نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
مرکزی بجٹ 27–2026 میں کھیلوں کے شعبے میں انقلاب کے لیے کھیلو انڈیا مشن کے آغاز کا اعلان؛ کھیلوں کے ساز و سامان کی تیاری کے فروغ کے لیے 500 کروڑ روپے مختص
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا کہ “وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026” نے بجٹ کی تجاویز کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث یہ بجٹ یووا شکتی پر مبنی ایک منفرد بجٹ بن گیا ہے
بجٹ میں کھیلوں کے ساز و سامان کی تیاری کے لیے ایک خصوصی اقدام کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا مقصد ملکی پیداواری صلاحیت کو مضبوط بنانا اور مقامی صنعت کو فروغ دینا ہے
اسی کے ساتھ وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کے بجٹ میں 1,133 کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جو کھیلوں کے شعبے کی ہمہ جہت ترقی اور نوجوانوں کی شمولیت کے لیے حکومت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 FEB 2026 5:09PM by PIB Delhi
مرکزی بجٹ 27–2026 بھارت کے کھیلوں کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے، جس میں صلاحیتوں کی نشوونما، بنیادی ڈھانچے کی تیاری، مینوفیکچرنگ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر مرکوز اقدامات شامل ہیں۔ پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کرتے ہوئے خزانہ و کارپوریٹ امور کی مرکزی وزیر نرملا سیتارمن نے کھیلو انڈیا مشن کے آغاز کا اعلان کیا، جس کا مقصد آئندہ ایک دہائی میں کھیلوں کے شعبے کو یکسر تبدیل کرنا ہے۔
کھیلوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا:“کھیلوں کا شعبہ روزگار، اسکلنگ اور ملازمت کے متعدد مواقع فراہم کرتا ہے۔ کھیلو انڈیا پروگرام کے ذریعے کھیلوں کی صلاحیتوں کی منظم پرورش کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے، میں آئندہ دہائی میں کھیلوں کے شعبے کو تبدیل کرنے کے لیے کھیلو انڈیا مشن شروع کرنے کی تجویز پیش کرتی ہوں۔”
مرکزی بجٹ میں کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کے فروغ کے لیے 500 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
کھیلو انڈیا مشن: کھیلوں میں عمدگی کے لیے جامع فریم ورک
کھیلو انڈیا مشن ملک بھر میں کھیلوں کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی اختیار کرے گا۔ وزیرِ خزانہ کے مطابق، مشن کی توجہ درج ذیل نکات پر ہوگی:
- مربوط ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ راستے، جنہیں بنیادی، درمیانی اور اعلیٰ سطح کے تربیتی مراکز کی معاونت حاصل ہوگی۔
- کوچز اور معاون عملے کی منظم ترقی۔
- اسپورٹس سائنس اور ٹیکنالوجی کا انضمام۔
- مقابلے اور لیگز کا انعقاد تاکہ کھیلوں کی ثقافت کو فروغ ملے اور کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم میسر آئے۔
- تربیت اور مقابلوں کے لیے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی۔
یہ مشن کھلاڑیوں کے لیے منظم راستے تشکیل دینے، ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط کرنے اور ہر سطح پر کارکردگی کے نتائج بہتر بنانے کا ہدف رکھتا ہے۔
https://x.com/i/status/2017867871783981390
https://x.com/i/status/2017884995814400071
کھیلوں کے شعبے کے لیے یووا پر مبنی بجٹ
بجٹ کی نوجوان مرکوز نوعیت پر زور دیتے ہوئے مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا کہ بجٹ کی تجاویز نوجوانوں کی شمولیتی سرگرمیوں سے ابھرنے والے خیالات اور امنگوں کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا:
“وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026 میں جناب نریندر مودی کے ساتھ کئی اختراعی خیالات شیئر کیے گئے، جنہوں نے متعدد تجاویز کو متاثر کیا۔ اسی باعث یہ بجٹ ایک منفرد یووا شکتی پر مبنی بجٹ بنا ہے۔”
https://x.com/i/status/2017884766931149015
https://x.com/i/status/2017843260291752429
کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کو فروغ
عالمی کھیلوں کی مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم میں بھارت کی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے، بجٹ میں کھیلوں کے سازوسامان کی تیاری کے لیے ایک خصوصی اقدام تجویز کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا:
“بھارت میں اعلیٰ معیار اور کم لاگت کھیلوں کے سازوسامان کا عالمی مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ میں کھیلوں کے سازوسامان کے لیے ایک خصوصی اقدام کی تجویز پیش کرتی ہوں، جو تیاری، تحقیق اور اختراع—خصوصاً آلات کے ڈیزائن اور میٹریل سائنس—کو فروغ دے گا۔”
امید ہے کہ یہ اقدام ملکی مینوفیکچرنگ کو تقویت دے گا، اختراع کی حوصلہ افزائی کرے گا اور عالمی کھیلوں کی سپلائی چین میں بھارت کی موجودگی کو مضبوط بنائے گا۔
https://x.com/i/status/2017847033403740300
نوجوانانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت کے لیے بجٹ میں نمایاں اضافہ
مرکزی بجٹ 27–2026 میں وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کے لیے مالی معاونت میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ مجموعی بجٹ الاٹمنٹ میں 1,133 کروڑ روپے کا اضافہ کرتے ہوئے بھارت کو 2036 تک دنیا کے کھیلوں کے اعلٰی 10 اور 2047 تک اعلٰی 5 ملکوں میں شامل کرنے کے وژن کو تقویت دی گئی ہے۔ وزارت کے لیے الاٹمنٹ 2025–26 (نظرِ ثانی شدہ تخمینہ) میں 3,346 کروڑ روپے سے بڑھا کر 27–2026 (بجٹ تخمینہ) میں 4,479.88 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔
اس بڑھی ہوئی الاٹمنٹ سے مرکزی سطح پر چلائی جانے والی کھیلوں اور نوجوانوں کی ترقی سے متعلق اسکیموں کے نفاذ کو مضبوط کیا جائے گا، جن میں کھلاڑیوں کی نشوونما کے پروگرام، نوجوانوں کی شمولیت کے اقدامات، کوچنگ اور معاون نظام، اسپورٹس سائنس کا انضمام اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی شامل ہیں۔
یہ اضافہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ایک مضبوط، جامع اور عالمی سطح پر مسابقتی کھیلوں کے ایکو سسٹم کی تعمیر کے لیے حکومت کے پختہ عزم کی توثیق کرتا ہے
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 1383 )
(ریلیز آئی ڈی: 2221819)
وزیٹر کاؤنٹر : 10