دیہی ترقیات کی وزارت
جی-رام-جی ثبوت اور تجربے سے کارفرما ہے ، نہ کہ مفروضوں یا خدشات سے ؛ حکومت دیہی مشنوں پر شفاف مواصلات کے لیے پرعزم ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
لیکج کی روک تھام، جعلی جاب کارڈز کے خاتمے اور دیہی کارکنوں تک حقیقی فوائد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جی-رام-جی کو ڈیجیٹل طور پر نافذ کیا گیا ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
جی-رام-جی کے تحت مالیاتی نظم و ضبط اور پائیدار دیہی اثاثوں کے قیام کے لیے ہم آہنگ منصوبہ بندی اور ریاست وار معیاری تخصیص: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
प्रविष्टि तिथि:
13 JAN 2026 7:18PM by PIB Delhi
ایک ذمہ دار حکومت کا فرض ہے کہ وہ سیاسی تعصبات سے بالاتر ہو کر عوام کے سامنے حقائق کو واضح اور شفاف انداز میں پیش کرے، بالخصوص جب پالیسیاں براہِ راست دیہی علاقوں، معاشی ذرائع اور طویل المدتی قومی نتائج پر اثرانداز ہوتی ہوں۔ اسی مقصد کے تحت، سائنس و ٹیکنالوجی اور ارتھ سائنسز کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، نیز وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، جوہری توانائی اور خلا کے وزیر مملکت، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وکست بھارت انرجی فار ایمپلائمنٹ اینڈ لائیولی ہُڈ مشن (گرامین) پر میڈیا سے خطاب کیا، جسے جی-رام-جی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ یہ پہل مفروضات یا خدشات کے بجائے شواہد، عملی تجربے اور زمینی حقائق پر مبنی ہے۔
ایک پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جی-رام-جی کو ایک ڈیجیٹل طور پر فعال، توسیع پذیر اور نتائج پر مبنی فریم ورک کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جو ماضی کے عوامی روزگار پروگراموں سے حاصل شدہ اسباق سے استفادہ کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مشن میں شفافیت، جوابدہی اور اثاثوں کی تخلیق میں بہتری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، تاکہ روزگار کے مواقع بامعنی، قابلِ پیمائش اور دیہی برادریوں کے لیے براہِ راست فائدہ مند ثابت ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشن جدید ٹیکنالوجیز، جیسے جی پی ایس پر مبنی نگرانی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ماڈلز کو مربوط کرتا ہے، تاکہ کاموں کی حقیقی وقت میں نگرانی اور فنڈز کے مؤثر و شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر موصوف نے وضاحت کی کہ جی-رام-جی کی بنیادی قوتوں میں سے ایک اس کے مربوط اور ہمہ جہت نقطۂ نظر میں مضمر ہے، جس کے تحت اُن مختلف عوامی کاموں کو یکجا کیا گیا ہے جو اس سے قبل الگ الگ دائروں میں نافذ کیے جاتے تھے۔ منصوبہ بندی، عمل درآمد اور نتائج کو ایک لڑی میں پرونے کے ذریعے، یہ مشن کاموں کی غیر ضروری تکرار، فنڈز کے غلط استعمال اور قلیل المدتی اثاثوں کی تخلیق کو روکنے کا ہدف رکھتا ہے، جبکہ پانی کے تحفظ، دیہی بنیادی ڈھانچے اور زرعی مزدوروں کی دستیابی جیسی طویل المدتی ضروریات کو ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر منصوبہ واضح طور پر متعین نتائج سے منسلک ہے، تاکہ عوامی اخراجات کے نتیجے میں پائیدار اور دیرپا کمیونٹی اثاثے وجود میں آ سکیں۔
اہم ساختی اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ اجرتی روزگار کے ضمانت شدہ دنوں کی تعداد 100 سے بڑھا کر 125 کر دی گئی ہے، جو روزگار اور روزی روٹی کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کی عکاس ہے۔ فرضی مستفیدین اور جعلی جاب کارڈز سے متعلق دیرینہ خدشات کے ازالے کے لیے پورے نظام کو مضبوط چیک اینڈ بیلنس کے ساتھ مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے، تاکہ فوائد صرف حقیقی کارکنوں تک پہنچیں اور ہر قسم کے رساو کا خاتمہ ہو سکے۔
مالی نظم و ضبط کے حوالے سے وزیر موصوف نے کہا کہ جی-رام-جی کھلی اور مانگ پر مبنی الاٹمنٹ کے نظام سے ہٹ کر معروضی معیارات پر مبنی، ریاست وار معیاری الاٹمنٹ ماڈل کی جانب پیش قدمی کرتا ہے۔ فنڈنگ کا طریقۂ کار 60:40 کے مرکز-ریاست شراکتی پیٹرن کے تحت ہوگا، جس میں شمال مشرقی ریاستوں، ہمالیائی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے خصوصی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مالی ڈھانچہ نہ صرف ذمہ دارانہ مالی نظم و نسق کو فروغ دیتا ہے بلکہ نفاذ کے عمل میں ریاستی ملکیت اور جوابدہی کو بھی مستحکم کرتا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روزگار کے کاموں کو مقامی زرعی کیلنڈر کے ساتھ ہم آہنگ کیا جانا نہایت اہم ہے، تاکہ دیہی مزدور زرعی سرگرمیوں اور اجرتی روزگار کے درمیان مؤثر توازن قائم رکھ سکیں۔ فریم ورک میں موسمی لچک اور قدرتی آفات جیسی ہنگامی صورتحال کے دوران 60 دن تک کام روکنے کی گنجائش بھی شامل کی گئی ہے، جو حساسیت اور لچک دونوں کی عکاسی کرتی ہے۔ مشن کے تحت اب اجرت کی ادائیگی ہفتہ وار بنیادوں پر کی جائے گی، جس سے کارکنوں کی آمدنی کے استحکام میں نمایاں بہتری آئے گی۔
مشن کے پس منظر میں کارفرما فلسفے کا اعادہ کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ دیانت دار، شفاف اور پیداواری روزگار کے ذریعے دیہات کو مضبوط بنانا مہاتما گاندھی کے دیہی بااختیار بنانے کے وژن کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشن علامتی اقدامات کے بجائے حقیقی ترقی اور جوابدہ حکمرانی کے ذریعے دیہی معاشروں کو بااختیار بنانے پر مرکوز ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر موصوف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حکومت قومی مفاد میں جی-رام-جی سے متعلق حقائق کو معروضی اور شفاف انداز میں عوام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشن سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر، دیہات، مزدوروں اور ملک کی مجموعی فلاح و بہبود کو مرکز میں رکھتے ہوئے، مسلسل فیڈ بیک اور بہتری کے عمل کے ذریعے آگے بڑھتا رہے گا۔
WYWH.JPG)
DB61.JPG)
3F7Q.JPG)
PAUV.JPG)
***
UR-544
(ش ح۔اس ک )
(रिलीज़ आईडी: 2214315)
आगंतुक पटल : 9