ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
کونو نیشنل پارک میں ہندوستانی نژاد مادہ چیتا نے چار بچوں کو جنم دیا؛ ہندوستان میں چیتا کے تحفظ کے سفر میں ایک تاریخی لمحہ : جناب بھوپیندر یادو
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 APR 2026 5:26PM by PIB Delhi
ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے ہندوستان میں چیتوں کے تحفظ کی مہم میں ایک تاریخی سنگِ میل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش کے کونو نیشنل پارک میں ایک ہندوستان میں پیدا ہونے والی مادہ چیتا نے جنگل میں چار بچوں کو جنم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گامنی (کے جی پی بارہ) کی نسل سے تعلق رکھنے والی 25 ماہ کی مادہ چیتا—جو گامنی کی پہلی نسل کے دوسرے بچے کے طور پر جانی جاتی ہے—نے قدرتی ماحول میں چار بچوں کو جنم دیا۔
جناب بھوپیندر یادو نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں اس پیش رفت کو کونو نیشنل پارک اور ملک میں جنگلی حیات کے تحفظ کی کوششوں کے لیے ’’اہم سنگِ میل‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے زائد عرصے سے جنگل میں موجود اس ہندوستانی نژاد مادہ چیتا کا قدرتی حالات میں بچوں کو جنم دینا چیتوں کی بازآبادکاری کے پروگرام میں بڑی کامیابی ہے۔
مرکزی وزیر ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی جناب بھوپیندر یادو نے کہا کہ 2022 میں چیتوں کی باز آبادکاری کے آغاز کے بعد یہ جنگل میں پہلی بار ریکارڈ ہونے والی پیدائش ہے، اور خاص طور پر یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان میں پیدا ہونے والی مادہ چیتا نے قدرتی ماحول میں بچوں کو جنم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت اس منصوبے کے بنیادی مقاصد—یعنی ہندوستان میں قدرتی حالات میں چیتے کی بقا اور افزائش—کے حصول کی جانب ایک بڑی کامیابی ہے۔
جناب بھوپیندر یادو نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ چیتے ہندوستانی ماحولیاتی حالات سے ہم آہنگ ہو رہے ہیں اور کونو نیشنل پارک میں مسلسل تحفظ اور سائنسی انتظامی کوششیں کامیاب ثابت ہو رہی ہیں۔
مرکزی وزیر نے چیتا تحفظ پروگرام سے وابستہ جنگلی حیات کے منتظمین، ویٹرنری ماہرین اور فیلڈ اسٹاف کی لگن اور انتھک محنت کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس پیش رفت کو قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے اس منصوبے سے وابستہ تمام افراد کو دلی مبارکباد پیش کی۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 5728)
(ریلیز آئی ڈی: 2251170)
وزیٹر کاؤنٹر : 18