نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
جموں و کشمیر سے آئے نوجوانوں کے وفد نے نائب صدر جمہوریہ سے ملاقات کی
’وطن کو جانو‘ پہل قدمی قومی یکجہتی کو مضبوطی فراہم کر رہی ہے: نائب صدر جمہوریہ
تعلیم اور سماجی تبدیلی میں قائدانہ کردار ادا کرنے والی خواتین جموں و کشمیر میں تغیر کی عکاسی کرتی ہیں: نائب صدر جمہوریہ
جموں و کشمیر کی رنجی ٹرافی فتح سے نوجوانوں کی قوت اور پیشرفت کا اظہار ہوتا ہے: نائب صدر جمہوریہ
’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو نوجوانوں کے باہم تبادلے سے تقویت حاصل ہوئی: نائب صدر جمہوریہ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 APR 2026 7:06PM by PIB Delhi
وزارت داخلہ کے زیر اہتمام ’وطن کو جانو‘ پروگرام میں شرکت کرنے والے جموں و کشمیر کے 250 نوجوان اراکین پر مشتمل ایک وفد نے نائب صدر جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن سے، آج نئی دہلی میں اُپ راشٹرپتی بھون میں ملاقات کی۔
'وطن کو جانو' پروگرام وزارت داخلہ اور جموں و کشمیر کی حکومت کی جانب سے کی گئی ایک پہل قدمی ہے، جس کا مقصد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو ہندوستان کے مختلف حصوں کو تلاش کرنے کا موقع فراہم کرکے قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ انہیں جموں و کشمیر کے ایسے فعال، باصلاحیت اور پرعزم نوجوان اذہان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔ کشمیر یونیورسٹی کے کانووکیشن کی تقریب کے لیے گزشتہ ماہ سری نگر کے اپنے دورے کو یاد کرتے ہوئے، انہوں نے جموں و کشمیر میں خواتین کی ترقی اور اختیاردہی میں نمایاں پیش رفت ملاحظہ کرنے کے بارے میں بات کی۔
نائب صدر جمہوریہ نے پہلی مرتبہ رنجی ٹرافی خطاب جیتنے والی جموں و کشمیر کی کرکٹ ٹیم کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم میں خواتین کی قیادت اور نوجوان کرکٹرز کی اس طرح کی کھیلوں کی کامیابیاں مل کر اس ترقی پسند سمت کی عکاسی کرتی ہیں جس میں جموں و کشمیر کے نوجوان مستقبل کی تشکیل کر رہے ہیں۔
’وطن کو جانو‘ پروگرام کے لیے وزارت داخلہ کی ستائش کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اس طرح کی پہل قدمیاں نوجوانوں کو نہ صرف ایک ساجھا قومی شناخت سے جڑنے میں مدد کرتی ہیں بلکہ ’’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘‘ کو جذبے کو فروغ دیتے ہوئے خود اعتماد، بیداری اور امنگ پیدا کرنے میں بھی مدد کرتی ہیں۔
جموں و کشمیر کو غیر معمولی قدرتی خوبصورتی اور بھرپور ثقافت کی سرزمین کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک عالمی سیاحتی مقام بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے جیسے تعلیم، تکنالوجی، سیاحت اور کاروبار میں مواقع میں اضافہ ہو رہا ہے، ہر نوجوان کے پاس پرامن، خوشحال اور جامع مستقبل کا معمار بننے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں، اپنی جڑوں سے جڑے رہیں اور جموں و کشمیر کو ملک کے لیے ہم آہنگی، ترقی اور تحریک کی علامت بنانے کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں۔
نائب صدر جمہوریہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر کے طلباء سول سروسز، آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم کے داخلہ امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایک صحت مند نوجوان ایک مضبوط اور ترقی پسند قوم کی بنیاد ہے، انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ منشیات سے دور رہیں اور اپنے ساتھیوں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں۔
اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے نوجوان شرکاء سے زور دیا کہ وہ نمایاں ہوں، خود پر یقین رکھیں، اور وکست اور آتم نربھر بھارت کی تعمیر میں اپنا تعاون دینے میں فخر محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ وکست بھارت کا ہدف تبھی حاصل کیا جا سکتا ہے جب ہر ریاست ترقی یافتہ ہو۔
اس میٹنگ کے دوران مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ بھی موجود تھے۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں گذشتہ دہائی کے دوران جموں و کشمیر کے ترقیاتی تغیر کا ذکر کیا۔ انہوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی امنگیں جاگ چکی ہیں، اور متعدد نوجوان مختلف میدانوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:5643
(ریلیز آئی ڈی: 2250586)
وزیٹر کاؤنٹر : 17