کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

بھارت۔یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدہ دنیا کی ایک تہائی آبادی کا احاطہ کرتا ہے اور عالمی مجموعی گھریلو پیداوار کے 25 فیصد پر اثر انداز ہوتا ہے: مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل


چار برسوں میں بھارت نے آٹھ آزاد تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے، جس سے ہنر اور تجارت کے لیے عالمی مواقع کے دروازے کھلے: جناب پیوش گوئل

چِلی کے ساتھ بھارت کے آئندہ آزاد تجارتی معاہدے اہم معدنیات تک رسائی کو فروغ دیں گے: جناب پیوش گوئل

عالمی غیر یقینیت کے باوجود مضبوط معاشی بنیادوں کے سہارے بھارت کی برآمدات میں اضافہ: جناب گوئل

ایک سو چوراسی چیپٹروں میں 5.25 لاکھ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس دنیا بھر میں بھارت کی پیشہ ورانہ برتری کا مظاہرہ کریں گے: جناب گوئل

प्रविष्टि तिथि: 30 JAN 2026 6:10PM by PIB Delhi

بھارت۔یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے کہا ہے کہ یہ معاہدہ تقریباً دنیا کی ایک تہائی آبادی کا احاطہ کرتا ہے، عالمی مجموعی گھریلو پیداوار کے لگ بھگ 25 فیصد کی نمائندگی کرتا ہے اور عالمی تجارت میں نمایاں حصہ رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بات آج گریٹر نوئیڈا میں دی انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا کے زیرِ اہتمام منعقدہ عالمی فورم اکاؤنٹنٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی معمولی وجہ سے نہیں تھا کہ یورپی کمیشن کی صدر نے بھارت۔یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کو ’’تمام معاہدوں کی ماں‘‘ قرار دیا۔

یورپی منڈی کی وسیع صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ صرف یورپی یونین تقریباً 7 ٹریلین ڈالر کی اشیاء اور 3 ٹریلین ڈالر کی خدمات درآمد کرتی ہے، جو مجموعی طور پر 10 ٹریلین ڈالر کی منڈی بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی موجودہ برآمدات اس وسیع صلاحیت کا صرف ایک معمولی حصہ ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ بھارت کے سامنے موجود مواقع بے مثال ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔

وزیرِ تجارت نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں بھارت نے آٹھ آزاد تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جو عالمی معیشت کے ساتھ بھارت کے تعلق میں ایک بنیادی تبدیلی کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے یورپ اور دیگر خطوں کی بڑی معیشتوں کا احاطہ کرتے ہیں، جن میں 27 ممالک پر مشتمل یورپی یونین، سوئٹزرلینڈ، لیختن شٹائن، ناروے اور آئس لینڈ پر مشتمل چار ملکی یورپی آزاد تجارتی اتحاد، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور عمان شامل ہیں۔ وزیر نے کہا کہ یہ معاہدے بھارتی ہنر، مہارتوں اور نوجوان پیشہ ور افراد کے لیے نئے اور اہم مواقع پیدا کر رہے ہیں، ساتھ ہی بھارت کو عالمی قدر کی زنجیروں کے ساتھ مزید مضبوطی سے جوڑ رہے ہیں۔

مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ بھارت جلد ہی چِلی کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ مکمل کرے گا، جس سے اہم معدنیات تک رسائی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ یورپی آزاد تجارتی اتحاد کے ممالک کے ساتھ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں بھارت میں 100 ارب ڈالر کی غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری کا عہد شامل ہے، جس کا مقصد بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اختراع اور اعلیٰ معیار کی تیاری کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سرمایہ کاری سے تقریباً 50 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نیوزی لینڈ نے آئندہ 15 برسوں میں بھارت میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عہد کیا ہے، جبکہ گزشتہ 25 برسوں میں اس کی مجموعی سرمایہ کاری صرف 70 ملین ڈالر رہی ہے۔

جناب گوئل نے کہا کہ یہ عہد و وعدے بھارت کی معاشی ترقی کی سمت، نوجوان آبادی کے فائدے، مہارت یافتہ افرادی قوت اور دیانت داری پر بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پیشہ ور افراد تعلیم یافتہ، بلند حوصلہ، محنتی اور عالمی سطح پر قابلِ اعتماد ہیں۔

2047 تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال قوم بنانے کے سفر میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ وِکست بھارت یعنی ترقی یافتہ اور خوشحال بھارت کی جانب ملک کے سفر کا لازمی حصہ بنیں گے، جب بھارت اپنی آزادی کے 100 برس مکمل کرتے ہوئے 30 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بھارت اور دنیا کے دیگر حصوں کے درمیان ایک مضبوط پل کے طور پر بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

موجودہ عالمی منظرنامے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ دنیا اس وقت غیر مستحکم، غیر یقینی، پیچیدہ اور مبہم حالات سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے موجودہ دور کو حقیقی معنوں میں ہنگامہ خیز اور غیر متوقع مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تبدیلیاں نہایت تیزی سے رونما ہو رہی ہیں اور صرف وہی لوگ کامیاب ہوں گے جن میں خود اعتمادی، صلاحیت، مہارت، بڑا سوچنے کی اہلیت اور مستقبل کے لیے منصوبہ بندی کرنے کا حوصلہ ہو۔ ایسی غیر یقینی صورتحال کے درمیان، جناب گوئل نے کہا کہ بھارت استحکام کے ایک نخلستان کے طور پر نمایاں ہے۔

وزیر نے اس بات کو اجاگر کیا کہ آج بھارت کے معاشی بنیادی اصول مضبوط ہیں اور یہ دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت ہے، جہاں شرحِ نمو بلند اور مہنگائی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا بینکاری نظام مضبوط ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں۔ عالمی تجارتی منڈیوں میں ہلچل کے باوجود، بھارت کی اشیاء اور خدمات کی برآمدات موجودہ سال میں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ ایک اعشاریہ چار ارب بھارتی عوام کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت لگاتار ترقی کرتا رہے گا اور جلد ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔

جناب گوئل نے قوم کی بدلتی ہوئی سوچ پر بات کرتے ہوئے یاد دلایا کہ 2014 میں بھارت دنیا کی گیارہویں بڑی معیشت تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی فیصلہ کن قیادت نے معیشت کو تبدیل کیا، عوام میں اعتماد پیدا کیا اور ترقی کی رفتار کو تیز کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب پہلے کے اندازوں سے کہیں پہلے دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کے لیے پُراعتماد ہے اور یہ تبدیلی ملک کے دور دراز علاقوں تک میں واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھارت دنیا کے ساتھ ہچکچاہٹ یا دفاعی انداز میں نہیں بلکہ اعتماد اور خود اعتمادی کے ساتھ رابطہ کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اب ایسے آزاد تجارتی معاہدوں میں داخل ہو رہا ہے جو منصفانہ، متوازن اور مساوی ہیں۔

پیشہ ور افراد کے کردار پر زور دیتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے لیے بھارت اور بیرونِ ملک، عالمی صلاحیتی مراکز، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی شراکت داریوں میں نمایاں مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیشہ درست اور شفاف حسابات کی توثیق میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھتا ہے اور ملک میں سرمایہ آتا ہے۔

وزیر نے کہا کہ 184 چیپٹروں میں چار اعشاریہ پچیس لاکھ سے زائد فعال پیشہ ور افراد سمیت مجموعی طور پر 5.25 لاکھ سے زیادہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس اور 47 ممالک میں سرگرمیوں کے ساتھ، یہ پیشہ عالمی سطح پر بھارت کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مضبوط پوزیشن میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کی سخت تربیت اور وسیع علم انہیں دنیا کے کسی بھی حصے میں کام کرنے کے قابل بناتا ہے۔

بڑا سوچنے کی تلقین کرتے ہوئے جناب گوئل نے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کو بلند اہداف رکھنے، شراکت داریاں قائم کرنے، اپنے کام کو وسعت دینے اور عالمی مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے مہارتوں کے دائرے کو وسیع کرنے، آرام دہ حدود سے باہر نکلنے اور امرت کال کے مواقع کے لیے خود کو تیار کرنے پر زور دیا۔

وزیر نے پیشہ ورانہ تربیت اور نصاب میں عالمی تجربے کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جس میں بین الاقوامی تجارت، صنعت اور خدمات جیسے شعبے شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک دنیا کے ساتھ جڑے بغیر ترقی یافتہ نہیں بن سکتا اور پیشے سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ عالمی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے خود کو تیار کریں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر جناب گوئل نے کہا کہ اگر پیشہ ور افراد اجتماعی طور پر بھارت کی ترقی کی کہانی میں بڑا کردار ادا کرنے کا عزم کریں تو چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کا پیشہ معیشت کو سہارا دینے اور امرت کال کے دوران بھارت کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ پیشہ بھارت کو ایک ترقی یافتہ قوم اور عالمی طاقت بنانے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-1327


(रिलीज़ आईडी: 2220989) आगंतुक पटल : 12
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Marathi , हिन्दी , Malayalam