نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ اور وزیر مملکت محترمہ رکشا نکھل کھڈسے 24  سے 26 اپریل 2026  تک سری نگر میں نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے وزراء کے چنتن شِویر کی قیادت کریں گے


سری نگر میں چنتن شِویر کے دوران کھیلوں میں عمدگی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر مرکز اور ریاست کے درمیان غوروخوض

سری نگر میں نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے وزراء کا 3 روزہ چنتن شِویر منعقد ہوگا؛ توجہ کھیلوں سے متعلق حکمرانی اور نوجوانوں کی ترقی پر ہوگی


پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 APR 2026 5:28PM by PIB Delhi

نوجوانوں کے امور و کھیلوں کی وزارت 24 سے 26 اپریل 2026  تک جموں و کشمیر کے سرینگر میں واقع شیرِ کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے نوجوانوں کے امور و کھیلوں  کےوزراء کا تین روزہ چنتن شِویر منعقد کرے گی۔ اس شِویر کی قیادت مرکزی وزیر برائے نوجوان امور و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ اور وزیر مملکت برائے نوجوانوں کے امور و کھیل محترمہ رکشا نکھل کھڈسے کریں گے۔

یہ چنتن شِویر ایک اعلیٰ سطحی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا، جہاں مرکز اور ریاستوں کے درمیان بہتر اشتراک، پالیسی ہم آہنگی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے ذریعے کھیلوں سے متعلق حکمرانی اور نوجوانوں کی ترقی کے نظام کو مستحکم بنانے پر منظم غور و خوض کیا جائے گا۔ وزارت کی سینئر قیادت بھی اس میں شریک ہوگی، جن میں ڈاکٹر پلوی جین گوول (نوجوانوں کے امور کی سیکریٹری)، جناب نتیش کمار مشرا (ایڈیشنل سیکریٹری،برائے نوجوانوں کے امور) اور جناب ہری رنجن راؤ (سیکریٹری، برائے کھیل) شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ کھیلو انڈیا، فٹ انڈیا، ایم وائی بھارت اور نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) جیسے اہم قومی اقدامات کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

اس شِویر میں ملک کے کھیلوں کے نظام کو مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جس میں کھیلو انڈیا مشن کے تحت تمغے جیتنے سے متعلق حکمت عملی اور کھلاڑیوں کی ترقی کے طریقوں پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ مجوزہ کھیلو بھارت نیتی کے تحت مرکز اور ریاستوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری، صلاحیت کی نشاندہی کے نظام کو بہتر بنانے اور بنیادی سطح پر کھیلوں کی ترقی جیسے امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔ اس کے علاوہ کھیلوں سے متعلق حکمرانی، صاف اور محفوظ کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں کے سازو سامان کی مینوفیکچرنگ کے نظام کی ترقی جیسے موضوعات پر بھی غور کیا جائے گا۔ شِویر میں سابقہ اجلاسوں کے دوران کی گئی کارروائیوں کی رپورٹ کا جائزہ بھی لیا جائے گا تاکہ تسلسل، جواب دہی اور قابلِ پیمائش نتائج کو یقینی بنایا جا سکے۔

کھیلوں کے ساتھ ساتھ اس شِویر میں نوجوان امور پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا، جس میں نوجوانوں کی شمولیت کو بڑھانے، خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے اور ادارہ جاتی اثر کو مضبوط کرنے پر توجہ ہوگی۔ سالانہ ایکشن پلان27-2026، بنیادی سطح پر یوتھ کلب نظام کو مضبوط بنانے، اور ایم وائی بھارت پورٹل کے ذریعے ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے جیسے امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔ ایم وائی بھارت اور نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے، فنڈ حاصل کرنے کے نظام اور پروگرام سے متعلق تال میل کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ قیادت کی ترقی، رضاکاریت، عملی طورپر سیکھنے اور نوجوانوں کی قیادت میں چلنے والے اقدامات جیسے نشہ مکتی ابھیان پر بھی تفصیلی گفتگو ہوگی۔

تین روزہ پروگرام کو موضوعاتی فریم ورک “سمواد سے سمادھان”، “سمادھان سے سنکلپ” اور “آتماولوکن” کے تحت ترتیب دیا گیا ہے، جس کا مقصد باہمی بات چیت، باہمی تال میل سے سیکھنے اور عملی نتائج کو فروغ دینا ہے۔ ان نشستوں میں کلیدی خطابات، وزارت کے حکام اور ریاستوں کی جانب سے پیشکشیں، بہترین تجربات کا تبادلہ، منظم مباحثے اور موضوعاتی گروپ پر منی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ مشترکہ پالیسی لیبز اور فیڈبیک سیشنز کے ذریعے حل تیار کرنے اور عملدرآمد کی منصوبہ بندی میں مدد ملے گی، جبکہ مباحثوں کی فوری دستاویز بندی قابلِ عمل نتائج کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

اس شِویر میں ہمہ جہت شمولیت کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرگرمیاں بھی شامل ہوں گی، جن میں یوگا اجلاس، فٹ انڈیا سائیکلوتھن اور ایک ثقافتی پروگرام شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شرکت کرنے والی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے درمیان غیر رسمی صلاح و مشورے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

یہ چنتن شِویرباہمی وفاقیت کو مضبوط بنانے، مختلف متعلقہ فریقین کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے اور کھیلوں اور نوجوانوں کی ترقی کے شعبوں میں پروگرام کی مؤثریت بڑھانے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر تصور کیا جا رہا ہے۔ اس کے نتائج مستقبل کی پالیسی سمت متعین کرنے میں مدد دیں گے اور “وکست بھارت @2047” کے وژن کے مطابق کھیلوں کے مستحکم نظام اور بااختیار و متحرک نوجوان نسل کی تشکیل میں رول ادا کریں گے۔

******

( ش ح ۔ ش ب ۔ م ا )

Urdu.No-6226


(ریلیز آئی ڈی: 2254935) وزیٹر کاؤنٹر : 18