نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر نے بہار کے شہر موتیہاری میں مہاتما گاندھی سینٹرل یونیورسٹی کے تیسرے کنووکیشن سے خطاب کیا
’’قوم کو مقدم رکھنے‘‘ کو اپنے رہنما اصل پر اختیار کرنے کی طلبہ کو نائب صدر کی صلاح
بہار عظیم افکار اور انقلابی تحریکوں کی سرزمین: نائب صدر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 APR 2026 3:01PM by PIB Delhi
ہندوستان کے نائب صدر جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے آج بہار کے ضلع مشرقی چمپارن کے شہر موتیہاری میں واقع مہاتما گاندھی سینٹرل یونیورسٹی کے تیسرے جلسۂ تقسیمِ اسناد سے خطاب کیا۔
نائب صدر نے کہا کہ چمپارن کو ہندوستان کی تاریخ میں ایک منفرد مقام حاصل ہے، کیونکہ یہی وہ جگہ ہے جہاں مہاتما گاندھی ایک بیرسٹر سے بدل کر دیہی ہندوستان سے جڑے ایک عوامی رہنما بنے اور چمپارن ستیہ گرہ نے سچائی، حوصلے اور انصاف کے ذریعے قوم کے ضمیر کو بیدار کیا۔
بہار کی شاندار علمی اور روحانی وراثت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ اسی مقدس سرزمین پر گوتم بدھ کو معرفت (روشن خیالی) حاصل ہوئی، جہاں قدیم نالندہ یونیورسٹی عالمی تعلیم کا ایک روشن مینار تھی، جہاں چانکیہ جیسے عظیم مفکر پیدا ہوئے۔
نائب صدر نے کہا کہ مہاتما گاندھی سینٹرل یونیورسٹی کا نام رکھنا گہری علامتی اہمیت رکھتا ہے، جو گاندھی جی کے سماجی انصاف، دیہی ترقی اور اخلاقی قیادت کے نظریات سے وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مہارانی جانکی کنور کی خدمات کو بھی یاد کیا، جن کی فیاضی اور زمین کے عطیے نے اس خطے میں تعلیمی اداروں کے قیام میں اہم کردار ادا کیا اور کہا کہ ایسی دور اندیش سخاوت تعلیم اور سماجی ترقی کی بنیاد کو مضبوط بناتی ہے۔
نائب صدر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کو نافذ کیا ہے اور نئے مربوط کورسز متعارف کرائے ہیں۔ انہوں نے انڈین نالج سسٹمز سینٹر کے قیام اور فٹ انڈیا مہم کے تحت کھیلوں اور صحت پر یونیورسٹی کی توجہ کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر بھی مسرت ظاہر کی کہ گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ دونوں پروگراموں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں طالبات سرفہرست ہیں، جسے انہوں نے ملک میں خواتین کی قیادت میں ترقی کی علامت قرار دیا۔
فارغ التحصیل طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ جلسۂ تقسیمِ اسناد تعلیم کا اختتام نہیں بلکہ سیکھنے کے ایک طویل سفر کا آغاز ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں، جہاں ٹیکنالوجی مرکزی کردار ادا کر رہی ہے، مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنس جیسے شعبے جدت اور ترقی کے نئے مواقع فراہم کر رہے ہیں اور طلبہ کو تلقین کی کہ وہ ٹیکنالوجی کو ذمہ داری کے ساتھ قوم کی تعمیر کے لیے استعمال کریں۔
نائب صدر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ’’قوم سب سے پہلے‘‘ کے رہنما اصول کو اختیار کریں اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے استعمال کے خلاف مضبوط موقف اختیار کریں اور ایک صحت مند اور مضبوط معاشرے کی تعمیر کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں گاندھی جی کا عدم تشدد کا اصول انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ نہ صرف ہمارے اعمال بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں ہمارے رویّے کی بھی رہنمائی کرے۔
اس موقع پر بہار کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عطا حسنین، راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین جناب ہری ونش، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ جناب سمرت چودھری، مرکزی وزیر مملکت برائے کوئلہ و کانکنی جناب ستیش چندر دوبے، بہار کے وزیر تعلیم جناب سنیل کمار، مشرقی چمپارن کے رکن پارلیمنٹ جناب رادھا موہن سنگھ، یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر مہیش شرما، نیز یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام، اساتذہ، طلبہ اور ان کے والدین موجود تھے۔
نائب صدر نے موتیہاری میں چرخہ پارک اور مہاتما گاندھی ستیہ گرہ اسمارک کا بھی دورہ کیا اور پھولوں کی چادر چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے چمپارن ستیہ گرہ کے دوران مہاتما گاندھی کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے سچائی، عدم تشدد اور خدمتِ وطن کے پائیدار پیغام کو یاد کیا۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-5388
(ریلیز آئی ڈی: 2248976)
وزیٹر کاؤنٹر : 36