیں۔ اس کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے فوجی دستوں کے درمیان باہمی ہم آہنگی، رابطہ کاری اور عملی اشتراک کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
یہ مشق نہ صرف عالمی امن کے قیام کے لیے دونوں ممالک کی صلاحیتوں کو اجاگر کرے گی بلکہ نیم شہری علاقوں میں دشمن عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران حاصل ہونے والے عملی تجربات اور بہترین طریقۂ کار کے تبادلے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
مشترکہ فوجی مشق ’’سِنبیکس۔دوم 2026‘‘ بھارت اور کمبوڈیا کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کی عکاس ہے اور یہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے میں باہمی افہام و تفہیم کو بھی فروغ دے گی۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-6581
(ریلیز آئی ڈی: 2257609)
وزیٹر کاؤنٹر : 10