شہری ہوابازی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مغربی ایشیا کی صورتحال: بھارتی ہوائی کمپنیوں کی 12 مارچ سے مزید مقامات کے لیے پروازیں شروع کرنے کی تیاری

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 10 MAR 2026 11:47PM by PIB Delhi

مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر شہری ہوا بازی کی وزارت، خطے میں جاری پیش رفت اور بھارت و مغربی ایشیا کے درمیان فضائی آمد و رفت پر اس کے ممکنہ اثرات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ شہری ہوا بازی کے وزیر جناب کنجراپو رام موہن نائیڈو صورتحال کی باقاعدہ نگرانی کر رہے ہیں اور تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ براہِ راست رابطے میں ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری اور مشترکہ اقدامات کیے جا سکیں۔ ایئرلائنز بھی بدلتی ہوئی صورتحال کے مطابق اپنے آپریشنل انتظامات کر رہی ہیں، جن میں مسافروں کی سلامتی اور پروازوں کی تسلسل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

 مورخہ 9 مارچ 2026 کے آپریشنل اعداد و شمار کے مطابق بھارتی ایئرلائنز کی 45 پروازیں مغربی ایشیا سے بھارت پہنچیں ، جن میں مجموعی طور پر 7,407 مسافر سوار تھے۔

بھارتی ایئرلائنز نے مسافروں کی محفوظ آمد و رفت اور ضرورت پڑنے پر انخلا میں تعاون کو یقینی بنانے کے لیے آپریشنل لچک کی بھی درخواست کی ہے۔ اس سلسلے میں ڈی جی سی اے نے متعلقہ حکام کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے اضافی آمد و رفت کے سلاٹس فراہم کرنے اور دبئی، ابوظہبی، شارجہ، راس الخیمہ، العین، فجیرہ، جدہ اور مدینہ کے لیے پروازوں کے راستے میں مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو متبادل ہوائی اڈے کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔

ایئرلائنز کی آپریشنل منصوبہ بندی کے مطابق ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس 12 مارچ 2026 سے ریاض کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کریں گی، جبکہ انڈیگو اسی تاریخ سے ممبئی–ریاض–ممبئی سروس شروع کرے گی۔ اسپائس جیٹ کو اس خطے میں محفوظ اور مستحکم آپریشن جاری رکھنے کے لیے متبادل ہوائی اڈوں کی منظوری حاصل کرنے میں مدد فراہم کی گئی ہے۔ اکاسا ایئر کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 12 مارچ 2026 سے شروع ہونے والی ممبئی–ریاض–ممبئی سروس کے لیے اپنی منصوبہ بندی موجودہ آپریشنل صورتحال کے مطابق ترتیب دے۔

وزارت ایئرلائنز اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ مسافروں کی آمد و رفت بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔ ساتھ ہی ہوائی کرایوں پر بھی قریبی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ ٹکٹ کی قیمتیں مناسب رہیں اور اس دوران غیر ضروری اضافہ نہ ہو۔

مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ پروازوں کے اوقات اور سفری انتظامات کے بارے میں تازہ معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔ وزارت صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتی رہے گی اور ضرورت پڑنے پر مزید معلومات فراہم کرے گی۔

******

ش ح۔ ع ح-رض

Uno-3728


(ریلیز آئی ڈی: 2237977) وزیٹر کاؤنٹر : 11