صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے برازیل کے صدر کی میزبانی کی
ہندوستان اور برازیل کے مابین دوطرفہ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے بے پناہ امکانات موجود ہیں: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 FEB 2026 10:32PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہندمحترمہ دروپدی مرمو نے آج (21 فروری 2026) راشٹرپتی بھون میں وفاقی جمہوریہ برازیل کے صدر لوئیز ایناسیو لولا داسیلوا کا استقبال کیا۔انہوں نے ان کے اعزاز میں ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔

راشٹرپتی بھون میں صدر لولا کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے اے آئی امپیکٹ سمٹ میں ان کی شرکت اور قیمتی تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گزشتہ سال برازیل میں برکس سربراہی اجلاس اور سی او پی-30 کے کامیاب انعقاد پر بھی انہیں مبارکباد پیش کی ۔
صدر جمہوریہ نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ ہندوستان–برازیل اسٹریٹجک شراکت داری تجارت و سرمایہ کاری، دفاع، تیل و گیس، حیاتیاتی ایندھن، زراعت و مویشی پروری، صحت اور روایتی ادویات، خلا، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تعاون اور سائبر سکیورٹی سمیت متعدد شعبوں میں مسلسل پیش رفت کر رہی ہے۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ برازیل لاطینی امریکہ میں بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے اور اسے متنوع بنانے کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایم ای آر سی او ایس یو آر کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے اور برازیل کے ساتھ دوطرفہ تجارتی روابط کو گہرا کرنے کے لیے بھی پُرعزم ہے۔
صدر جمہوریہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ حالیہ برسوں میں ہندوستان اور برازیل کے درمیان زرعی تعاون مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی اور ثانوی مصنوعات کے ساتھ ساتھ زرعی کیمیکلز میں ہماری تجارت نمایاں ہے۔ انہوں نے فصلوں کی پیداوار، آبپاشی کی تکنیک، فصلوں کی کٹائی سے متعلق انتظام اور بایوٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تحقیق اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ ہندوستان اور برازیل کے درمیان توانائی کے شعبے میں مضبوط شراکت داری موجود ہے، جس میں روایتی اور قابلِ تجدید توانائی دونوں شامل ہیں، نیز تجارت اور سرمایہ کاری بھی اس کا حصہ ہیں۔ انہوں نےعالمی حیاتیاتی ایندھن سے متعلق اتحاد کے لیے برازیل کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی شمسی اتحاد (آئی ایس اے) کے رکن کی حیثیت سے ہندوستان–برازیل شراکت داری بھی ثمرآور رہی ہے۔
صدر جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ اہم معدنیات اور نایاب کیمیائی عناصر (ریئر ارتھ میٹیریلز) کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا یہ موزوں وقت ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آج اس شعبے میں ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

صدرِ جمہوریہ ہند نے کہا کہ گلوبل ساؤتھ کی نمایاں آوازوں کے طور پر ہندوستان اور برازیل کو کثیرجہتی اداروں، خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لیے مل کر کام جاری رکھنا چاہیے تاکہ انہیں موجودہ عالمی حقائق کے مطابق زیادہ موزوں نایاجا سکے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہندوستان-برازیل دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صدرلولا کی قیادت میں ہندوستان اور برازیل کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔
صدرِ جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے براہِ کرم یہاں کلک کریں۔
****
(ش ح ۔ م ش۔ ش ب ن)
U. No. : 2885
(ریلیز آئی ڈی: 2231656)
وزیٹر کاؤنٹر : 5