شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پدما ڈوری  کا عالمی آغاز


یہ شمال مشرقی ہندوستان اور مدھیہ پردیش کو باہم جوڑنے والی  ٹیکسٹائل کی  بین علاقائی پہل ہے

یہ منصوبہ ایری ریشم اور چندیری کی روایات کو  باہم مربوط کرکے  پائیدار اور دستکار  پر مرکوز  ٹیکسٹائل کے ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے والا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 01 MAY 2026 8:43PM by PIB Delhi

شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت کے تحت قائم  مرکزی سرکاری ادارہ  شمال مشرقی دستکاری و ہینڈلوم ترقیاتی کارپوریشن نے آج باضابطہ طور پر ’’پدما ڈوری‘‘ کا آغاز  کیا، جو ایک منفرد بین ثقافتی ٹیکسٹائل پہل ہے۔ اس کے تحت شمال مشرقی ہندوستان کی ایری (اہنسا) ریشم  کی روایت کو مدھیہ پردیش کی معروف چندیری بنکر کی عظیم وراثت سے جوڑا گیا ہے۔

اس پہل  کا باضابطہ آغاز شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت کے سکریٹری سنجے جاجو نے کیا، جس کے بعد ایک دلکش فیشن شو منعقد ہوا، جس میں ایری ریشم اور چندیری کپڑوں کے حسین مجموعوں کو پیش کیا گیا۔ ایری ریشم اپنی اخلاقی اور پائیدار پیداوار کے لیے معروف ہے، جبکہ چندیری کپڑا اپنے نفیس نقش و نگار اور باریک کاریگری کے لیے شہرت رکھتا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے  سکریٹری سنجے جاجو نے کہا کہ ’’پدما ڈوری‘‘ وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘ کے وژن کا عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جیوتیرادتیہ سندھیا کی دور اندیش قیادت میں یہ نیا اقدام آج عملی شکل  اختیار کر سکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’پدما ڈوری‘‘ اس لیے منفرد ہے کہ یہ ٹیکسٹائل کی  دو مختلف روایات کا حسین سنگم ہے، یعنی مدھیہ پردیش کی چندیری روایت اور شمال مشرقی ہندوستان کا ایری ریشم۔سنجے جاجو نے مزید کہا کہ ’’پدما ڈوری‘‘ صرف وراثت کو یکجا نہیں کر رہی بلکہ اختراع اور جدت طرازی کو بھی فروغ دے رہی ہے۔

افتتاحی تقریب میں خصوصی طور پر مرتب کردہ نمائش کا مشاہدہ بھی شامل تھا، جس میں ان ملبوسات کی تیاری اور ان کے پس منظر میں کارفرما باہمی اشتراک کے مراحل سے آگاہ کیا گیا۔ہندوستانی ٹیکسٹائل، مقامی علمی روایات اور پائیدار اعلیٰ معیار کی مصنوعات کے وسیع تناظر میں یہ پہل  اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ روایتی دستکاریاں آج کے جدید بازاروں میں بھی بھرپور اہمیت اور افادیت رکھتی ہیں۔

آج سے شروع ہونے والی تین روزہ نمائش کو باہمی دلچسپی، متحرک اور ارتقا پذیر پلیٹ فارم کے طور پر ترتیب دیا گیا ہے، جہاں زائرین براہِ راست دستکاروں سے ملاقات کر سکیں گے، ٹیکسٹائل کی تیاری کے مراحل کو سمجھ سکیں گے، اور ریشے سے کپڑے تیار کرنے  تک کے سفر کا عملی تجربہ حاصل کر سکیں گے۔

شمال مشرقی ہندوستان اور مدھیہ پردیش کے دستکار اس نمائش میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں، جہاں وہ براہِ راست اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اپنی دستکاری روایات سے متعلق معلومات بھی فراہم کر رہے ہیں۔تقریب میں علاقائی کھانوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جو شرکت کنندہ  علاقوں کی ثقافتی رنگا رنگی اور خوشحالی کی عکاسی کرتے ہیں۔

افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے شمال مشرقی دستکاری و ہینڈلوم ترقیاتی کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر مارا کوچو نے کہا، ’’پدما ڈوری شمال مشرق کی ریشے کی روایات اور چندیری کی ہینڈلوم وراثت  کو یکجا کر کے مربوط اور پائیدار ٹیکسٹائل نظام تشکیل دے رہی ہے۔‘‘

تقریبِ رونمائی میں فلم ہدایت کار مظفر علی، شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت کے سینئر افسران، مدھیہ پردیش ہینڈلوم کے حکام، معزز شخصیات، ڈیزائنر اور اس پہل  سے وابستہ دستکاروں نے شرکت کی۔

******

(ش ح۔ م ش ع ۔ م ا)

Urdu No-6573

 

 


(ریلیز آئی ڈی: 2257407) وزیٹر کاؤنٹر : 13