صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے نئی دہلی میں خواتین فکری قائدین کے قومی اجتماع میں شرکت کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 MAR 2026 7:05PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (8 مارچ، 2026) کو نئی دہلی میں راشٹر سیویکا سمیتی- شرنیہ کے ساتھ شراکت داری میں بھارتیہ وِدوَت پریشت کے زیر اہتمام خواتین فکری قائدین کے قومی اجتماع میں شرکت کی اور اجتماع سے خطاب کیا۔ اس اجتماع کا موضوع تھا ’بھارتی ناری ٹو نارائنی‘

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ویدک دور میں برہم وادینی خواتین کی ذہانت سے لے کر رانی درگاوتی، ویرماتا جیجا بائی، رانی چنمّا، لکشمی بائی، جھلکاری بائی اور دیوی اہلیا بائی ہولکر کی بہادری اور دانشمندی تک، جدید دور میں یہ پورے معاشرے کے لیے خاص طور پر خواتین کے لیے باعث ترغیب ہیں ۔ انہوں نے سامعین سے اپیل کی کہ وہ خواتین کو بااختیار بنانے کی ان متاثر کن مثالوں کو یاد رکھیں اور آج ان کے نظریات کو عملی جامہ پہنائیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ خواتین خدمت، لگن، قوم پرستی، بہادری، صبر اور ہنر جیسے کئی پہلوؤں میں مردوں کے برابر یا ان سے بھی برتر ہیں۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کانووکیشن کی زیادہ تر تقاریب میں شاندار کارکردگی پر میڈل حاصل کرنے والی طالبات کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ موقع ملنے پر لڑکیاں بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔ تاہم، ہمیں اس تلخ حقیقت کو بھی قبول کرنا چاہیے کہ آج بھی بہت سی خواتین کو سماجی دقیانوسی تصورات، معاشی عدم مساوات اور نفسیاتی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ خواتین کو درپیش اس طرح کے مسائل کو حساسیت کی بنیاد پر اجتماعی کوششوں سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ راشٹریہ سیویکا سمیتی جیسی تنظیمیں اس سمت میں فیصلہ کن تعاون کر سکتی ہیں۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ تقریباً نو دہائیاں قبل شروع کی گئی ایک تنظیم اب خواتین کی شرکت بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً ایک دہائی قبل راشٹریہ سیویکا سمیتی کے تحت "شرنیہ" قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد پسماندہ برادریوں کی خواتین میں تعلیم، ہنر، خود انحصاری اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ پہل ایک جامع اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کی سمت ایک مثبت قدم ثابت ہوگی۔

صدر نے کہا کہ ہماری روایت میں، شکتی شیو کو مکمل کرتا ہے۔ شیو اور شکتی کا لازم و ملزوم ہونا ہمارے ثقافتی شعور کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انسانی سماج کی ترقی کا رتھ اسی وقت آگے بڑھے گا جب اس رتھ کے دونوں پہیے یعنی عورت اور مرد مکمل طور پر برابر اور ہم آہنگ ہوں۔

صدر نے کہا کہ خواتین خود روزگار سے لے کر مسلح افواج تک کے وسیع شعبوں میں اپنا تعاون دے رہی ہیں۔ انہوں نے کھیلوں میں عالمی سطح پر نئے معیار قائم کیے ہیں۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ خواتین کی صحت، تعلیم، تحفظ اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کی قومی کوششوں نے بہت سے شعبوں میں خواتین کی شرکت کو بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارا ملک خواتین کی قیادت میں ترقی کے خیال کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
اس دو روزہ کنونشن کا مقصد بھارت میں خواتین کے کردار کا جشن منانا، غور کرنا اور ازسر نو بیان کرنا ہے، اور ایک سماجی شراکت دار کے طور پر ناری کو حکمت کی قوت،قیادت، جذبہ ترحم اور طاقت کے طور پر نارائنی میں تبدیل کرنا ہے۔
صدر جمہوریہ کی تقریر ملاحظہ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:3530
(ریلیز آئی ڈی: 2236733)
وزیٹر کاؤنٹر : 15