بھارتی چناؤ کمیشن
انتخابی کمیشن نے ہاوڑہ میں بڑے پیمانے پر منظم انداز میں ووٹروں کو معلومات فرہم کرنے اور انتخابی عمل میں شرکت (ایس وی ای ای پی ) کیلئے رسائی پروگرام “چناؤ کا پرو، پشچم بنگال کا گرو” کا انعقاد کیا
مغربی بنگال میں 2026 کے ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل ووٹر آگاہی مہم میں تیزی
آسام، کیرالا، پڈوچیری اور تمل ناڈو میں بھی ایس وی ای ای پی مہم زور وں پر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 MAR 2026 1:36PM by PIB Delhi
- آسام، کیرالا، پڈوچیری، تمل ناڈو اور مغربی بنگال میں جاری اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر، انتخابی کمیشن نے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرز (ڈی ای اوز) کے دفاتر کے ساتھ مل کر ان ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں ووٹر آگاہی کی ریاست گیر سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے، جن کا مقصد جمہوریت کے اس تہوار کو خوشگوار اور پُرامن ماحول میں منانا ہے۔
- ان اقدامات کے تحت آج ہاوڑہ میں بڑے پیمانے پر منظم انداز میں ووٹروں کو معلومات فرہم کرنے اور انتخابی عمل میں شرکت (ایس وی ای ای پی ) کیلئے رسائی پروگرام کے تحت ایک بڑا عوامی آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا، جبکہ مغربی بنگال کے تمام اضلاع میں بھی اسی نوعیت کی سرگرمیاں جاری رہیں۔ ان پروگراموں کا مقصد عوام کو جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کی ترغیب دینا اور آزادانہ، منصفانہ اور جشن کے انداز میں ووٹنگ کو فروغ دینا ہے۔
- ضلع ہاوڑہ میں اس تقریب کا آغاز ایک سائیکلوتھون سے ہوا، جس میں اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ، پہلی بار ووٹ ڈالنے والے نوجوانوں، اور انتخابی کمیشن، سی ای او آفس، پولیس کمشنریٹ (سی پی)، ضلع انتخابی آفیسر(ڈی ای او) اور دیگر محکموں کے اہلکاروں نے بڑی تعداد میں پُرجوش شرکت کی۔ یہ ریلی صبح 7 بجے ہاوڑہ برج چیک پوسٹ سے روانہ ہوئی، ریلوے میوزیم سے ہوتی ہوئی رام کرشن پور فیری گھاٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔اس کے بعد ثقافتی پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں لوک گیت، رقص اور ڈراموں کے ذریعے ووٹنگ کی اہمیت اور انتخابی عمل کے تہوار کا پیغام عام کیا گیا۔ اس کے علاوہ ووٹر آگاہی کے مزید اقدامات بھی شروع کیے گئے، جن میں ایک خصوصی آگاہی کشتی سروس بھی شامل ہے۔
- تقریب کی بڑی توجہ کا مرکز معروف متحرک کردار چھوٹا بھیم اور چُٹکی کی موجودگی تھی، جنہوں نے اس پروگرام میں شرکت کر کے خاص طور پر نوجوانوں اور پہلی بار ووٹ ڈالنے والوں میں ووٹر آگاہی کا پیغام عام کیا۔
- ان اقدامات کا مقصد ووٹ کی اہمیت کے بارے میں رائے دہندگان کو تعلیم دینا اور آگاہ کرنا ہے، نیز انہیں ضروری معلومات فراہم کرنا بھی شامل ہے، جیسے اپنے پولنگ مرکز کا پتہ کیسے لگایا جائے اور ووٹنگ کے دن کے اوقات کیا ہوں گے۔ ان کوششوں کا ہدف ووٹنگ کی شرح میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا ہے، خاص طور پر شہری ووٹرز، خواتین، معذور رائے دہندگان، نوجوانوں اور پہلی بار ووٹ ڈالنے والوں کے درمیان، نیز عام شہریوں اور دیگر متعلقہ فریقوں میں شعور کو مضبوط بنانا بھی اس کا حصہ ہے۔
- ان سرگرمیوں میں مغربی بنگال کی بھرپور ثقافتی وراثت کو بھی نمایاں طور پر شامل کیا جائے گا، جس میں کالی گھاٹ مصوری، پٹّا چِترا فن، چھاؤ رقص، جاترا تھیٹر اور باؤل لوک روایتیں شامل ہیں، تاکہ ووٹر آگاہی کے پیغام کو زیادہ مؤثر اور دلکش انداز میں پیش کیا جا سکے۔
- ان اقدامات کے ذریعے انتخابی کمیشن کی جانب سے متعارف کرائے گئے حالیہ اصلاحی اقدامات کو بھی اجاگر کیا جائے گا، جن کا مقصد ووٹنگ کے عمل کو مزید آسان بنانا اور انتخابی نظام کی شفافیت اور دیانت داری کو مضبوط کرنا ہے۔ ان میں پولنگ مراکز کے باہر موبائل جمع کرانے کی سہولت، ای سی آئی نیٹ ایپ، سو فیصد ویب کاسٹنگ، بہتر ووٹر معلوماتی پرچیاں اور دیگر سہولت بخش اقدامات شامل ہیں۔
- پہلی بار اور نوجوان ووٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے ریاست بھر کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں انتخابی خواندگی کلب قائم کیے جائیں گے، جو طلبہ میں ووٹر آگاہی کو فروغ دیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک مؤثر اور متحرک سوشل میڈیا مہم بھی چلائی جائے گی، جس کے ذریعے ریاست کی ثقافت کی جھلکیوں کو استعمال کرتے ہوئے نوجوانوں کو آگاہ اور متحرک کیا جائے گا۔
- سرکاری محکموں اور کارپوریٹ اداروں کے ساتھ اشتراک سے بھی آگاہی مہم کو مزید وسعت دی جائے گی۔
- ان تمام اقدامات کا مقصد یہ ہے کہ انتخابی عمل میں تمام متعلقہ فریقوں کی شرکت خوف سے پاک، ترغیب یا دباؤ سے آزاد اور مکمل معلومات پر مبنی ہو۔ یہ ایس وی ای ای پی سرگرمیاں “چناؤ کاپرو، پشچم بنگال کا گرو” کے مرکزی عنوان کے تحت منعقد کی جا رہی ہیں۔
********
ش ح۔ م ع۔م الف
U. No.4997
(ریلیز آئی ڈی: 2246028)
وزیٹر کاؤنٹر : 15