جل شکتی وزارت
صدر جمہوریہ ہند نے آج نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ جل مہوتسو 2026 کی قومی تقریب میں شرکت کی
جل مہوتسو کی پہلی قومی مہم میں 8 مارچ سے 22 مارچ 2026 تک سوجل گرام کے واسطے گرام پنچایتوں کے ذریعے جن بھاگیداری ہوگی
نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ جل مہوتسو 2026 کی قومی تقریب میں نچلی سطح کے لیڈروں اور عہدیداروں کو اعزاز
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 MAR 2026 8:22PM by PIB Delhi

وزارتِ جل شکتی کے تحت پینے کے پانی و حفظان صحت کے محکمہ نے آج نئی دہلی کے وگیان بھون میں جل مہوتسو2026 کی قومی تقریب منعقد کی۔ یہ پروگرام8 تا 22 مارچ2026 کے دوران چلائی جانے والی ملک گیر مہم کے ایک حصے کے طور پر منعقد کیا گیا ہے، جس کا مقصد جل جیون مشن کے تحت دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے نظام میں کمیونٹی کی شمولیت اور پائیداری کو مضبوط بنانا ہے۔
اس قومی تقریب میں صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئیں۔ انہوں نے جل کلش تقریب کی قیادت کی اور مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں سے تعلق رکھنے والے منتخب کمیونٹی اراکین کو دیہی پینے کے پانی کے نظم و نسق میں نمایاں خدمات انجام دینے پر اعزازات سے نوازا۔
صدرِ جمہوریہ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی صرف بنیادی سہولت نہیں بلکہ صحت، وقار اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی ہندوستان کی ثقافتی اور ترقیاتی تانے بانے میں مرکزی حیثیت کا حامل ہے اور جل جیون مشن کے تحت محفوظ اور قابلِ اعتماد دیہی پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے خواتین کی قیادت اور کمیونٹی کی شراکت پر مبنی ماڈل قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کئی دہائیوں تک خاص طور پر خواتین اور بچوں کو دور دراز مقامات سے پانی لانے کا بوجھ اٹھانا پڑتا تھا، جس سے ان کی صحت، تعلیم اور مجموعی فلاح و بہبود متاثر ہوتی تھی۔
انہوں نے اس بات کی بھی ستائش کی کہ حکومتِ ہند کی جانب سے شروع کیا گیا جل جیون مشن بڑی تبدیلی کا سبب بنا ہے، جس کے ذریعے دیہی گھرانوں تک محفوظ پینے کا پانی فعال نل کنکشن کے ذریعے پہنچایا جا رہا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس مشن کی کامیابی صرف بنیادی ڈھانچے کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ اس میں برادریوں کو پینے کے پانی کے نظام کو سنبھالنے اور اسے برقرار رکھنے کے قابل بنانا بھی شامل ہے۔ گرام پنچایتیں، گاؤں کی آبی و صفائی کمیٹیاں، سیلف ہیلپ گروپ اور تربیت یافتہ کمیونٹی اراکین دیہی پانی کی فراہمی کے نظام کے نظم اور دیکھ ریکھ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے دیہی پانی کے نظم میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ ملک بھر میں فیلڈ ٹیسٹ کٹس کے استعمال کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین گاؤں کی سطح پر پینے کے پانی کے معیار کی نگرانی کر رہی ہیں، جس سے مقامی صلاحیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور کمیونٹی کا اعتماد بھی مضبوط ہو رہا ہے۔
انہوں نے شفافیت اور کارکردگی کو مضبوط بنانے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سوجلم بھارت ایپ، ریئل ٹائم ڈیش بورڈ، ڈسیژن سپورٹ سسٹم، میری پنچایت ایپ اور پنچایت ڈیش بورڈ جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے اعداد و شمار پر مبنی منصوبہ بندی ممکن ہو رہی ہے اور گرام پنچایت کی سطح پر بروقت معلومات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جل سیوا آنکَلن پہل دیہی پانی کی فراہمی کے نظام کا باقاعدہ جائزہ لینے میں مدد گار ثابت ہورہی ہے، جبکہ نل جل متر پروگرام کے تحت مقامی خواتین اور نوجوانوں کو مہارت کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے، جس سے نظام کے آپریشن اور دیکھ ریکھ کی صلاحیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
صدرِ جمہوریہ نے استعمال شدہ پانی کے نظم، زیرِ زمین پانی کی بحالی اور بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور پائیدار آبی وسائل کے نظم کو فروغ دینے میں مرکزی زیرِ زمین آبی بورڈ کے کردار کی ستائش کی۔
عالمی یومِ پلمبرز کے موقع پر انہوں نے پانی کی فراہمی کے دیہی ڈھانچے کو برقرار رکھنے میں پلمبرز کے اہم کردار کی بھی تعریف کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سیلف ہیلپ گروپوں کی فعال شمولیت کی ستائش کرتے ہوئے انہیں ترغیب دی کہ وہ جل سُرکشا کے لیے کمیونٹی کی قیادت میں جاری کوششوں کو مزید مضبوط بناتے رہیں، کیونکہ یہی اقدامات پینے کے پانی کی فراہمی کے نظام کی طویل مدتی پائیداری کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
صدرِ جمہوریہ نے “جل ہے تو کل ہے” کے پیغام کو دہراتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ آنے والی نسلوں کے لیے آبی تحفظ کو یقینی بنانے کی ذمہ داری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
تقریب میں موجود نچلی سطح کے رہنماؤں اور کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان کی لگن اور خدمات اس بات کی روشن مثال ہیں کہ کمیونٹی کی شمولیت، ٹیکنالوجی اور مؤثر نظم ونسق ایک ساتھ مل کر عوامی خدمات کی فراہمی کو کس طرح بدل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا: “پینے کے محفوظ پانی تک رسائی صحت، وقار اور سماجی بہبود کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ جل جیون مشن کی کامیابیاں اس بات کی مثال ہیں کہ پالیسی، ٹیکنالوجی اور کمیونٹی کی شمولیت مل کر دیہی خدمات کی فراہمی میں بڑی تبدیلی لا سکتی ہیں۔ آج جن نچلی سطح کے رہنماؤں کو اعزاز دیا جا رہا ہے، وہ اس قومی کایا پلٹ کے حقیقی علمبردار ہیں۔”

تقریب کے دوران صدرِ جمہوریہ نے ان کمیونٹی اراکین کو اعزاز سے نوازا جن کی خدمات پینے کے پانی کے دیہی نظام کے مؤثر انتظام اور پائیدار دیکھ ریکھ کی بہترین مثال پیش کرتی ہیں۔
ان اعزازات کے ذریعے اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ دیہی پینے کے پانی کی خدمات کی طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے میں مقامی قیادت، کمیونٹی کی شمولیت اور ذمہ داری نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔

جل شکتی کے مرکزی وزیرِ سی آر پاٹل نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جل جیون مشن نے دیہی ہندوستان میں تاریخی تبدیلی پیدا کی ہے، جس کے تحت فعال گھریلو نل کنکشن کے ذریعے محفوظ اور مناسب مقدار میں پینے کے پانی تک رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کے صحت، تعلیم، صفائی اور خواتین کو بااختیار بنانے پر براہِ راست مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، جبکہ اس سے پانی ڈھونے میں صرف ہونے والا وقت بھی نمایاں طور پر کم ہو جاتا ہے۔

انہوں نے جل جیون مشن 2.0 کے لیے کابینہ کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑھائے گئے مالی وسائل کے ساتھ اس اقدام سے تمام دیہی گھرانوں تک نل کے ذریعے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا، “جل جیون مشن صرف گھروں تک نل کے کنکشن فراہم کرنے کا منصوبہ نہیں بلکہ یہ کمیونٹیز کو اپنے پانی کے نظام کے انتظام اور اسے برقرار رکھنے کے قابل بنانے کا عمل ہے۔ جل مہوتسو عوامی شراکت کے اسی جذبے کا جشن ہے اور نچلی سطح کے ان رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو ملک بھر میں دیہی پینے کے پانی کی قابلِ اعتماد اور پائیدار فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔”

صدر جمہوریہ ہند کے روانہ ہونے کے بعد وزیرِ جل شکتی سی آر پاٹل نے مشن میں نمایاں خدمات انجام دینے پر دس کمیونٹی اراکین کو اعزاز سے نوازا۔
اس تقریب میں کمیونٹیز، پنچایتی راج کے اداروں، گاؤں کی آبی و صفائی کمیٹیوں کے اراکین، سیلف ہیلپ گروپوں اور صفِ اول کے کارکنان کی قیادت اور لگن کی ستائش کی گئی، جو ملک بھر میں دیہی پینے کے پانی کی پائیدار اور قابلِ اعتماد فراہمی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ قومی تقریب جل مہوتسو2026 مہم کا اہم حصہ تھی۔ یہ ملک گیر مہم8 مارچ سے 22 مارچ تک چلائی جا رہی ہے، جس کا مقصد جل جیون مشن کے تحت گرام پنچایتوں اور کمیونٹی کی شمولیت کے ذریعے پینے کے پانی کے دیہی نظام میں عوامی شرکت اور مقامی ملکیت کو مضبوط بنانا ہے۔

پینے کے پانی و حفظان صحت کے محکمہ کے سکریٹری اشوک کے کے مینا نے عزت مآپ صدرِ جمہوریہ، وزراء، معزز مہمانوں اور کمیونٹی نمائندوں کا خیر مقدم کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ جل مہوتسو 2026 کو ملک بھر میں 8 مارچ سے 22 مارچ تک منایا جا رہا ہے، جس سے اس مہم کی اہمیت ظاہر ہوتی ہے۔
تقریب کے دوران پانی، صحت اور تغذیہ کے موضوع پر ایک خصوصی فلم کی بھی نمائش کی گئی۔
اس تقریب میں وزارتِ جل شکتی کے وزیرِ مملکت وی سومنا اور راج بھوشن چودھری کے علاوہ محکمۂ آبی وسائل کے سکریٹری وی ایل کانتھا راؤ، ٔ پینے کے پانی و حفظان صحت کے محکمہ کے سینئر افسران، مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے نمائندے، پنچایتی راج کی وزارت، وزارت بہبودی خواتین و اطفال ، وزارت صحت و خاندانی بہبود، آل انڈیا کونسل برائے تکنیکی تعلیم، وزارتِ مہارت سازی و انٹرپرینیورشپ، ترقیاتی شراکت دار، تعلیمی ادارے، سماجی تنظیموں اور ملک بھر سے نچلی سطح کے نمائندے شریک ہوئے۔
دوپہر کے کھانے کے بعد ہونے والے اجلاس میں چار موضوعاتی نشستیں منعقد کی گئیں جن کا مقصد مختلف شعبوں کے درمیان تال میل کو فروغ دینا اور معلومات و تجربات کا تبادلہ بہتر کرنا تھا۔
پہلی نشست میں پانی، تغذیہ اور صحتِ عامہ کے باہمی تعلق پر گفتگو کی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ محفوظ پینے کا پانی بچوں کی غذائیت اور صحت کے نتائج پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے۔دوسری نشست، جو عالمی یومِ پلمبرز سے ہم آہنگ تھی، اس میں نل جل متر پروگرام اور دیہی پلمبنگ خدمات کو پیشہ ورانہ سطح پر فروغ دینے پر توجہ دی گئی۔ تیسری نشست میں تعلیمی اداروں، طلبہ اور پالیسی سازوں کو ایک پلیٹ فارم پر لایا گیا تاکہ جل سیوا ادھیان اقدام کو آگے بڑھایا جا سکے۔ شرکاء نے عملی تجربات پیش کیے اور انجینئرنگ کے نصاب میں دیہی پانی سے متعلق موضوعات کو شامل کرنے کے امکانات پر گفتگو کی۔ چوتھی اور آخری نشست میں استعمال شدہ پانی کے پائیدار نظم اور کمیونٹی کی قیادت میں حل تلاش کرنے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
******
(ش ح۔ م ش ع۔ م ا)
Urdu No-3746
(ریلیز آئی ڈی: 2238672)
وزیٹر کاؤنٹر : 5