نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

حکومت ممنوعہ مادوں کی اسمگلنگ اور استعمال میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری قوانین متعارف کرائے گی: کھیلو کے مرکزی وزیر  ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ

ہندوستان نے واڈا جی اے آئی آئی این کی آخری کانفرنس میں عالمی انسداد ڈوپنگ تعاون کو مضبوط کیا

’’آج ڈوپنگ محض ایک انفرادی فعل نہیں بلکہ ایک منظم بین الاقوامی کاروباری نیٹ ورک بن چکا ہے‘‘: ڈاکٹر مانڈویہ

’’ہندوستان نہ صرف کھیلوں میں مہارت کے لیے پرعزم ہے بلکہ دیانتداری کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے بھی کوشاں ہے‘‘: کھیلوں کے مرکزی وزیر

مضبوط قانونی اصلاحات، تعلیم اور ٹیکنالوجی ہندوستان کے شفاف کھیل کے عزم کو آگے بڑھا رہی ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 APR 2026 2:06PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، 16 اپریل 2026: نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کے گلوبل اینٹی ڈوپنگ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن نیٹ ورک (جی اے آئی آئی این) کی حتمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، کھیلوں اور ڈوپنگ کے خاتمے کے لیے عالمی تعاون کے حوالے سے ہندوستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، وزیرموصوف نے کہا کہ ’’ایک عالمی اینٹی ڈوپنگ انٹیلی جنس اور تفتیشی نیٹ ورک ان اہم شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے،‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کانفرنس ڈوپنگ کے خلاف عالمی جنگ میں اہم اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لاتی ہے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، ڈاکٹر مانڈویہ نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ہندوستان نے’’ نہ صرف تعمیل کے لیے بلکہ کھیلوں کی اخلاقی پاسداری کے لیے حقیقی عزم کے ساتھ‘‘ فعال اصلاحات کی ہیں۔

انہوں نے نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایکٹ، 2022 کو ایک مضبوط قانونی ڈھانچہ قرار دیا اور کہا کہ نیشنل اینٹی ڈوپنگ ترمیمی ایکٹ، 2025 ہندوستان کے ضوابط کو عالمی معیارات سے ہم آہنگ کرتا ہے۔

ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا کہ حکومت ممنوعہ مادوں کی فراہمی یا اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری قوانین متعارف کرانے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔

ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا کہ اگرچہ پہلے کی کوششیں بڑی حد تک لیبارٹری ٹیسٹنگ پروٹوکول اور کھلاڑیوں کی تعمیل تک محدود تھیں، لیکن آج ڈوپنگ محض بدعنوانی کا کوئی انفرادی فعل نہیں، بلکہ ایک منظم بین الاقوامی کاروباری نیٹ ورک بن چکا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے موثر اور مربوط عالمی ردعمل کی ضرورت ہے۔

عالمی شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے، واڈا  کے صدر وٹولڈ بانکا نے کہا، ’’واڈا کا انٹیلی جنس اور تفتیشی ماڈل قومی اینٹی ڈوپنگ تنظیموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’یہ ماڈل شراکت داریوں پر قائم ہے۔ یہ اینٹی ڈوپنگ پیشہ ور افراد کی مہارت کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کے ساتھ یکجا کرتا ہے، جسے یوروپول  اور انٹرپول  جیسے بین الاقوامی شراکت داروں کا تعاون حاصل ہے۔‘‘

ہندوستان کے بڑھتے ہوئے عالمی کردار پر بات کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا کہ واڈا کی ورکشاپس اور اس موجودہ کانفرنس جیسی بین الاقوامی مصروفیات کی میزبانی نے ہماری تفتیشی صلاحیتوں کو نمایاں طور پر بڑھایا ہے اور ہمارے اینٹی ڈوپنگ ایکو سسٹم کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں سمت اور رفتار کے ساتھ ایک عالمی اسپورٹنگ پاور ہاؤس کے طور پر ابھر رہا ہے۔‘‘

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہندوستان کھیلوں کی ترقی میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، جس میں بنیادی ڈھانچہ، ٹیلنٹ کی شناخت اور سائنسی تربیت شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’کھیلو انڈیا‘ اور ’فٹ انڈیا موومنٹ‘ جیسے اقدامات کھیلوں کے ایکو سسٹم کو تبدیل کر رہے ہیں اور کھیلوں کو ہماری قومی شناخت کا ایک اٹوٹ حصہ بنا رہے ہیں۔

اخلاقی پہلو پر زور دیتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا کہ ’’کھیلوں میں مہارت کے مرکز میں کھلاڑیوں کی اقدار کا ہونا ضروری ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’کھیلوں میں نظم و ضبط، دیانتداری اور کردار سازی کی طاقت موجود ہے، لیکن مسابقتی دباؤ بعض اوقات غیر اخلاقی فیصلوں کی طرف لے جا سکتا ہے۔‘‘ آگاہی کی ضرورت کو تقویت دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ کھیل کی ہر سطح پر انصاف، ایمانداری اور احترام کو فروغ دینا ضروری ہے۔

احتیاطی تدابیر پر، ڈاکٹر مانڈویا نے زور دیا کہ ’’روک تھام ہی سب سے مؤثر حکمت عملی ہے،‘‘ اور مزید کہا کہ ’’صحیح وقت پر درست معلومات فراہم کرنا کھلاڑیوں کو بااختیار بناتا ہے کہ وہ باخبر فیصلے کر سکیں اور دانستہ و غیر دانستہ خلاف ورزیوں سے بچ سکیں۔‘‘ انہوں نے تعلیم کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی کے پورے سفر کے دوران یہ عمل مسلسل جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (ناڈا) انڈیا نے ورکشاپس، سیمینارز، ڈیجیٹل مہمات اور ایونٹ پر مبنی سیکھنے کے عمل کے ذریعے آگاہی کے لیے ایک جامع اور کثیر سطحی نقطۂ نظر اپنایا ہے۔ معذور کھلاڑیوں کے لیے یونیورسل ڈیزائن فریم ورک کے تحت خصوصی تعلیمی ماڈیولز بھی تیار کیے گئے ہیں۔

سکریٹری (کھیل) جناب ہری رنجن راؤ نے ہندوستان کے فعال نقطۂ نظر کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، ’’کھیلوں کی وزارت نے نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی ادارہ جاتی اور تفتیشی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے کام کیا ہے، جس میں نفاذ قانون کے اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری اور معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانا شامل ہے۔ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا اور سنٹرل ڈرگز اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن جیسی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری آلودہ یا غیر ریگولیٹڈ مادوں سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے بہت اہم ہے، جو کہ ایک سنگین عالمی تشویش بنی ہوئی ہے۔‘‘

 

وزیر موصوف نے تکنیکی اقدامات کو بھی اجاگر کیا جیسے کہ ’’نو یور میڈیسن‘‘ موبائل ایپلیکیشن، جو کھلاڑیوں کو ممنوعہ مادوں کے لیے ادویات کی تصدیق کرنے میں مدد کرتی ہے۔ آلودہ سپلیمنٹس کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے، انہوں نے کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے ممتاز اداروں میں جدید ٹیسٹنگ سہولیات کے قیام کا ذکر کیا۔

ٹیسٹنگ اور نفاذ میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے، ڈاکٹر مانڈویہ نے بتایا کہ ہندوستان نے اپنی اینٹی ڈوپنگ ٹیسٹنگ کو 2019 میں تقریباً 4,000 ٹیسٹ سے بڑھا کر گزشتہ سال تقریباً 8,000 ٹیسٹ کر دیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ ایڈورس اینالٹیکل فائنڈنگز  میں نمایاں کمی آئی ہے، جو 2019 میں 5.6 فیصد تھی اور اب 2 فیصد سے بھی کم رہ گئی ہے، جو کہ مسلسل آگاہی اور احتیاطی کوششوں کے نتائج کی عکاسی کرتی ہے۔

نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (ناڈا)انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل، جناب اننت کمار نے ہندوستان کی اینٹی ڈوپنگ کوششوں کے دائرۂ کار اور ارتقاء کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، ’’ہمارا ٹیسٹنگ پروگرام حالیہ برسوں میں نمایاں طور پر وسیع ہوا ہے، جس کے ساتھ ساتھ خطرے پر مبنی اور اثرات پر مبنی نقطۂ نظر کی طرف ایک اسٹریٹجک تبدیلی آئی ہے۔ تاہم، جیسا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں، اب صرف ٹیسٹنگ کافی نہیں ہے اور انضمام، انٹیلی جنس اور تعلیم کو ہمارے اینٹی ڈوپنگ فریم ورک میں بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے۔‘‘

مرکزی وزیر نے مزید بتایا کہ ہندوستان بڑھتے ہوئے مطالبات کو پورا کرنے اور قومی اینٹی ڈوپنگ فریم ورک کو مضبوط کرنے کے لیے واڈا سے منظور شدہ نئی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے قیام کی سمت میں کام کر رہا ہے۔

ہندوستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا کہ ’’کوئی بھی ایک ادارہ اکیلے ڈوپنگ کے چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتا،‘‘ اور حکومتوں، ریگولیٹرز اور کھیلوں کی تنظیموں کے درمیان مضبوط شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہندوستان نہ صرف کھیلوں میں مہارت کے لیے پرعزم ہے بلکہ دیانتداری کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے بھی کوشاں ہے،‘‘۔ انہوں نے اس کانفرنس کو ’’ہمارے اجتماعی عزم کا اظہار‘‘ قرار دیا جس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کھیل منصفانہ رہیں اور اپنی اقدار کے مطابق رہیں۔

پینل میں واڈا کے ڈائریکٹر، انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشنز جناب گنٹر ینگر اور انٹرپول  کے  جناب فرانسسکو پورٹیوگل بھی شامل تھے۔

******

ش ح۔ ک ح –ن ع

U.NO.5902

 


(ریلیز آئی ڈی: 2252612) وزیٹر کاؤنٹر : 12