سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ’’سینٹرل فوڈ ٹیکنالوجی اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ‘‘ (سی ایف ٹی آر آئی) میسورو میں بایو نیسٹ کا افتتاح کیا، فوڈ اسٹارٹ اپس پر توجہ مرکوز
سی ایف ٹی آر آئی نے نئی مفاہمت ناموں (ایم او یو ایس)، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی)کے تحت مصنوعات کے آغاز اور صنعتی شراکت داریوں کے ذریعے اپنے انکیوبیشن دائرہ کار کو وسعت دی
ہندوستان کا انکیوبیشن ماحولیاتی نظام لیبارٹری تحقیق کو تجارتی استعمال سے مربوط کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا
وزیر موصوف نے فوڈ انوویشن کے شعبے کو وسعت دینے کے لیے تحقیق اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط پر زور دیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 APR 2026 2:07PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ’’سینٹرل فوڈ ٹیکنالوجی اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ‘‘ (سی ایف ٹی آر آئی) میں بی آئی آر اے سی بایو نیسٹ انکیوبیشن سینٹر کا افتتاح کیا اور اسٹارٹ اپس کی جانب سے تیار کردہ ٹیکنالوجیز اور مصنوعات کی نمائش کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس ادارے کے انکیوبیشن ماحولیاتی نظام کو لیبارٹری تحقیق اور تجارتی استعمال کے درمیان ایک اہم پل کے طور پر پیش کیا۔
جدید طرز پر ڈیزائن کیے گئے اس بایو نیسٹ انکیوبیشن سینٹر میں مخصوص انکیوبیشن سوئٹس اور مشترکہ بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ فوڈ اسٹارٹ اپس کو فروغ دے گا، اعلیٰ تحقیق کی معاونت کرے گا، اسکیل اپ ویلیڈیشن اور ریگولیٹری سہولت فراہم کرے گا، خاص طور پر فوڈ بایو پروسیسنگ اور بایوٹیکنالوجی کے شعبوں میں، جس سے سائنسی خیالات کو مارکیٹ کے لیے تیار حل میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
مارچ 2026 تک، بایو نیسٹ سہولت نے 26 اسٹارٹ اپس کی معاونت کی ہے، جن میں فزیکل اور ہائبرڈ انکیوبیٹس کے ساتھ ساتھ گریجویٹڈ وینچرز بھی شامل ہیں — جن میں سے کئی نے پہلے ہی اپنی مصنوعات کی کمرشلائزیشن حاصل کر لی ہے۔ انکیوبیٹڈ کمپنیوں نے مجموعی طور پر 12 پیٹنٹس دائر کیے ہیں اور تحقیقی اشاعتوں میں بھی تعاون کیا ہے، جو مارکیٹ سے ہم آہنگ اختراعات پر بڑھتے ہوئے زور کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ اسٹارٹ اپس ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے نیوٹراسیوٹیکلز، پریسیژن فرمنٹیشن، پروبایوٹکس اور پوسٹ بایوٹکس، سی آر آئی ایس پی آرپر مبنی ٹیکنالوجیز اور نباتاتی مصنوعات میں کام کر رہے ہیں، جو فوڈ اور بایوٹیکنالوجی کے شعبوں میں اعلیٰ قدر اور سائنسی بنیاد پر مبنی رجحان کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
کاروباری افراد اور دیگر متعلقہ فریقین سے گفتگو کے دوران، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ کاروبار شروع کرنا اب آسان ہو گیا ہے، لیکن اسے برقرار رکھنے کے لیے مسلسل قدر میں اضافہ، مارکیٹ تک رسائی اور صنعت کے ساتھ مضبوط روابط ضروری ہیں۔ انہوں نے تحقیقاتی اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مزید گہرے تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور اختراع کو صارفین کی مانگ کے مطابق ڈھالنے کی اہمیت کو اجاگر کیا، خاص طور پر ریڈی ٹو ایٹ اور سہولت بخش خوراک کے شعبوں میں۔
وزیرموصوف نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نجی شعبے کی شرکت کو بڑھانے کے لیے حکومت کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی، اور تحقیق، ترقی اور اختراع کو تیز کرنے کے لیے نئے فنڈنگ میکانزم اور ادارہ جاتی معاونت کے فریم ورک کا ذکر کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ سائنسی اداروں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور متعلقہ مواصلاتی حکمت عملیوں کے ذریعے اپنی رسائی بڑھانی چاہیے تاکہ ٹیکنالوجیز کے بارے میں آگاہی اور ان کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے، نیز بایوٹیکنالوجی، خلائی شعبے اور خصوصی غذائیت جیسے شعبوں کے درمیان ہم آہنگی کو بھی فروغ دینا چاہیے۔
اس موقع پر چار مفاہمت ناموں (ایم او یو ایس)پر دستخط بھی کیے گئے اورسی ایف ٹی آر آئی میں تیار کردہ دو مصنوعات کا آغاز کیا گیا، جو صنعت کے ساتھ مسلسل شمولیت اور اندرونِ ادارہ تیار کردہ ٹیکنالوجیز کی کمرشلائزیشن کی عکاسی کرتا ہے۔ حکام کے مطابق، اس طرح کے اشتراکات اختراعات کو وسعت دینے اور مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائززایم ایس ایم ایز کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔
ادارے کے 75ویں سال کے موقع پر اس کی تحقیقی وراثت اور تکنیکی خدمات کو دستاویزی شکل دینے والی کئی اشاعتیں بھی جاری کی گئیں، جن میں ایک کافی ٹیبل بک، تحقیق و ترقی کی کامیابیوں کا مجموعہ، تصویری سفر اور روایتی تراکیب کا مجموعہ شامل ہیں۔ اس سنگ میل کی یاد میں ایک یادگاری پوسٹل کور اور تصویری پوسٹ کارڈ بھی جاری کیا گیا۔
نمائش نے ادارے کے لیب سے مارکیٹ تک کے عمل کی عملی جھلک پیش کی، جس میں سی ایف ٹی آر آئی اور اس کے لائسنس یافتگان کی جانب سے تیار کردہ ٹیکنالوجیز، پراسیسڈ فوڈ مصنوعات اور اسٹارٹ اپ اختراعات کو پیش کیا گیا۔ 450 سے زائد ٹیکنالوجیز تیار کر کے ہزاروں لائسنس یافتگان کو منتقل کرنے کے ساتھ، یہ ادارہ فوڈ ریسرچ، صنعتی تعاون اور انٹرپرائز ڈیولپمنٹ کا ایک اہم قومی مرکز بن چکا ہے۔
حکام نے بتایا کہ بایو نیسٹ ماحولیاتی نظام تیزی سے قومی اور بین الاقوامی توجہ حاصل کر رہا ہے، جہاں اسٹارٹ اپس عالمی پروگرامز میں شرکت کر رہے ہیں، کمرشل کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کر رہے ہیں، جبکہ دفاع جیسے کلیدی شعبوں سے بھی خصوصی غذائی اطلاق کے لیے دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے۔
مجموعی طور پر یہ پیش رفت ایک تحقیق پر مبنی نقطۂ نظر سے مارکیٹ سے منسلک فوڈ انوویشن ماحولیاتی نظام کی جانب منتقلی کی نشاندہی کرتی ہے، جہاں سی ایس آئی آر- سی ایف ٹی آر آئی خود کو ایک مربوط پلیٹ فارم کے طور پر پیش کر رہا ہے جو سائنسی تحقیق، انکیوبیشن معاونت اور صنعتی اشتراک کو یکجا کرتے ہوئے بھارت کے فوڈ پروسیسنگ سیکٹر کی ترقی کے سلسلے کو آگے بڑھا رہا ہے۔
***
ش ح-ا ع خ ۔ر ا
U-No- 5385
(ریلیز آئی ڈی: 2248958)
وزیٹر کاؤنٹر : 17