صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدرِ جمہوریہ ہند نے جگدل پور میں بستر پنڈم 2026 کا افتتاح کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
07 FEB 2026 3:35PM by PIB Delhi
صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (7 فروری 2026) چھتیس گڑھ کے جگدل پور میں بستر پنڈم 2026 کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ جب اس زرخیز سرزمین پر کسان بیج بوتے ہیں تو وہ بھی پنڈم ہوتا ہے، جب آموں کا موسم آتا ہے تو وہ بھی پنڈم ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بستر کے لوگ زندگی کے ہر پہلو کو جشن کے طور پر مناتے ہیں اور دیگر لوگ بستر کے عوام کے اس طرزِ زندگی سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ بستر کی روایات اور ثقافت ہمیشہ لوگوں کو اپنی جانب راغب کرتی رہی ہیں، لیکن بدقسمتی سے یہ خطہ چار دہائیوں تک ماؤنوازوں کی دہشت گردی کی گرفت میں رہا۔ اس کے نتیجے میں یہاں کے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہوئے۔ نوجوان، قبائلی اور دلت بھائی اور بہنیں سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔تاہم، حکومتِ ہند کی ماؤنوازوں کی دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی بدولت وہ خوف، غیر محفوظ ماحول اور عدم اعتماد کا دور، جو برسوں تک موجود رہا، اب ختم ہو رہا ہے۔ جو لوگ ماؤوزم سے وابستہ تھے وہ تشدد کا راستہ ترک کر رہے ہیں اور شہریوں کی زندگیوں میں امن واپس آ رہا ہے۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں ایک بڑی تعداد میں وہ لوگ، جو پہلے ماؤنوازوں کی دہشت گردی میں ملوث تھے، انھوں نے خود سپردگی کردی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ جو لوگ ہتھیار ڈال کراصل دھارے میں واپس آئے ہیں وہ معمول کی زندگی گزار سکیں۔ ان کے لیے کئی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمیں نافذ کی جا رہی ہیں۔ریاستی حکومت کی ’نیاد نیلانر یوجنا‘ دیہی عوام کو بااختیار بنانے میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ صدرِ جمہوریہ نے خوشی کے ساتھ اس بات کا ذکر کیا کہ بستر میں ترقی کی ایک نئی صبح طلوع ہو رہی ہے۔ ہر گاؤں میں بجلی، سڑکیں اور پانی کی سہولیات دستیاب ہو رہی ہیں۔ وہ اسکول جو برسوں سے بند تھے دوبارہ کھل رہے ہیں اور بچے دوبارہ کلاسز میں شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک نہایت حوصلہ افزا منظر ہے جو تمام شہریوں کے لیے خوشی کا باعث بن رہا ہے۔
صدرِ جمہوریہ نے ان تمام افراد کی تعریف کی جو تشدد کا راستہ ترک کرکے اصل دھارے میں واپس آئے ہیں اور ان پر زور دیا کہ وہ ملک کے آئین اور جمہوریت پر مکمل اعتماد رکھیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں جمہوری نظام پر بھروسہ کرنا چاہیے اور محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ صدرِ جمہوریہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت کے لیے غریب، محروم اور پسماندہ طبقات کی فلاح وبہبود اوّلین ترجیح ہے۔ پی ایم-جنمن یوجنا اور دھرتی آبا جنجاتیا گرام اتکرش ابھیان جیسے پروگراموں کے ذریعے ترقی کے فوائد سب سے زیادہ محروم قبائلی دیہاتوں تک پہنچ رہے ہیں۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم انفرادی طور پر اور کمیونٹی کی سطح پر ترقی کی بنیاد ہے۔انہوں نے بتایا کہ قبائلی علاقوں میں ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولز قائم کیے گئے ہیں تاکہ ان علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے تمام والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم دیں۔ صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ اسی طرح چھتیس گڑھ اور بھارت کا مستقبل روشن ہوگا۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ چھتیس گڑھ کی قدیم روایات آج بھی مستحکم اور زندہ ہیں۔ دنتیشوری دیوی کے نام وقف بستر دسہرہ قبائلی ثقافت اور بھائی چارے کی ایک منفرد مثال ہے۔ ہمیں اپنی شاندار تاریخ سے تحریک حاصل کر کے روشن مستقبل کی تعمیر کرنی چاہیے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ترقی کو اپنائیں اور ساتھ ہی اپنے بھرپور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھیں۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ بستر خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں کے لوگ محنتی اور لگن والے ہیں۔انہوں نے خطے کے عوام، خاص طور پر نوجوانوں سے کہا کہ وہ ریاستی اور مرکزی حکومت کی طرف سے نافذ کی جانے والی فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں سے بھرپور فائدہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ترقی اور خوشحالی نہ صرف چھتیس گڑھ بلکہ وکست بھارت کے لیے بھی بہت اہم ہے۔
صدرِ جمہوریہ کے خطاب کو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں:
ش ح-ا ع خ ۔ر ا
U-No- 1890
(ریلیز آئی ڈی: 2224933)
وزیٹر کاؤنٹر : 15