راجیہ سبھا سکریٹیریٹ
azadi ka amrit mahotsav

راجیہ سبھا کے 270ویں اجلاس کے آغاز پر نائب صدرِ جمہوریہ ہند اور راجیہ سبھا کے  چیئرمین، جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن کا افتتاحی خطاب

प्रविष्टि तिथि: 29 JAN 2026 12:50PM by PIB Delhi

 چیئرمین: معزز ارکان، پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس، راجیہ سبھا کے 270 ویں سیشن کے آغاز پر آپ سب کو میرا سلام۔ یہ دیکھ کر واقعی خوشی ہوتی ہے کہ ہندوستان دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی بڑی معیشت بنا ہوا ہے اور جلد ہی تیسری بڑی معیشت بننے کے لیے تیار ہے۔ اس اجلاس کے آغاز میں، آئیے ہم خود کو یاد دلائیں کہ عالمی معیشت میں ہندوستان کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ اور مقام، قوم کی معاشی سمت کو متعین کرنے میں بطور پارلیمنٹیرین ہمارے کردار کو کلیدی بناتا ہے۔

دونوں ایوانوں سے معزز صدر جمہوریہ کے خطاب کی روشنی میں، جس نے ہماری قومی ترجیحات کے لیے ایک قطعی سمت طے کر دی ہے، یہ ایوان بھی اپنی بنیادی قانون سازی اور غور و خوض کی ذمہ داریوں کے ذریعے اپنا حصہ ڈالے گا۔ 30 نشستوں کے دوران، ہم مرکزی بجٹ 27-2026 اور حکومت کی قانون سازی کی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ مزید برآں، محکموں سے متعلق پارلیمانی قائمہ کمیٹیاں وقفے کے دوران وزارتوں اور محکموں کے گرانٹس کے مطالبات کی باریک بینی سے جانچ کریں گی۔ لہذا، میں تمام معزز ارکان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایوان کے ساتھ ساتھ کمیٹیوں کی بات چیت میں موثر تعاون کریں۔

حکومت کی بجٹ تجاویز پر اہم غور و خوض کے ساتھ ساتھ، ہمارے پاس اہم بلوں کی ایک فہرست بھی موجود ہے جس کے لیے ایوان کے کام کاج کا ایک بڑا حصہ درکار ہوگا۔ قانون سازی کے کام کی یہ وسعت ہماری اس سنجیدہ ذمہ داری پر زور دیتی ہے کہ ہم طے شدہ وقت کے ہر منٹ کو ان لوگوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے استعمال کریں جن کی ہم نمائندگی کرتے ہیں۔

میں تمام معزز ارکان پر زور دیتا ہوں کہ وہ مضبوط پارلیمانی نگرانی کرنے اور اعلیٰ ترین پارلیمانی آداب اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے میں اپنا تعاون دیں، تاکہ ایوان درج شدہ کام کاج کو بامعنی طریقے سے انجام دے سکے۔ ہماری جمہوریت خیالات کے تنوع اور جاندار بحث سے پروان چڑھتی ہے۔ خیالات کا احترام کے ساتھ تبادلہ اور تعمیری بحث ہماری پارلیمانی گفتگو کا معیار ہونا چاہیے۔ آئیے ہم اپنے آپ کو ایک ایسے اجلاس کے لیے وقف کریں جو تہذیب، نظم و ضبط اور باوقار طرزِ عمل سے عبارت ہو۔

میں معزز ارکان سے یہ بھی گزارش کرتا ہوں کہ وہ جمہوریت، نظم و ضبط اور آگہی کی ان اقدار کو برقرار رکھیں جن کا تصور بابائے قوم مہاتما گاندھی جی نے پیش کیا تھا، میں ان کا قول نقل کرتا ہوں: "جمہوریت - نظم و ضبط اور آگہی سے لیس، دنیا کی بہترین چیز ہے"۔ ایوان میں ہمارا طرزِ عمل اس نظم و ضبط اور آگہی کی عکاسی کرنا چاہیے۔

میں تمام پارلیمانی پارٹیوں کے لیڈروں اور ارکان سے مکمل تعاون کا منتظر ہوں تاکہ اس اجلاس کو نتیجہ خیز بنایا جا سکے اور اسے ایک خوشحال، خود کفیل اور 'وکست بھارت' کی طرف ہمارے سفر میں ایک مضبوط سنگِ میل ثابت کیا جا سکے۔ آئیے مل کر اس بجٹ اجلاس کو کامیاب بنائیں، جو پارلیمانی جمہوریت کے اعلیٰ ترین معیارات کی عکاسی کرے۔

 

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :  1231  )


(रिलीज़ आईडी: 2220301) आगंतुक पटल : 10
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil , Telugu