نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
مرکزی وزیر کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ کی دولتِ مشترکہ اسپورٹ کے صدر ڈاکٹر ڈونلڈ روکارے سے ملاقات، سی ڈبلیو جی 2030 کے لیے ہندوستان کے وژن کا اعادہ
’’ہندوستان کھیلوں کی دنیا کا بھرپور رنگوں اور ثقافتی تنوع کے ساتھ خیرمقدم کرنے کے لیے تیار ہے، دولتِ مشترکہ کی صد سالہ تقریبات ایک یادگار لمحہ ہوں گی،‘‘ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ
دولتِ مشترکہ کھیلوں کی فیڈریشن کے صدر نے کھیلوں کو قومی ترقی کے ایجنڈے کا ایک اہم ستون بنانے پر وزیراعظم مودی کی تعریف کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 APR 2026 7:57PM by PIB Delhi
نوجوانوں کے امور و کھیل کود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے آج دولتِ مشترکہ اسپورٹ کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی، جس میں 2030 کے دولتِ مشترکہ کھیلوں کو عالمی معیار، کھلاڑیوں پر مرکوز اور پائیدار انداز میں منعقد کرنے کے لیے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے دولتِ مشترکہ اسپورٹ کے وفد کا ہندوستان کو 2030 گیمز کی میزبانی کے لیے منتخب کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا، ’’ملک میں ان کھیلوں کی کامیاب میزبانی کے لیے زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے، اور ہندوستان پوری دنیا کے کھلاڑیوں کا اپنی ثقافتی رنگا رنگی کے ساتھ خیرمقدم کرنے کے لیے تیار ہے۔ دولتِ مشترکہ کی صد سالہ تقریبات ایک یادگار موقع ہوں گی۔‘‘
وزیر موصوف نے وفد کو کھیلو انڈیا گیمز کے دائرہ کار میں توسیع کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ اس کے تحت مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں خواتین کے لیے اسمیتا لیگس اور کھیلو انڈیا قبائلی گیمز شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہند دولتِ مشترکہ گیمز کا پیغام ملک کے مختلف حصوں تک پہنچا رہی ہے اور نوجوانوں و کھلاڑیوں کے ذریعے جامعات اور کالجوں میں اس حوالے سے بیداری پیدا کی جا رہی ہے۔
دولتِ مشترکہ اسپورٹ کے صدر ڈونلڈ روکارے کی قیادت میں آئے وفد نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کھیلوں کو قومی ترقی کے ایجنڈے کا اہم ستون بنایا ہے۔
وفد میں کیٹی سیڈلیر، ڈیرن ہال، این لوئز مورگن اور نیل کارنی بھی شامل تھے۔
میٹنگ میں تیاریوں، ہم آہنگی کے نظام اور ٹائم لائنز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ گیمز کا انعقاد مؤثر انداز میں یقینی بنایا جا سکے، اور دونوں فریقوں نے آئندہ کے لیے روڈ میپ اور اہم اہداف پر اتفاق کیا۔
ہندوستان نے دولتِ مشترکہ گیمز 2030 کے لیے اپنا وژن پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب کھلاڑیوں پر مرکوز ہوگی، عالمی معیار کے مقابلوں اور کھلاڑیوں کی فلاح کو یقینی بنائے گا، ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار ہوگا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے مؤثر انداز میں منعقد کیا جائے گا۔
میٹنگ کے دوران ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے احمد آباد کے مضبوط بنیادی ڈھانچے، بہتر رابطہ نظام اور ادارہ جاتی تعاون کو بھی گیمز کی میزبانی کے لیے اہم خصوصیات قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کے طویل مدتی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسپورٹس انفراسٹرکچر کی پائیدار تعمیر اور ملک بھر میں نچلی سطح پر کھیلوں میں شرکت بڑھانے پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔
M7ZJ.jpeg)

************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :5700 )
(ریلیز آئی ڈی: 2251010)
وزیٹر کاؤنٹر : 9