نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے کافی ٹیبل کتاب ’’اٹل بہاری واجپئی: دی ایٹرنل اسٹیٹس مین‘‘ کا اجرا کیا
کتاب کی تقریبِ اجرا میں نائب صدر جمہوریہ نے اٹل جی کے ساتھ اپنی ذاتی وابستگی کو یاد کیا
نائب صدر جمہوریہ کی قوم سے اپیل: واجپئی کے اتحاد اور جمہوریت کے نظریات کو آگے بڑھایا جائے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 FEB 2026 7:20PM by PIB Delhi
ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے آج ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر، نئی دہلی میں جناب وجے گوئل کی تصنیف کردہ کافی ٹیبل کتاب “اٹل بہاری واجپئی: دی ایٹرنل اسٹیٹس مین” کی رسمِ اجرا انجام دی۔
اپنے خطاب میں نائب صدر جمہوریہ نے اس موقع کو اعزاز اور جذباتی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب بھارت رتن جناب اٹل بہاری واجپئی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی ایک بامعنی کاوش ہے، جو ہندوستان کے قد آور رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشاعت محض تصاویر کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک ایسے مدبر سیاست داں کی زندگی اور وراثت کا جشن ہے جس کی خدمات آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
جناب اٹل بہاری واجپئی کے ساتھ اپنے ذاتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ انہیں 12ویں اور 13ویں لوک سبھا کے رکن کی حیثیت سے اس دور میں خدمات انجام دینے کا موقع ملا جب جناب اٹل بہاری واجپئی وزیر اعظم تھے۔ انہوں نے 1974 میں کوئمبٹور میں جناب واجپئی کے عوامی جلسے کے انعقاد کی یادیں تازہ کرتے ہوئے اسے اپنی عوامی زندگی کے ابتدائی دور کا نہایت متاثر کن تجربہ قرار دیا۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ جناب واجپئی کا پارلیمنٹ کے رکن سے وزیر اعظم تک کا سفر ہندوستانی جمہوریت کی مضبوطی کا مظہر ہے۔ شدید سیاسی اختلافات کے باوجود انہوں نے اپنی دیانت داری، ہمہ گیر طرزِ فکر اور باوقار طرزِ عمل کے باعث تمام جماعتوں میں احترام حاصل کیا۔
جناب واجپئی کی قیادت کے اہم سنگ میلوں کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے پوکھران جوہری تجربات اور دہلی میٹرو جیسے وژنری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جناب واجپئی نے یہ ثابت کیا کہ قوت اور حساسیت ساتھ ساتھ چل سکتی ہیں، اور انہوں نے ہمیشہ مکالمہ، جمہوریت اور ترقی کو رہنما اصول کے طور پر اپنائے رکھا۔
جناب واجپئی کو ایک شاعر، مدبر اور غیر معمولی پارلیمنٹیرین قرار دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان کی تقاریر نہ صرف پارلیمنٹ بلکہ پوری قوم کو متاثر کرتی تھیں، اور ان میں اختلاف کے باوجود شائستگی برقرار رکھنے کی نایاب صلاحیت موجود تھی، جو عوامی زندگی کے لیے نہایت ضروری وصف ہے۔
کافی ٹیبل کتاب کی ترتیب و تدوین پر جناب وجے گوئل کی ستائش کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ تصنیف نادر تصاویر، ذاتی واقعات اور تاریخی دستاویزات کے ذریعے تاریخ کو زندہ یادداشت کی صورت محفوظ کرتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کتاب ملک بھر کے گھروں اور اداروں تک پہنچے گی اور بالخصوص نوجوان نسل کو قومی یکجہتی، جمہوریت اور سماجی ہم آہنگی کے اقدار اپنانے کی ترغیب دے گی۔
تقریب میں بہار کے گورنر جناب عارف محمد خان، ہریانہ کے گورنر پروفیسر آشیم کمار گھوش، راجستھان کے گورنر جناب ہری بھاؤ کسان راؤ باگڑے، سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی، گاندھی اسمرتی اینڈ درشن سمیتی کے نائب چیئرمین جناب وجے گوئل اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 2862 )
(ریلیز آئی ڈی: 2231369)
وزیٹر کاؤنٹر : 7