صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
سنٹرل پاور انجینئرنگ سروس اور انڈین اکنامک سروس کے افسران کی صدرِ جمہوریہ سے ملاقات
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 MAR 2026 1:10PM by PIB Delhi
سنٹرل پاور انجینئرنگ سروس اور انڈین اکنامک سروس کے افسران نے آج (27 مارچ 2026) راشٹرپتی بھون میں صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔

صدرِ جمہوریہ ہند نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کی ترقی کے محاذ پر کھڑے ہیں اور ان کے فیصلے ایک مضبوط اور خود کفیل بھارت کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوں گے۔ وہ ایسی پالیسیوں کی تشکیل اور اصلاحات کے نفاذ میں اہم کردار ادا کریں گے جو جامع اور پائیدار ترقی کو فروغ دیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ لگن اور جذبے کے ساتھ کام کریں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان کے سفر میں کئی چیلنجز آئیں گے، لیکن یہ چیلنجز ملک کی تعمیر میں مؤثر انداز میں حصہ ڈالنے کے عظیم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ افسران کو ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں لگن، جدت پسندی اور سیکھنے کے مستقل جذبے کے ساتھ ادا کرنی چاہئیں۔

صدرِجمہوریہ ہند نے سنٹرل پاور انجینئرنگ سروس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی صنعتی ترقی، جدت طرازی، معیارِ زندگی میں بہتری اور ملک کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے اصل محرک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل پاور انجینئرنگ سروس بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے شعبوں میں منصوبہ بندی اور ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور ساتھ ہی توانائی کے نظام کے معیار، اعتماد اور حفاظت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ مضبوط انجینئرنگ کے اصولوں اور جدید حل کے ذریعے ملک کے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں سنٹرل پاور انجینئرنگ سروس افسران کا رول انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔

صدرِ جمہوریہ ہند نے انڈین اکنامک سروس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی اور ملکی ماحول میں عوامی خدمت میں اقتصادی منصوبہ بندی اور اس کے نفاذ کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈین اکنامک سروس افسران کا کردار پائیدار ترقی کو یقینی بنانے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے، روزگار کے مواقع بڑھانے، عدم مساوات کم کرنے اور پیچیدہ معاشی ماحول میں معیشت کو رفتار دینے میں نہایت اہم ہوگا۔ محترمہ مرمو نے افسران کو مشورہ دیا کہ وہ ہمیشہ یاد رکھیں کہ ہر شماریات کے پیچھے ایک انسانی کہانی چھپی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی پالیسی کی اصل پیمائش صرف اعداد و شمار میں نہیں، بلکہ اس کے نتائج میں ہوتی ہے۔ یہ پالیسی لوگوں کی زندگی کو بہتر بنائے، خاص طور پر سب سے زیادہ کمزور افراد کی زندگی کو۔

Please click here to see the President's Speech-
********
ش ح۔ م ع۔م الف
U. No.4999
(ریلیز آئی ڈی: 2246048)
وزیٹر کاؤنٹر : 20