وزارت دفاع
بھارتی بحریہ نے لکشدیپ جزائر میں مشترکہ خدمات پر مشتمل ملٹی اسپیشلیٹی طبی کیمپ کا کامیاب اختتام کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 JAN 2026 3:51PM by PIB Delhi
بھارتی بحریہ نے 16 جنوری 2026 کو لکشدیپ جزائر میں پانچ روزہ مشترکہ خدمات پر مشتمل ملٹی اسپیشلیٹی طبی کیمپ کا کامیابی کے ساتھ اختتام کیا۔ یہ طبی کیمپ کاوارتی، اگتی، امینی، اندروتھ اور منیکوئے جزائر میں منعقد کیا گیا۔ اس اقدام کے ذریعے مسلح افواج نے باہمی خدماتی تعاون کے تحت دور دراز جزیرہ جاتی آبادیوں کو معیاری طبی سہولیات اور احتیاطی صحت خدمات فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس طبی کیمپ کا افتتاح 12 جنوری 2026 کو کیا گیا تھا اور اسے لکشدیپ یونین ٹیریٹری کی سول انتظامیہ اور صحت سے متعلق اداروں کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔
اس طبی کیمپ کو عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی، جہاں مجموعی طور پر 4,719 مریضوں نے ماہرین اور سپر اسپیشلسٹ ڈاکٹروں سے طبی مشاورت حاصل کی۔ لکشدیپ میں پہلی مرتبہ اس پیمانے پر منعقد ہونے والے طبی کیمپ میں ماہرین اور اعلیٰ ماہرین کی وسیع رینج دستیاب کرائی گئی، جس سے جدید طبی سہولیات تک رسائی میں نمایاں بہتری آئی۔ طبی ٹیم میں نیورولوجی، کارڈیالوجی، نیفرولوجی، اینڈوکرائنولوجی اور گیسٹروانٹرولوجی کے ماہرین شامل تھے، جن کی معاونت میڈیسن، سرجری، ای این ٹی، امراضِ چشم، جلدی امراض، ڈینٹل سرجری، ریڈیالوجی اور کمیونٹی میڈیسن کے ماہرین نے کی۔
طبی ٹیموں اور آلات کی فوری تعیناتی اور ہر جزیرے پر مکمل طور پر فعال طبی سہولیات کے قیام نے تینوں مسلح افواج کے درمیان اعلیٰ سطح کے تال میل اور مشترکہ کارروائی کو نمایاں کیا۔ عملے اور حساس طبی آلات کی منصوبہ بند فضائی اور بحری ترسیل نے خدمات کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور باہمی تعاون کی واضح مثال پیش کی۔
تمام جزائر میں جامع طبی اور جراحی خدمات فراہم کی گئیں۔ مجموعی طور پر 51 جنرل سرجری کے آپریشن انجام دیے گئے، جس سے مریضوں کو مین لینڈ کے اسپتالوں میں ریفر کرنے کی ضرورت میں نمایاں کمی آئی۔ شعبۂ امراضِ چشم میں 71 موتیا بند (کیٹریکٹ) کے آپریشن کیے گئے، جس سے بڑی عمر کے متعدد مریضوں کی بینائی بحال ہوئی۔ جدید تشخیصی سہولیات کے تحت 50 سے زائد اینڈوسکوپی کے معائنے، 50 سے زیادہ ایکو کارڈیوگرافی ٹیسٹ اور دل کے معائنے کے لیے متعدد ٹریڈمل ٹیسٹ کیے گئے۔ ریڈیالوجی خدمات کے دوران 250 سے زائد الٹراساؤنڈ معائنے انجام دیے گئے، جبکہ 100 سے زیادہ دندان سازی(ڈینٹل) کے طریقۂ علاج اور 30 سے زائد معمولی جلدی امراض کے علاج بھی کیے گئے۔ تمام طبی خدمات اور ادویات بلا معاوضہ فراہم کی گئیں۔
پائیدار تعاون کے طور پر بھارتی بحریہ نے اگتی اور امینی کے طبی مراکز کو دو ای سی جی مشینیں عطیہ کیں۔ اس کے ساتھ ساتھ معلومات، تعلیم اور ابلاغ (آئی ای سی) سے متعلق وسیع سرگرمیاں بھی انجام دی گئیں، جن میں احتیاطی صحت، صحت مند طرزِ زندگی، کینسر سے آگاہی، ذہنی صحت اور بیسک لائف سپورٹ(بی ایل ایس) کی تربیت شامل تھی۔
لکشدیپ کے عوام اور یونین ٹیریٹری انتظامیہ کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل کرنے والا یہ مشترکہ خدمات پر مشتمل ملٹی اسپیشلیٹی طبی کیمپ اپنے وسیع پیمانے، پیشہ ورانہ معیار اور ٹھوس اثرات کے باعث نمایاں رہا۔ متحدہ تینوں مسلح افواج کی کوششوں کے ذریعے جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور احتیاطی صحت سے متعلق آگاہی کو فروغ دے کر، بھارتی مسلح افواج نے ایک بار پھر ملک کے دور دراز علاقوں میں بسنے والے شہریوں کی صحت و فلاح و بہبود کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
(1)7WSN.jpeg)
(1)QTYJ.jpeg)
(1)AO8N.jpeg)
(1)333D.jpeg)
FN1N.jpeg)
WM5B.jpeg)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ ش ت۔ع ن)
U. No. 748
(ریلیز آئی ڈی: 2215970)
وزیٹر کاؤنٹر : 36