ٹیکسٹائلز کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر نے بھارت ٹیکس 2026 کا آغاز کیا


صنعتی ادارے دنیا کے سب سے بڑے انٹیگریٹیڈ ٹیکسٹائل نمائش کی میزبانی کے لیے یکجا ہوں گے

'بھارت ٹیکس 2026 کا انعقاد 14 سے 17 جولائی 2026 تک ہوگا

1,30,000 سے زیادہ نمائش دیکھنے والے افراد، 140 ممالک کے شرکاء کی توقع ہے

بھارت ٹیکس 2026 ٹیکسٹائل کی اختراع، تجارت اور پائیداری سے متعلق ہندوستان کی عظیم الشان نمائش ہوگی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 MAR 2026 3:16PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر برائے ٹیکسٹائل جناب گری راج سنگھ نے آج بھارت ٹیکس 2026 کا آغاز کیا، جو بھارت کی عالمی سطح پر نمایاں اور پرچم بردار ٹیکسٹائل تقریب ہے۔ یہ اقدام عالمی ٹیکسٹائل معیشت میں بھارت کی بڑھتی ہوئی قیادت کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔ صنعت، حکومت اور تجارتی اداروں سے وابستہ متعلقہ فریقوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت ٹیکس کو دنیا کے سب سے بڑے عالمی پلیٹ فارم کے طور پر تصور کیا گیا ہے، جو ٹیکسٹائل کی پوری ویلیو چین کو ایک جگہ جمع کرتا ہے۔ اس میں فائبر اور یارن سے لے کر کپڑے، ملبوسات، ٹیکنییکل ٹیکسٹائل اور پائیدار اختراعات تک تمام شعبے شامل ہیں۔ انہوں نے اسے اب تک کا سب سے بڑا اور جامع ٹیکسٹائل ایونٹ قرار دیتے ہوئے ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسلز (ای پی سیز) اور دیگر صنعتی اداروں کی مسلسل محنت اور لگن کو سراہا، جنہوں نے ٹیکسٹائل کی پوری ویلیو چین کو بھارت ٹیکس کے پلیٹ فارم کے تحت یکجا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ وزیرموصوف  نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت ٹیکس بھارت کو ایک قابلِ اعتماد اور پائیدار سورسنگ مرکز کے طور پر مزید مضبوط کرے گا اور ساتھ ہی ٹیکسٹائل کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے لیے بھی بھارت کی کشش کو اجاگر کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اختراع، باہمی تعاون اور “میک اِن انڈیا” کے جذبے کو مرکز میں رکھتے ہوئے یہ ایونٹ وزیر اعظم کے پیش کردہ 5ایف وژن کی عملی تصویر ہے۔

 

وزارتِ ٹیکسٹائل کی سکریٹری محترمہ نیلم شامی راؤ، ایڈیشنل سکریٹری  جناب روہت کنسل، ایکسپورٹ پروموشن کونسلز کے سینئر نمائندگان اور صنعت کار اس باضابطہ افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔

بھارت ٹیکس 2026

گزشتہ دو کامیاب ایڈیشنز کی نمایاں کامیابیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے بھارت ٹیکس 2026 اب تک کا سب سے بڑا اور مؤثر ایڈیشن ہونے جا رہا ہے۔ یہ پروگرام 14 سے 17 جولائی 2026 تک بھارت منڈپم، نئی دلی میں منعقد ہوگا۔ اس ایڈیشن میں بڑے پیمانے پر شرکت متوقع ہے، جس میں 3,500 سے زائد کاروباری نمائش  کار، 140 سے زیادہ ممالک سے 7,000 سے زائد بین الاقوامی خریدار اور 1,30,000 سے زیادہ تجارتی مہمانان شرکت کریں گے۔ یہ تقریب ٹیکسٹائل کے پورے ماحولیاتی نظام (ایکو سسٹم) کو پیش کرے گی، جس میں فائبرز اور یارن، کپڑے، ملبوسات اور فیشن، ہوم ٹیکسٹائل، ٹیکنییکل ٹیکسٹائل، دستکاری، ہینڈلومز اور جدید ذہین مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز شامل ہوں گی۔ یہ ایونٹ مینوفیکچرنگ، ڈیزائن، ٹیکنالوجی اور تجارت کے شعبے میں بھارت کی مربوط صلاحیت کو اجاگر کرے گا۔

بھارت ٹیکس 2026، 2024 اور 2025 کے کامیاب ایڈیشنز کی بنیاد پر، نمائشوں، علمی سیشنز، ریورس بائر۔سیلر میٹس اور پالیسی مذاکرات  کا ایک منفرد امتزاج پیش کرے گا، جس کا مقصد مباحث کو عملی نتائج میں تبدیل کرنا ہے۔ اس تقریب میں خصوصی توجہ کے شعبوں میں پائیدار اور سرکلر ٹیکسٹائل، ٹیکنیکل ٹیکسٹائل، ایم ایس ایم ایز کی شمولیت، اختراع اور عالمی منڈیوں تک رسائی شامل ہیں۔

یہ تقریب بھارتی ایم ایس ایم ایز، نمائش کنندگان، اسٹارٹ اپس، تعلیمی اداروں اور ڈیزائنرز کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جہاں وہ اپنی جدید ٹیکسٹائل اختراعات پیش کر سکیں، عالمی صنعت کاروں اور خریداروں سے رابطہ قائم کر سکیں، اعلیٰ سطحی مباحث میں حصہ لے سکیں اور کلیدی شراکت داری قائم کر سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس تقریب میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے، تجارت کو فروغ دینے اور بھارت کے مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم کے ساتھ ساتھ ہینڈلوم جیسے روایتی شعبوں کو طویل مدتی استحکام فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی نمایاں پالیسی پہل اور اصلاحات کو بھی پیش کیا جائے گا۔

عالمی ٹیکسٹائل مذاکرات

بھارت ٹیکس 2026 کی ایک اہم جھلک گلوبل ٹیکسٹائل ڈائیلاگ ہوگی، جس کے تحت متعدد علمی نشستیں منعقد ہوں گی۔ ان نشستوں میں پالیسی ساز، عالمی صنعت کے رہنما اور اختراع کار شرکت کریں گے اور عالمی تجارتی رجحانات، پائیداری اور ای ایس جی معیارات، انڈسٹری 5.0، ٹیکنیکل ٹیکسٹائل اور مضبوط سپلائی چینز جیسے اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ یہ مذاکرات صنعت سے وابستہ افراد اور ایم ایس ایم ایز کے لیے قیمتی بصیرت فراہم کریں گے۔

صنعت کی قیادت میں ایک اقدام

یہ تقریب صنعت کی قیادت میں شروع کیا گیا ایک اقدام ہے اور اس کا انعقاد بھارت ٹیکس ٹریڈ فیڈریشن (بی ٹی ٹی ایف) کرے گی، جو 11 ٹیکسٹائل سے متعلق ایکسپورٹ پروموشن کونسلز (ای پی سیز) اور دیگر صنعتی اداروں پر مشتمل ایک مشترکہ تنظیم ہے۔بی ٹی ٹی ایف کے چیئرمین جناب نارین گوئنکا اور کو چیئرمین جناب بھدریش ڈوڈیا نے اس میلے کے مجوزہ پروگراموں اور سرگرمیوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں۔

بھارت ٹیکس 2026 سے متعلق مزید معلومات کے لیے ویب سائٹ  سے رابطہ  کریں: www.bharat-tex.com

********************

 (ش ح  ۔ ا ع خ  ۔  ت ع)

Urdu No. 3772


(ریلیز آئی ڈی: 2238290) وزیٹر کاؤنٹر : 7