وزارتِ تعلیم
ودیانجلی پروگرام میں 8.5 لاکھ سے زیادہ اسکول اور 5 لاکھ رضاکار شامل ہیں: جناب جینت چودھری
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 FEB 2026 8:13PM by PIB Delhi
ہنر مندی کے فروغ اور انٹرپرینیورشپ (آزادانہ چارج) کے مرکزی وزیر مملکت اور وزارت تعلیم کے وزیر مملکت جناب جینت چودھری نے آج راجیہ سبھا میں ودیانجلی پروگرام کے نفاذ کے حوالے سے ایک ستارہ دار سوال کا جواب دیتے ہوئے اس پہل کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت کے بارے میں ایوان کو آگاہ کیا ، جس کا مقصد کمیونٹی اور نجی شعبے کی شرکت سے سرکاری اسکولوں کو مضبوط بنانا ہے ، جس سے طلبہ و طالبات کی مجموعی ترقی اور پڑھائی کے بہتر نتائج کے لیے زیادہ سے زیادہ معاونت ہوسکتی ہے۔
قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق ستمبر 2021 میں شروع کئے جانے والے ودیانجلی پروگرام کمیونٹی کی منظم شرکت کے ذریعے سرکاری اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں کو مضبوط بنانے پرکاربند ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعہ رضاکاروں ، قدیم طلبہ، اداروں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور سی ایس آر شراکت داروں کو ان کی شناخت شدہ ضروریات کی بنیاد پر براہ راست اسکولوں سے جوڑاجاتا ہے۔
وزیر موصوف نے ایوان بالا کو بتایا کہ ستمبر 2021 میں آغاز کے بعد سے ، ودیانجلی میں ملک بھر سے تقریباً 8.5 لاکھ اسکولوں اور 5 لاکھ سے زیادہ رضاکاروں کو شامل کیا گیا ہے ۔ یہ پلیٹ فارم خدمات ، سرگرمیوں اور اثاثوں کی شکل میں تعاون کی سہولت فراہم کرتاہے، جس میں موضوعاتی رہنمائی، کریئر کونسلنگ، مصنوعی ذہانت اور کوڈنگ جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں پر ورکشاپ، خصوصی معذوریوں میں مبتلا بچوں کے لیے مدد، کھیل اور ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ درسی مواد کی فراہمی، آئی سی ٹی سہولیات، لیبارٹریز، صفائی ستھرائی کا بنیادی ڈھانچہ اور قابل تجدید توانائی کے حل شامل ہیں۔
اب تک 56,734 سے زیادہ خدمات کی سرگرمیاں اور 35,695 اثاثوں کی شراکت مکمل کی جا چکی ہے، جس سے ملک بھر کے 2 کروڑ سے زیادہ طلبہ مستفید ہوئے ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ودیانجلی پرگرام نے سمگر شکشا پہل کے تحت سرکاری کوششوں کی تکمیل کرتے ہوئے پڑھائی کے ماحول کو بہتر بنانے اور اسکول کے وسائل کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پہل منظوری، نگرانی اور تاثرات کی میکانزم کو یقینی بنانے والے ایک منظم ڈیجیٹل فریم ورک کے ذریعے کام کرتی ہے ۔ ریاستیں پلیٹ فارم کے ڈیش بورڈکے ذریعے پیش رفت کا جائزہ لیتی ہیں اور اسکول رضاکارانہ شراکت کی توثیق کرتے ہیں، جس سے شفافیت اور جواب دہی کو فروغ ملتا ہے۔
ودیانجلی پروگرام سے اسکولی تعلیم میں عوامی شرکت کے جذبے کی عکاسی ہوتی ہے اور سرکاری اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں میں طلبہ کی مدد کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کی وسیع تر شمولیت کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ۔
******
ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا
Urdu No-2329
(ریلیز آئی ڈی: 2227379)
وزیٹر کاؤنٹر : 5