ارضیاتی سائنس کی وزارت
مئی کی گرمی کی صورتحال پر گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، سادہ احتیاطی تدابیر سے اثرات پر مؤثر طور پر قابو پایا جا سکتا ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے عوام سے گرمی کی لہر سے متعلق پیش گوئیوں پر غیر ضروری ردِعمل سے گریز کی اپیل کی
حکومت نے محکمۂ موسمیاتِ ہند کی پیش گوئی کی بنیاد پر ہدایت نامہ جاری کیا؛ بیداری، تیاری اور ذمہ دارانہ رویّے پر زور
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ گرمی کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں؛ موجودہ حالات دیر سے پکنے والی ربیع فصلوں کی کٹائی کے لیے عمومی طور پر سازگار ہیں
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 MAY 2026 2:42PM by PIB Delhi
سائنس و ٹیکنالوجی، ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیرِ مملکت برائے وزیرِ اعظم دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج عوام کو یقین دلایا کہ مئی کے مہینے میں متوقع یا پیش گوئی کی گئی گرمی کی صورتحال پر گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، اور درست معلومات و پیش گوئی کو سمجھنے کے ساتھ روزمرہ کی سادہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کسی بھی غیر ضروری ردِعمل سے بچا جا سکتا ہے۔
اپنے دفتر میں ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اگرچہ بعض علاقوں میں معمول سے زیادہ درجۂ حرارت اور گرمی کی لہر کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، تاہم یہ کیفیت پورے ملک میں یکساں نہیں ہوگی، اور بروقت تیاری اور محکمۂ موسمیاتِ ہند (آئی ایم ڈی) کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ ہدایات پر عمل کر کے اس کے اثرات پر مؤثر طور پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
آئی ایم ڈی کی تازہ ماہانہ پیش گوئی اور توسیعی مدت کے موسمی جائزے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ جنوبی جزیرہ نما بھارت، شمال مشرقی اور شمال مغربی بھارت کے بعض حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت معمول سے بلند رہنے کا امکان ہے، جبکہ ملک کے بیشتر حصوں میں درجۂ حرارت معمول کے مطابق یا اس سے کم رہنے کی توقع ہے۔ اسی طرح کئی علاقوں میں کم سے کم درجۂ حرارت بھی معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیش گوئی کے مطابق ہمالیائی دامن، مشرقی ساحلی علاقوں خصوصاً اوڈیشہ، ساحلی آندھرا پردیش اور ملحقہ تمل ناڈو، نیز گجرات اور مہاراشٹر میں گرمی کی لہر کی صورتحال متوقع ہے، جہاں معمول کے مقابلے میں تقریباً 2 سے 4 دن زیادہ ہیٹ ویو رہ سکتی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ توسیعی موسمی پیش گوئی کے مطابق مئی کے دوسرے ہفتے (8 تا 14 مئی) اور چوتھے ہفتے (22 تا 28 مئی) میں نسبتاً زیادہ درجۂ حرارت متوقع ہے، جس کے باعث شمال مغربی، وسطی اور مغربی بھارت کے بعض علاقوں کے ساتھ مشرقی ساحلی خطے میں بھی گرمی کی لہر کی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ تاہم پہلے اور تیسرے ہفتے (1 تا 7 مئی اور 15 تا 21 مئی) کے دوران مغربی ہواؤں کے نظام اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے سبب ملک کے بیشتر حصوں میں درجۂ حرارت معمول کے مطابق یا اس سے کم رہنے کا امکان ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ بعض اوقات رات کے درجۂ حرارت میں اضافے سے گرمی کی شدت اور بے آرامی میں اضافہ ہو سکتا ہے، خصوصاً شہری اور ساحلی علاقوں میں۔ مشرقی ساحلی خطوں، گجرات اور مہاراشٹر میں گرم اور مرطوب موسم کی کیفیت بھی متوقع ہے۔
عالمی موسمی حالات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس وقت ’’ای این ایس او نیوٹرل‘‘ صورتحال برقرار ہے، جبکہ جنوب مغربی مانسون کے موسم کے دوران ’’ای ایل نینو‘‘ کے حالات پیدا ہونے کا امکان ہے۔
وزیر نے کہا کہ حکومت گرمی سے متعلق حالات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اور ریاستی و ضلعی سطح پر مربوط کوششوں پر زور دیا جا رہا ہے تاکہ پینے کے پانی کی دستیابـی، ٹھنڈک کے مؤثر انتظامات اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ شیر خوار بچوں، بزرگوں اور کھلے ماحول میں کام کرنے والے مزدوروں جیسے حساس طبقات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
زرعی شعبے کے حوالے سے وزیر نے کہا کہ موجودہ موسمی حالات شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں دیر سے پکنے والی ربیع فصلوں کی کٹائی کے لیے عمومی طور پر سازگار ہیں۔ تاہم جنوبی اور شمال مشرقی بھارت کے بعض حصوں میں مقامی سطح پر گرمی کا دباؤ بورو چاول، مکئی اور دالوں جیسی گرمیوں کی بعض فصلوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کھیتوں کے کام صبح اور شام کے اوقات میں انجام دیں، ہلکی مگر وقفے وقفے سے آبپاشی کریں، اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
واضح عوامی ہدایت جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں، شدید گرمی کے اوقات میں زیادہ دیر تک دھوپ میں رہنے سے گریز کریں اور اپنے اردگرد موجود کمزور و حساس افراد کی ضروریات کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمۂ موسمیاتِ ہند (آئی ایم ڈی) کی روزانہ کی تازہ معلومات اور اثرات پر مبنی پیش گوئیوں پر عمل کر کے ممکنہ صحتی خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔
وزیر نے کہا کہ حالیہ برسوں میں بھارت کی موسمی پیش گوئی کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے باعث زیادہ درست اور بروقت انتباہات جاری کرنا ممکن ہوا ہے، جو مؤثر ردِعمل اور عوامی تحفظ کے لیے نہایت اہم ہیں۔
تازہ موسمی معلومات محکمۂ موسمیاتِ ہند کی سرکاری ویب سائٹ، ’’موسم ایپ‘‘، ’’موسم گرام‘‘ پورٹل اور مختلف ذرائع ابلاغ کے پلیٹ فارمز پر دستیاب ہیں۔
تصویر: مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ ہفتہ کے روز نئی دہلی میں مئی 2026 کے دوران متوقع گرمی کی صورتحال کے بارے میں ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے۔

******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-6570
(ریلیز آئی ڈی: 2257502)
وزیٹر کاؤنٹر : 20