سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

این ایچ اے آئی نے موسمِ گرما انٹرن شپ پروگرام 2026 کے لیے درخواستیں طلب کیں


 موسمِ گرما انٹرن شپ پروگرام کو مختلف شعبوں تک وسعت دے کر طلبہ کی شرکت میں اضافہ کیا گیا

طلبہ تفصیلات دیکھ کر 15 اپریل 2026 تک این ایچ اے آئی انٹرن شپ پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 MAR 2026 3:25PM by PIB Delhi

قومی شاہراہ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مستقبل کے ماہرین تیار کرنے کے مقصد سے این ایچ اے آئی نے دو ماہ کے موسمِ گرما انٹرن شپ پروگرام 2026 کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ یہ پروگرام مئی سے جولائی 2026 کے درمیان منعقد ہوگا اور این ایچ اے آئی کے سرمائی انٹرن شپ پروگرام اور جاری چھ ماہ کے انٹرن شپ پروگرام کی کامیابی کو آگے بڑھاتا ہے، جس کا مقصد طلبہ کو ملک کے سب سے بڑے قومی شاہراہ ترقیاتی نظام میں عملی تجربہ فراہم کرنا ہے۔ این ایچ اے آئی نے اب اپنے انٹرن شپ پروگرام کو سول انجینئرنگ کے ساتھ دیگر متعدد شعبوں تک بھی وسعت دے دی ہے۔

اس توسیعی نظام کے تحت موسمِ گرما انٹرن شپ پروگرام عارضی طور پر 4 مئی سے 5 جولائی 2026 تک جاری رہے گا، جو تعلیمی کیلنڈر کے مطابق ہوگا۔ اس میں سول انجینئرنگ، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ، الیکٹرانکس اور مواصلات، الیکٹریکل انجینئرنگ، انسٹرومنٹیشن انجینئرنگ اور ڈیٹا سائنس/مصنوعی ذہانت جیسے تکنیکی شعبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قانون، کامرس اور سائنس، مینجمنٹ، ماس کمیونیکیشن اور لائبریری سائنس جیسے غیر تکنیکی شعبوں کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ مختلف تعلیمی پس منظر رکھنے والے طلبہ کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ منتخب انٹرنز کو این ایچ اے آئی کے مختلف فیلڈ دفاتر یا نئی دہلی میں ہیڈکوارٹر میں تجربہ کار افسران کی نگرانی میں تعینات کیا جائے گا۔

اہل امیدواروں میں معروف اداروں کے فل ٹائم گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ شامل ہیں، جن میں نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک کے تحت اعلیٰ درجہ بندی والے ادارے، ممتاز قانون یونیورسٹیاں، مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹس اور معروف ماس کمیونیکیشن ادارے شامل ہیں۔ منتخب امیدواروں کو ماہانہ 20,000 روپے وظیفہ دیا جائے گا اور کامیابی سے پروگرام مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا جائے گا۔ دلچسپی رکھنے والے طلبہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 15 اپریل 2026 تک انٹرن شپ پورٹل کے ذریعے درخواست دیں۔

درخواست کا عمل این ایچ اے آئی کے مخصوص انٹرن شپ پورٹل کے ذریعے شروع ہو چکا ہے، جس میں طلبہ اور اداروں کے لیے الگ لاگ اِن کی سہولت موجود ہے۔ طلبہ کو اپنی تعلیمی اور ذاتی معلومات آن لائن فراہم کرنا ہوگی اور جہاں ممکن ہو منصوبے کے مقام کے لیے اپنی ترجیح بھی ظاہر کر سکتے ہیں۔ متعلقہ تعلیمی ادارے طلبہ کی درخواستوں کی تصدیق کریں گے اور صرف تصدیق شدہ درخواستیں ہی اگلے مرحلے کے لیے زیر غور آئیں گی۔ حتمی انتخاب این ایچ اے آئی کی جانب سے دستیابی اور ترجیحات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے لیے این ایچ اے آئی نے اداروں سے کہا ہے کہ وہ اس پروگرام کی معلومات طلبہ تک پہنچائیں، بروقت درخواستوں میں مدد فراہم کریں اور فیکلٹی کوآرڈی نیٹر مقرر کریں تاکہ عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔

دسمبر 2025 میں شروع ہونے والے پروگرام کے پہلے مرحلے میں نمایاں شرکت دیکھنے میں آئی، جہاں 244 سول انجینئرنگ طلبہ نے ایک ماہ کے سرمائی انٹرن شپ میں حصہ لیا اور 149 طلبہ جنوری سے جون 2026 تک جاری چھ ماہ کے پروگرام میں شامل ہوئے۔ اس کامیابی کو آگے بڑھاتے ہوئے توسیع شدہ پروگرام انفراسٹرکچر کے شعبے کے لیے ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

یہ اقدام این ایچ اے آئی کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ملک میں قومی شاہراہ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے نئی نسل کو مہارت اور تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ مستقبل میں اس شعبے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

 

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 4966)


(ریلیز آئی ڈی: 2245692) وزیٹر کاؤنٹر : 10