کامرس اور صنعت کی وزارتہ
ڈی پی آئی آئی ٹی کا نوآموز کاروباری اداروں کی حمایت اور اختراعی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایک ڈیجیٹل تفریحی کمپنی کے ساتھ مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 MAR 2026 1:38PM by PIB Delhi
وزارتِ تجارت و صنعت کے تحت محکمۂ فروغِ صنعت و داخلی تجارت (ڈی پی آئی آئی ٹی) نے بھارت کے اسٹارٹ اپ اور اختراعی نظام کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ایک ڈیجیٹل تفریحی کمپنی کے ساتھ مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد ملک بھر میں اسٹارٹ اپس، موجدین اور کاروباری افراد کی معاونت کرنا ہے۔
یہ اشتراک اُن مصنوعات پر مبنی اسٹارٹ اپس کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ہے جو ڈیجیٹل تفریح، آن لائن گیمنگ، ای اسپورٹس، انٹرایکٹو میڈیا اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجیز جیسے شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ اس کا مقصد منظم صنعتی اشتراک کے ذریعے اسٹارٹ اپس کو قابلِ توسیع اور صنعت سے ہم آہنگ حل تیار کرنے کے قابل بنانا ہے۔
اس اقدام کے تحت اسٹارٹ اپس کو رہنمائی (مینٹورشپ)، صنعتی بصیرت، علم کے تبادلے کے پلیٹ فارمز اور منتخب شمولیتی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس شراکت داری کے ذریعے اسٹارٹ اپس کو اہم سنگِ میل حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی، جیسے کہ تصور کے ثبوت کی تیاری، منڈی تک رسائی اور جہاں ممکن ہو صنعتی نظام میں انضمام۔
اس موقع پر جوائنٹ سیکریٹری، ڈی پی آئی آئی ٹی، سنجیو نے کہا کہ یہ اشتراک بھارت کی ڈیجیٹل اور تخلیقی معیشت کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی شراکت داریاں اسٹارٹ اپس کو نئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدت، وسعت اور عالمی سطح پر مسابقتی حل تیار کرنے کے قابل بناتی ہیں۔
اس اشتراک کے تحت ڈی پی آئی آئی ٹی، کرافٹن انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ مل کر بھارت اسٹارٹ اپ گرینڈ چیلنج کے تحت اختراعی مقابلوں کے انعقاد کے امکانات کا جائزہ لے گا، نیز گیم ڈیزائن، اینیمیشن، امرسیو ٹیکنالوجیز، ای اسپورٹس مینجمنٹ اور مصنوعی ذہانت کے اطلاقات جیسے شعبوں میں مخصوص ہیکاتھونز، ورکشاپس اور ماسٹرکلاسز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
یہ شراکت داری صنعتی روابط، علم کے تبادلے اور عالمی بہترین طریقۂ کار سے آگاہی کو بھی فروغ دے گی۔ منتخب اسٹارٹ اپس کو پائلٹ اشتراک کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں، جن کی بنیاد پر آئندہ مزید تعاون بھی ممکن ہوگا۔
اس کے علاوہ یہ اقدام اسٹارٹ اپ انڈیا پروگراموں میں شرکت اور آگاہی مہمات کے ذریعے مجموعی ماحولیاتی نظام (ایکوسسٹم) کو مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔
یہ مفاہمتی یادداشت ڈی پی آئی آئی ٹی کے ڈپٹی سیکریٹری ٹی ایل کے سنگھ اور وبھور ککریتی کے درمیان دونوں جانب کے سینئر عہدیداران کی موجودگی میں طے پائی۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-4963
(ریلیز آئی ڈی: 2245670)
وزیٹر کاؤنٹر : 19