صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
قبرص کے پارلیمانی وفد کی صدر جمہوریہ ہند سے ملاقات
Posted On:
26 NOV 2025 6:42PM by PIB Delhi
قبرص کے ایک پارلیمانی وفد نے، جس کی قیادت قبرص کے ایوانِ نمائندگانِ کی صدر محترمہ انیتا دیمتریو کر رہی تھیں، آج (26 نومبر 2025) راشٹرپتی بھون میں بھارت کی صدر محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔
صدرِ جمہوریہ نے محترمہ دیمتریو اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور قبرص جمہوری اقدار اور مضبوط پارلیمانی روایات کے تحت ایک دوسرے کے قریبی شراکت دار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت قبرص کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو باہمی احترام اور مشترکہ اسٹریٹجک ویژن پر قائم ہیں۔
صدر نے کہا کہ حالیہ برسوں میں بھارت اور قبرص کے درمیان سیاسی روابط، اقتصادی تعاون، دفاعی شراکت داری اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت–قبرص اقتصادی تعلقات میں وسعت کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور کامن ویلتھ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ملکوں کے قریبی تعاون کی بھی ستائش کی۔
صدرِ جمہوریہ اس بات پر خوش ہوئیں کہ محترمہ انیتا دیمتریو قبرص کی ایوانِ نمائندگان کی پہلی خاتون اور کم عمر ترین اسپیکر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف قبرص ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے بھی ایک محرک اور مثال ہے۔ صدر نے بھارت میں خواتین کی بڑھتی ہوئی جمہوری شمولیت کا ذکر کیا اور کہا کہ پنچایتی راج نظام میں لاکھوں خواتین فعال عوامی زندگی کا حصہ بن رہی ہیں۔ خواتین کو لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں ایک تہائی نشستوں کی ضمانت دینے کے لیے ایک تاریخی قانون بھی منظور کیا گیا ہے۔
صدرِ جمہوریہ نے امید ظاہر کی کہ اس دورے کے دوران قبرص کا پارلیمانی وفد بھارت کی جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے بارے میں اہم معلومات حاصل کرے گا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ایسا پارلیمانی تبادلہ بھارت اور قبرص کے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-1879
(Release ID: 2194926)
Visitor Counter : 7