خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
خواتین کے عالمی دن 2026 کے موقع پر کرتویہ پتھ پر 'شکتی واک #SheLeadsBharat' کا انعقادکیا گیا
مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین شرکاء نے #SheLeadsBharat کے موضوع کے تحت واک کی، جو ایک ترقی پسند اور ہمہ گیر بھارت کی تعمیر میں خواتین کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتی ہے
دو سو سے زائد وزارتوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 3,000 سے زیادہ خواتین نے انڈیا گیٹ سے وجے چوک تک مارچ کیا، جو اتحاد اور بااختیار ہونے کی علامت کی عکاس ہے
مرکزی وزیر محترمہ اناپورنا دیوی نے 'ناری شکتی' کے جذبے اور ترقی یافتہ بھارت کی تشکیل میں خواتین کے مرکزی کردار کا جشن منانے والی اس واک کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
" خواتین کے عالمی دن کی تقریبات کا آغاز 'شکتی واک' سے کرنا پورے ملک کو ایک مضبوط پیغام دیتا ہے": محترمہ اناپورنا دیوی
"ناری شکتی بھارت کی بھاگیہ ودھاتا ہے": دہلی کی وزیراعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 MAR 2026 7:28PM by PIB Delhi
خواتین و اطفال کی ترقی کی وزارتِ نے آج خواتین کے عالمی دن 2026 کے موقع پر نئی دہلی کے کرتویہ پتھ پر "شکتی واک #SheLeadsBharat" کا اہتمام کیا۔ اس 'شکتی واک' نے ناری شکتی کے جذبے کا جشن منایا اور ایک ترقی پسند اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے بھارت کی تعمیر میں خواتین کے اہم کردار کو نمایاں کیا۔

اس تقریب کا انعقاد خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ اناپورنا دیوی اور خواتین و اطفال کی ترقی کی وزارت کی وزیرِ مملکت محترمہ ساوتری ٹھاکر کی رہنمائی میں کیا گیا۔ اس واک میں دہلی کی وزیر اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا اور وزارتِ صحت و خاندانی بہبود اور کیمیکلز و فرٹلائزرز کی وزیرِ مملکت محترمہ انوپریہ پٹیل نے بھی شرکت کی۔
پروگرام میں خواتین کے قومی کمیشن (این سی ڈبلیو) کی چیئرپرسن محترمہ وجیا کشور راہٹکر اور خواتین و اطفال کی ترقی کی وزارت کے سکریٹری جناب انیل ملک کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین افسران، اہلکار اور فیلڈ ورکرز بھی شریک تھے۔
عالمی سطح پر 8 مارچ کو منایا جانے والا ' خواتین کا عالمی دن' زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی کامیابیوں اور قیادت کا جشن مناتا ہے، اور ساتھ ہی صنفی مساوات، تحفظ، وقار اور انہیں بااختیار بنانے کے اجتماعی عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

تقریب کا آغاز انڈیا گیٹ پر واقع کرتویہ پتھ پر قومی گیت ’وندے ماترم‘ کے ساتھ ہوا، جس نے اس موقع کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کر دیا۔ پروگرام کے آغاز کے لیے معزز مہمان، شرکاء اور حاضرین یکجا ہوئے، جس کے بعد مرکزی وزیر محترمہ اناپورنا دیوی نے باقاعدہ طور پر ’شکتی واک‘ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ واک خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے طاقت، اتحاد اور اجتماعی عزم کی علامت ہے۔ شرکاء نے جوش و خروش کے ساتھ اس واک میں حصہ لیا، جو اس مہم کے اصل مقصد اور جذبے کی عکاسی کر تا ہے۔

یہ واک انڈیا گیٹ سے وجے چوک تک 'کرتویہ پتھ' پر تقریباً 2 کلومیٹر کے فاصلے پر مشتمل تھی۔ اس راستے میں خواتین کے لیے حکومت کی اہم اسکیموں اور اقدامات کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں خواتین کی بڑی کامیابیوں کو ظاہر کرنے والی نمائشیں لگائی گئی تھیں۔ اس تقریب میں بھارت کی بھرپور ثقافتی رنگارنگی اور خواتین کی طاقت کو ظاہر کرنے والی شاندار ثقافتی پیشکشیں بھی شامل تھیں۔ ان میں کرناٹک کا 'ڈولو کونیتھا'، کیرالہ کا 'کلاری پائٹو' اور 'سرنگاری میلم'، آسام کا 'رن چنڈی' اور راجستھان کا 'گھومر' رقص شامل تھے، جو اپنے اپنے ریاستوں کے منفرد ثقافتی ورثے کی عکاسی کر رہے تھے۔

اس تقریب میں تقریباً 200 سے زائد وزارتوں، محکموں اور تنظیموں کی 3,000 سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ شرکاء میں مسلح افواج، پولیس، شعبہ صحت، میڈیا، کھیل، تعلیم، صفائی ستھرائی، ہوا بازی، صنعت اور سرکاری اداروں کی نمائندوں کے ساتھ ساتھ اے این ایم سروس فراہم کرنے والی خواتین، 'بھارت ٹیکسی سارتھی' کی خاتون ڈرائیورز، اساتذہ، لوکوموٹیو ڈرائیورز، 'مائی بھارت' کے رضاکار، فیلڈ ورکرز اور خاتون کاروباری شخصیات شامل تھیں۔
ان کی شرکت نے 'کرتویہ پتھ' کو 'ناری شکتی' (خواتین کی طاقت) کے ایک پُرجوش جشن میں بدل دیا، جو 'وکست بھارت 2047' کے وژن کی جانب گامزن خواتین کے اجتماعی جذبے کی عکاسی کر رہا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ اناپورنا دیوی نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کی تقریبات کا آغاز 'شکتی واک' سے کرنا پورے ملک میں ایک طاقتور پیغام بھیجتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ انہوں نے بھارت کی خواتین، بیٹیوں اور بہنوں کی طاقت کو پہچاننے اور انہیں بھارت کے ترقیاتی سفر کی قیادت کے لیے بااختیار بنانے میں معزز وزیراعظم جناب نریندر مودی کی مسلسل کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیراعظم کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا:
"یہی وقت ہے، صحیح وقت ہے بھارت کا — یہ بھارت کا انمول وقت ہے۔"
واک کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے، دہلی کی وزیراعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا نے کہا کہ "ناری شکتی (خواتین کی طاقت) بھارت کی بھاگیہ ودھاتا (تقدیر بنانے والی) ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی خواتین، وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں، ملک کی ترقی میں اپنا تعاون دیتی رہیں گی اور اسے ایک نئی سمت دیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرتویہ پتھ پر 'شکتی واک' خواتین کے اس اجتماعی عزم کی علامت ہے کہ وہ نہ صرف اپنی ترقی بلکہ معاشرے اور ملک کی ترقی میں بھی اپنا بھرپور تعاون پیش کریں گی۔

اس تقریب کا اختتام وجے چوک پر معزز مہمانوں اور خواتین شرکاء کی جانب سے "شکتی واک #SheLeadsBharat" کے پیغام والے سہ رنگی غبارے چھوڑنے کے ساتھ ہوا اور یہ منظر بھارت کی خواتین کی بڑھتی ہوئی امنگوں اور ان کی لامحدود صلاحیتوں کی علامت بن گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔م م ع ۔ ن م۔
U- 3542
(ریلیز آئی ڈی: 2236835)
وزیٹر کاؤنٹر : 9