کوئلے کی وزارت
وزارت کوئلہ 17.04.26 کو ممبئی میں کمرشل کوئلہ کانوں کی نیلامی کے 15ویں مرحلے کا آغاز اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا اہتمام کرے گی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 APR 2026 10:33AM by PIB Delhi
وزارت کوئلہ ’آتم نربھر بھارت: توانائی کے تحفظ کے لیے کوئلہ‘‘کے موضوع پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا اہتمام کرنے جا رہی ہے اور اس کے ساتھ ہی کمرشل کوئلہ کانوں کی نیلامی کے 15ویں مرحلے کا آغاز بھی 17 اپریل 2026 کو کیا جائے گا۔ ممبئی میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں وزارت کوئلہ میں سکریٹری جناب وکرم دیو دت بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ یہ اقدام ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور خود کفیل ملک کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے وزارت کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
کمرشل کوئلہ کانوں کی نیلامی کی شاندار کامیابی کی بنیاد پر وزارت کوئلہ ہندوستان کے توانائی کے ڈھانچے کو مزید مضبوط بنا رہی ہے، جس میں ترقی، کارکردگی اور خود انحصاری پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں 2020 میں کمرشل کوئلہ کان کنی کے آغاز کے بعد سے اس اقدام نے ملک میں کوئلے کی دستیابی میں نمایاں طور پر اضافہ کرنے کے ساتھ ملک کی توانائی کے تحفظ کو مزید مستحکم بنایا ہے۔
آئندہ 15واں مرحلہ اس ترقی کے سفر کو جاری رکھے گا، جس کے تحت کوئلہ کانیں انتہائی سادہ اور آسان شرائط پر پیش کی جائیں گی تاکہ کاروبار میں آسانی کو فروغ دیا جا سکے، مختلف سرمایہ کاری کو متوجہ کیا جا سکے، جس سے صنعت کی وسیع تر شرکت کی حوصلہ افزائی ہو۔ اس مرحلے میں مکمل طور پر دریافت شدہ اور جزوی طور پر دریافت شدہ کوئلہ بلاکس کا نیا مجموعہ پیش کیا جائے گا، جس میں تجربہ کار کان کنوں، نئے سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی پر مبنی اداروں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ یہ مرحلہ کوئلہ کے شعبے کو مزید متحرک بنانے کی توقع رکھتا ہے، جس سے ایک فعال اور مسابقتی ماحول پیدا ہوگا اور ساتھ ہی سرمایہ کاری میں اضافہ، روزگار کے مواقع کی تلاش اور مجموعی شعبہ جاتی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔
کمرشل کوئلہ کانوں کی نیلامی کے فریم ورک نے شفافیت کومتعارف کرواکر، مسابقت کو فروغ دے کر اور تمام شرکاء کے لیے یکساں مواقع فراہم کر کے کوئلہ کے شعبےمیں بڑی تبدیلی لائی ہے۔ اس نے ملکی صنعتوں کے لیے کوئلے کی دستیابی میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں درآمدات پر انحصار کم ہوا ہے اور آتم نربھر بھارت کے وژن کو تقویت ملی ہے۔
کمرشل کوئلہ کان کنی اقتصادی ترقی کے ایک اہم محرک کے طور پر بھی ابھری ہے، جس نے کوئلے کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے اور ملک بھر کی صنعتوں کے لیے مسلسل اور قابل اعتماد سپلائی کو یقینی بنایا ہے۔ آئندہ مرحلہ اسی مضبوط بنیاد پر استوار ہے، جو اس شعبے اور اس کے مستقبل کے امکانات پر اعتماد کو مزید مستحکم کرے گا۔
وزارت کوئلہ ملک کے لیے قابل اعتماد اور سستی توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس شعبے میں پائیدار ترقی، جدت اور طویل المدتی مضبوطی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
******
ش ح۔م ع ن۔ اش ق
U-NO.5886
(ریلیز آئی ڈی: 2252456)
وزیٹر کاؤنٹر : 22