وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری
azadi ka amrit mahotsav

ماہی گیری، مویشی پروری اور ڈیری کے مرکزی وزیر “بلیوفوڈ سیکورٹی: سی دی فیوچر” پرمنعقد ہونے والی دوسری عالمی سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے اسرائیل کا دورہ کریں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 JAN 2026 11:38AM by PIB Delhi

ماہی گیری، مویشی پروری اور ڈیری کے مرکزی وزیر جناب راجیو رنجن سنگھ 13 تا 15 جنوری 2026 کو اسرائیل کے سرکاری دورے پر جائیں گے۔ یہ دورہ اسرائیل کے وزیر زراعت و فوڈ سیکورٹی جناب اوی ڈکٹر کی دعوت پر ہو رہا ہے تاکہ ایلات، اسرائیل میں منعقد ہونے والی “سیکنڈ گلوبل سمٹ آن بلیو فوڈ سیکورٹی: سی دی فیوچر” میں شرکت کی جا سکے۔ یہ دورہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری کو اجاگر کرتا ہے اور ماہی پروری اور آبی زراعت (ایکوا کلچر)کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

دورے کے دوران، سمٹ میں شرکت کے علاوہ، جناب راجیو رنجن سنگھ کی اپنے اسرائیلی ہم منصب وزیر اوی ڈکٹر اور کانفرنس میں شریک دیگر ممالک کے وزراء کے ساتھ علیحدہ علیحدہ دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

توقع ہے کہ مباحثے کا محور پالیسی ہم آہنگی اور ادارہ جاتی شراکت داری کے ذریعے دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانا، پائیدار ماہی گیری کے انتظام اور جدید آبی زراعتی ٹیکنالوجیز کو فروغ دینا، تحقیق، صلاحیت سازی اور جدت کے روابط کو بڑھانا، بہتر مارکیٹ رسائی اور معیارات کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنا، جدید آبی زراعت میں مشترکہ تحقیق و ترقی، اور پائیداری، ماحولیاتی لچک اور خوراک کی سلامتی پر زور کے ساتھ بلیو اکنامی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہوگا۔

وزیر موصوف زرعی، ماہی گیری اور آبی زراعت کے شعبوں میں اسرائیل کی بڑی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کے سی ای اوز سے بھی ملاقات کریں گے۔ پروگرام میں اہم اداروں اور جدت مراکز کے دورے شامل ہیں، جو ماہی گیری اور آبی زراعت کے شعبے میں اسرائیل کے جدید تکنیکی ماحولیاتی نظام کی بصیرت فراہم کرتے ہیں۔

توقع ہے کہ یہ دورہ بھارت اور اسرائیل کے طویل مدتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا، ماہی گیری اور آبی زراعت میں تعاون کو مضبوط بنائے گا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

***

ش ح۔ش ت ۔ م الف

U No. 437


(ریلیز آئی ڈی: 2213594) وزیٹر کاؤنٹر : 40