شہری ہوابازی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ایئرلائن کے کام کاج کی فوری بحالی اور مسافروں کے لیے سہولت کے اقدامات

प्रविष्टि तिथि: 07 DEC 2025 5:08PM by PIB Delhi

 

کام کاج کی موجودہ صورتحال

وزارت شہری ہوا بازی (ایم او سی اے) نے حالیہ انڈیگو آپریشنل بحران کی وجہ سے پیدا ہونے والے خلل کو دور کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تیز اور فیصلہ کن اقدامات کیے ہیں کہ مسافروں کو مسلسل مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ملک بھر میں فضائی سفر کی سرگرمیاں تیزی سے مستحکم ہو رہی ہیں۔ تمام دیگر ملکی ایئرلائنز مکمل صلاحیت کے ساتھ معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں، جبکہ انڈیگو کی کارکردگی میں آج مستحکم بہتری دیکھی گئی ہے اور پروازوں کا شیڈول معمول کی سطح کی طرف واپس آ رہا ہے۔ انڈیگو کی پروازیں 05.12.25 کو 706 سے بڑھ کر 06.12.25 کو 1,565 ہو گئی ہیں اور آج کے دن کے اختتام تک یہ 1,650 تک پہنچنے کا امکان ہے۔

 اضافی قیمت سے بچاؤ کی خاطر فضائی کرایوں کے ضابطے

حالیہ پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے طلب میں تبدیلی اور کرایوں میں عارضی اضافہ ہونے کے پیشِ نظر، وزارت نے فوری اثر کے ساتھ کرایوں پر حد مقرر کی۔ یہ اقدام مسافروں کے لیے شفافیت اور سستی قیمتوں کو یقینی بناتا ہے۔ اس حکم کے نفاذ کے بعد متاثرہ راستوں پر کرایوں کی سطح مناسب حد تک معتدل ہو گئی ہے۔ تمام ایئرلائنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نظرثانی شدہ کرایہ جات کی ساخت کی سختی سے پابندی کریں۔

مسافروں کے ریفنڈ اور دوبارہ شیڈولنگ کی معاونت

مسافروں کے مالی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے وزارت نے انڈیگو کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ منسوخ یا شدید تاخیر والی پروازوں کے تمام ریفنڈ آج شام 8 بجے تک مکمل کیے جائیں۔ اب تک انڈیگو نے کل  610 کروڑ  روپئے کے ریفنڈز جاری کیے ہیں۔ منسوخی کے اثرات کے تحت سفر کو دوبارہ شیڈول کرنے پر کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ مسافروں کی معاونت کے لیے خصوصی تعاون مراکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ ریفنڈ اور دوبارہ بکنگ کے مسائل بروقت اور بغیر کسی دقت کے حل کیے جا سکیں۔

بیگج کی بازیابی اور فراہمی

وزارت نے انڈیگو کو ہدایت دی ہے کہ خلل کے باعث مسافروں سے الگ ہوئے تمام بیگج 48 گھنٹوں کے اندر تلاش کر کے پہنچائے جائیں۔ اس عمل کے دوران مسلسل رابطے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس اقدام کے تحت، انڈیگو نے کل بھارت میں مسافروں کو 3,000 بیگج کی فراہمی کامیابی سے مکمل کر دی ہے۔

ایئرپورٹ آپریشنز اور زمینی سہولتیں

نئی دہلی، ممبئی، بنگلورو، چنئی، حیدرآباد، احمد آباد اور گوا کے ایئرپورٹ ڈائریکٹرز نے تصدیق کی ہے کہ آج تمام ٹرمینلز میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔ چیک ان، سیکیورٹی اور بورڈنگ پوائنٹس پر مسافروں کی روانگی بغیر رش کے ہموار رہی۔ زمینی معاونت کو بڑھایا گیا ہے، اور ایئرپورٹ آپریٹرز اور سی آئی ایس ایف کی بروقت تعیناتی کے ذریعے نگرانی مضبوط کی گئی ہے۔

بر وقت نگرانی اور کنٹرول اقدامات

ایم او سی اے کا 24×7 کنٹرول روم ایک مربوط کوآرڈینیشن ہب کے طور پر کام کر رہا ہے، جو پروازوں کی نگرانی، ایئرپورٹ کی صورتحال اور مسافروں کی معاونت کی ضروریات کی نگرانی کر رہا ہے۔ مسافروں کے کالز پر فوری توجہ دی جا رہی ہے اور ضرورت کے مطابق مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہماری ٹیمیں زمینی سطح پر تعینات ہیں تاکہ آپریشنل منصوبہ بندی، عملے کے شیڈول اور مسافروں کو سنبھالنے کے معیار کی نگرانی ہو اور مکمل تعمیل یقینی بنائی جا سکے۔

مسافروں کے لیے یقین دہانی

وزارت شہری ہوا بازی عوام کو یقین دلاتی ہے کہ مسافروں کی حفاظت، سہولت اور وقار حکومت ہند کی اعلیٰ ترین ترجیح ہیں۔ فضائی نیٹ ورک تیزی سے مکمل معمول کی جانب بڑھ رہا ہے اور تمام اصلاحی اقدامات جاری رہیں گے جب تک کہ آپریشنز مکمل طور پر مستحکم نہ ہو جائیں۔

وزارت مسلسل نگرانی جاری رکھے گی تاکہ مسافروں کے حقوق اور مفادات کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے، اور مزید معلومات وقتاً فوقتاً فراہم کی جائیں گی۔

 

************

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :2584    )


(रिलीज़ आईडी: 2200146) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Bengali , Odia