الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان کے خلائی ماحولیاتی نظام کو سائبر تحفظ کی ڈھال، ایس آئی اے-انڈیا اور سی ای آر ٹی-اِن نے مشترکہ رہنما ہدایات جاری کیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 FEB 2026 4:55PM by PIB Delhi

خلائی سائبر سکیورٹی، بشمول سیٹلائٹ مواصلاتی نظام، ہندوستان کے خلائی ڈھانچے کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ یہ نظام دور دراز اور اسٹریٹجک علاقوں میں رابطے کے بنیادی ذریعہ کے طور پر کام کرتے ہیں، قومی سلامتی کی کارروائیوں کی معاونت کرتے ہیں، آفات سے نمٹنے کے نظام کو مضبوط بناتے ہیں، رہنمائی اور نشریاتی خدمات کو سہولت فراہم کرتے ہیں، اور ملک کی ترقی اور پائیداری کے لیے ضروری وسیع معاشی سرگرمیوں کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image00161HO.jpg

حکومتِ ہند کی الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (ایم ای آئی ٹی وائی) کے تحت کام کرنے والی انڈین کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (سی ای آر ٹی-اِن) نے ایس آئی اے-انڈیا کے اشتراک سے خلائی سائبر سکیورٹی کے لیے ایک جامع فریم ورک اور رہنما ہدایات تیار کی ہیں، جن کا مقصد خلائی مواصلاتی اثاثوں کو محفوظ بنانا اور ہندوستان کے خلائی ماحولیاتی نظام کی مضبوطی میں تعاون فراہم کرنا ہے۔ یہ رہنما دستاویز 24 تا 26 فروری 2026 کو نئی دہلی میں منعقدہ ڈیف سیٹ کانفرنس اینڈ ایکسپو-2026 کے دوران جاری کی گئی۔

یہ رہنما ہدایات مشاورتی نوعیت کی ہیں اور ان کا مقصد خلائی شعبے میں سائبر سکیورٹی تیاریوں کو فروغ دینا ہے۔ اس فریم ورک کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ یہ خلائی ماحولیاتی نظام کے مختلف شراکت داروں—جن میں سرکاری ایجنسیاں، سیٹلائٹ سروس فراہم کرنے والے، گراؤنڈ اسٹیشن آپریٹرز، آلات ساز کمپنیاں اور نجی خلائی ادارے شامل ہیں—کی معاونت کر سکے۔ ضروری سائبر سکیورٹی اصولوں، تجویز کردہ کنٹرولز اور واضح ذمہ داریوں کی نشاندہی کے ذریعے یہ رہنما خطوط پورے شعبے میں مضبوطی، جوابدہی اور پیشگی خطرہ نظم و نسق کے فروغ کی کوشش کرتے ہیں۔

سی ای آر ٹی-اِن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سنجے باہل نے کہا: “سی ای آر ٹی-اِن بھارت کے تمام شعبوں میں سائبر مضبوطی کو تقویت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ خلائی نظاموں، بشمول سیٹلائٹ مواصلاتی نیٹ ورکس، کی ہندوستان کی تکنیکی خودمختاری اور مستقبل کی ترقی میں اسٹریٹجک اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، یہ جامع رہنما ہدایات ایک متحد اور مستقبل بین فریم ورک قائم کرتی ہیں، جو تہہ در تہہ دفاعی حکمتِ عملی کے ذریعے سیٹلائٹ نیٹ ورکس، زمینی ڈھانچے، خلائی سپلائی چینز اور خلائی اثاثوں کو تیزی سے بدلتے اور پیچیدہ ہوتے سائبر خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔”

ایس آئی اے-انڈیا کے صدر ڈاکٹر سبّا راؤ پاولوری نے کہا: “کسی بھی شعبے میں سائبر مضبوطی کو مستحکم بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ شراکت داری اور صنعت کے متوازن نقطۂ نظر بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ سی ای آر ٹی-اِن اور ایس آئی اے-انڈیا کی جانب سے جاری کردہ یہ مشترکہ رہنما دستاویز ایک جامع اور اشتراکی نقطۂ نظر کی عکاسی کرتی ہے، جو صنعت کے تجربات کو سی ای آر ٹی-اِن کی گہری سائبر سکیورٹی مہارت کے ساتھ ہم آہنگ کرتی ہے۔ یہ اقدام ہندوستان کے خلائی شعبے کی سائبر سکیورٹی کی صورتِ حال کو مضبوط بنانے اور ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل خطرات کے مقابل تیاری کو مستحکم کرنے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔”

ایس آئی اے-انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل انل پرکاش نے زور دیتے ہوئے کہا: “ہندوستان کا پھیلتا ہوا خلائی ماحولیاتی نظام اب اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ سائبر سکیورٹی کو محض تکنیکی ضمنی پہلو کے بجائے مشن یقین دہانی کے بنیادی ستون کے طور پر اپنایا جائے۔ سی ای آر ٹی-اِن کے ساتھ تیار کردہ یہ مشترکہ فریم ورک سیٹلائٹس، زمینی ڈھانچے اور سپلائی چینز میں مضبوطی کو ادارہ جاتی شکل دیتا ہے—خاص طور پر ایسے وقت میں جب آپریشن سندور کے دوران پندرہ لاکھ سے زائد سائبر حملوں کی کوششیں ریکارڈ کی گئیں اور سرکاری نیٹ ورکس پر حملوں میں تقریباً سات گنا اضافہ ہوا۔ اس بدلتے ہوئے خطراتی منظرنامے میں اہم بنیادی ڈھانچہ اور صنعت یکساں طور پر حساس ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ سائبر رہنما خطوط ایک موافقاتی ماڈل پر مبنی ہیں اور ابھرتے خطرات اور تکنیکی پیش رفت کے مطابق انہیں باقاعدہ صنعتی مشاورت کے ذریعے وقتاً فوقتاً بہتر بنایا جاتا رہے گا۔ صنعت کے لیے یہ واضح پیغام ہے کہ محفوظ-بہ-ڈیزائن معماریاں اپنائی جائیں اور اختراع کو قومی سلامتی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔”

سی ای آر ٹی-اِن کے بارے میں:

حکومتِ ہند کی الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (ایم ای آئی ٹی وائی) کے تحت قائم انڈین کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (سی ای آر ٹی-اِن) کو اطلاعاتی ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کی دفعہ 70بی کے تحت واقعاتی ردِعمل کے لیے قومی ایجنسی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ سی ای آر ٹی-اِن سائبر سکیورٹی کے رپورٹ شدہ واقعات پر بروقت کارروائی کے لیے 24x7 انسیڈنٹ رسپانس ہیلپ ڈیسک چلاتا ہے۔ یہ ادارہ واقعہ کی روک تھام اور ردِعمل کی خدمات کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کوالٹی مینجمنٹ کی خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔

ایس آئی اے-انڈیا کے بارے میں:

ایس آئی اے-انڈیا ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو ہندوستان میں خلائی صنعت کے مفادات کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس کی رکنیت میں سیٹلائٹ آپریٹرز، ساز و سامان تیار کرنے والے، سپلائرز، اسٹارٹ اپس، تعلیمی ادارے اور لاء فرمز شامل ہیں۔ یہ انجمن صنعت کی آواز کے طور پر کام کرنے اور پالیسی سازی و ضابطہ کار اداروں کے سامنے صنعت کے مفادات کی نمائندگی کے لیے پُرعزم ہے۔ ایس آئی اے-انڈیا بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرتی ہے اور حکومت کے ساتھ رابطے کا مؤثر ذریعہ مہیا کرتی ہے۔

رہنما ہدایات یہاں دستیاب ہیں:

https://www.cert-in.org.in/s2cMainServlet?pageid=GUIDLNVIEW02&refcode=CISG-2026-01

************

ش ح ۔   م    د۔  م  ص

(U :3100)


(ریلیز آئی ڈی: 2233170) وزیٹر کاؤنٹر : 12