قبائیلی امور کی وزارت
بھارت ٹرائبز فیسٹ 2026 میں منعقدہ ’ون دھن کنکلیو‘ پائیدار قبائلی ذریعۂ معاش کے لیے حکومت کے عزم کا مظہر
وزیر مملکت جناب درگاداس اوئیکے نے کنکلیو کا افتتاح کیا، دستکاروں سے بات چیت کی اور جنگلات کی معمولی پیداوار کی قدر میں اضافے پر زور دیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
29 MAR 2026 8:24PM by PIB Delhi
قبائلی امور کے مرکزی وزیر مملکت جناب درگاداس اوئیکے نے آج نئی دہلی کے سندر نرسری میں ‘قبائلی بھارت کے لیے پائیدار ذریعۂ معاش’ کے موضوع پر منعقدہ ون دھن کنکلیو کا افتتاح کیا۔ یہ تقریب جاری بھارت ٹرائبز فیسٹ 2026 کے ایک حصے کے طور پر منعقد کی گئی۔ اس کنکلیو کا اہتمام قبائلی امور کی وزارت کے تحت ٹرائیفیڈ کی جانب سے کیا گیا تھا۔

اس موقع پر وزیر موصوف نے بھارت ٹرائبز فیسٹ بازار میں مختلف اسٹالز کا مشاہدہ کیا اور قبائلی دستکاروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے ان کی فنی مہارت اور دستکاری کی تعریف کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بھارت کے مالامال قبائلی ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے اپنی مصنوعات کی مارکیٹ میں رسائی کو مزید وسعت دیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب اوئیکے نے کہا کہ عزت مآب وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت پائیدار ذرائع معاش، انٹرپرینیورشپ کے فروغ اور جنگلات کی معمولی پیداوار کی قدر میں اضافے کے ذریعے قبائلی برادریوں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’ون دھن‘ اقدام قبائلی برادریوں کی آمدنی میں اضافے اور مارکیٹ کے ساتھ ان کے روابط کو مضبوط بنانے میں کلیدی ثابت ہوا ہے۔

افتتاحی سیشن میں مینیجنگ ڈائریکٹر ٹرائیفیڈ جناب ایم راجامورگن (آئی پی ایس) نے افتتاحی کلمات ادا کیے، قبائلی امور کی وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری جناب منیش ٹھاکر نے کلیدی خطبہ دیا اور پدم شری ایوارڈ یافتہ جناب چیت رام دیو چند پوار نے اپنے بصیرت افروز خیالات کا اظہار کیا۔ اس کنکلیو نے پالیسی سازوں، ماہرین، ماہرینِ تعلیم اور قبائلی کاروباری افراد کو قبائلی ذریعۂ معاش کو مضبوط بنانے پر غور و خوض کے لیے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔
جناب منیش ٹھاکر نے پائیدار ذریعۂ معاش کے ماحولیاتی نظام کی تعمیر میں جدت طرازی ، ہم آہنگی اور مارکیٹ کے انضمام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پدم شری چیت رام دیو چند پوار نے صلاحیت سازی، روایتی علمی نظام کے تحفظ اور دوبارہ استعمال و ری سائیکلنگ جیسے پائیدار طریقوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
کنکلیو میں درج ذیل چار موضوعاتی سیشنز شامل تھے:
- کمیونٹی کی شمولیت اور نچلی سطح کے حل
- قانونی ڈھانچے اور آپریشنل چیلنجز
- ون دھن وکاس کیندر (وی ڈی وی کے) ویلیو چینز کی مضبوطی
- ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی میں توسیع
اس تقریب میں مرکزی وزارتوں، ریاستی حکومتوں، ون دھن وکاس کیندروں (وی دی وی کے)، نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز، این جی اوز اور بین الاقوامی تنظیموں نے شرکت کی، جس سے معلومات کے تبادلے اور باہمی تعاون کو فروغ ملا۔

ٹرائیفیڈ جنگلات کی معمولی پیداوار اور قبائلی مصنوعات کی تجارت کو فروغ دے کر قبائلی برادریوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ پردھان منتری جنجاتیہ وکاس مشن (پی ایم جے وی ایم) کے تحت، ملک بھر میں 4,172 ون دھن وکاس کیندروں (وی ڈی وی کے) کی منظوری دی گئی ہے، جن سے 12.48 لاکھ سے زائد قبائلی اراکین مستفید ہو رہے ہیں۔ مزید برآں، پی ایم جن من اسکیم کے تحت، خاص طور پر کمزور قبائلی گروہوں(پی وی ٹی جی) کے لیے 540 ون دھن وکاس کیندر منظور کیے گئے ہیں، جن سے تقریباً 0.46 لاکھ اراکین کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
ون دھن کنکلیو نے قبائلی ذریعۂ معاش کو مضبوط بنانے اور قبائلی مینوفیکچررز کو ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کے ساتھ جوڑ کر جامع اور پائیدار ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبائلی امور کی وزارت اور ٹرائیفیڈ نے ان اقدامات کے ذریعے قبائلی برادریوں کو بااختیار بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا جو پائیدار ذریعۂ معاش کو فروغ دیتے ہیں، روایتی علم کو محفوظ رکھتے ہیں اور مارکیٹ کے روابط کو بہتر بناتے ہیں۔
شائقین کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ بھارت ٹرائبز فیسٹ 2026 میں شرکت کریں، جو 5 اپریل 2026 تک جاری رہے گا اور قبائلی بھارت کی متحرک ثقافت اور کاروباری صلاحیتوں کا مشاہدہ کریں۔
******
ش ح۔ک ح۔ ش ا
U. No. 5100
(ریلیز آئی ڈی: 2246786)
وزیٹر کاؤنٹر : 11