وزارت خزانہ
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے سرحد پار سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ایک بڑے منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔ کارروائی کے دوران 40 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا اور 2.9 کروڑ روپے نقد رقم ضبط کر لی گئی
ڈی آر آئی نے دہلی اور اگر تلہ میں تلاشی کارروائیاں انجام دیں، جن کے نتیجے میں دوبئی اور بنگلہ دیش سے چلنے والے ایک منظم بین الاقوامی سونے کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا پردہ فاش ہوا
प्रविष्टि तिथि:
07 JAN 2026 6:36PM by PIB Delhi
سرحد پار اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے دہلی اور اگر تلہ میں تلاشی کارروائیاں انجام دیں اور دوبئی اور بنگلہ دیش سے سرگرم ایک منظم بین الاقوامی سونے کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ اس کارروائی کے دوران 29 کلوگرام سے زائد غیر ملکی سونا اور تقریباً 2 کروڑ 90 لاکھ روپے نقد رقم ضبط کی گئی۔

مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 6 جنوری 2026 کو اسمگلنگ نیٹ ورک کے ایک اہم رکن کو ایک گھریلو لاجسٹکس گودام سے اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اگر تلہ، تریپورہ سے بھیجی گئی دو کھیپیں وصول کر رہا تھا۔ کھیپوں کی جانچ کے دوران بین الاقوامی ریفائنری کے نشانات والا 15 کلوگرام غیر ملکی سونا برآمد ہوا، جس کی مالیت تقریباً 20 کروڑ 73 لاکھ روپے بتائی گئی۔
اسی دوران دہلی اور اگر تلہ میں مختلف مقامات پر کی گئی بیک وقت تلاشی کارروائیوں کے نتیجے میں مزید 14.2 کلوگرام غیر ملکی سونا اور 2 کروڑ 90 لاکھ روپے نقد رقم برآمد کی گئی، جس میں بھارتی اور بنگلہ دیشی کرنسی شامل ہے۔

یوں کسٹمز ایکٹ کی دفعات کے تحت مجموعی طور پر 29.2 کلوگرام سونا جس کی مالیت تقریباً 40 کروڑ روپے ہے، اور 2 کروڑ 90 لاکھ روپے نقد رقم ضبط کی گئی۔ مزید برآں، اسمگلنگ نیٹ ورک کے چار ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔


تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ نیٹ ورک تریپورہ کے راستے بھارت–بنگلہ دیش سرحد سے سونا اسمگل کر کے بھارت میں داخل کرتا تھا اور بعد ازاں گھریلو کارگو خدمات کے ذریعے اسے دہلی منتقل کیا جاتا تھا۔ اس پوری کارروائی میں دبئی اور بنگلہ دیش میں موجود ہینڈلرز کے ساتھ ساتھ اگر تلہ میں زیورات کی دکانیں چلانے والے مقامی عناصر کی سرگرم ملی بھگت شامل تھی۔
غیر قانونی سونے کی ترسیل کو ناکام بنا کر ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) بھارت کے معاشی اور مالیاتی استحکام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ایک منصفانہ اور شفاف تجارتی ماحول کو یقینی بنانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔
مزید تحقیقات جاری ہیں۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :248 )
(रिलीज़ आईडी: 2212195)
आगंतुक पटल : 15