وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

ایس وی سی سی اور کونا یور ساؤ پاؤلو نے روایتی طب میں بھارت–برازیل تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے تیسری بین الاقوامی آیوروید کانفرنس کی میزبانی کی


کانفرنس برازیل میں آیوروید کے 40 سال مکمل ہونے کا جشن مناتی ہے اور روایتی صحت کے میدان میں دو طرفہ شراکت داری کو مضبوط بناتی ہے

آیوروید کی عالمی توسیع کو نئی دہلی میں ہونے والی دوسری عالمی ادارۂ صحت کی گلوبل سمٹ برائے روایتی طب میں پیش کیا جائے گا

سکریٹری ویدیا راجیش کوٹیکا نے کہا: ’’آیوروید شمولیت، ہمدردی اور توازن کے فلسفے کی عکاسی کرتا ہے‘‘

سفیر دنیش بھاٹیا نے کہا: ’’روایتی نظام بتدریج سائنسی اظہار پا رہے ہیں، جس سے عالمی صحت کے مکالمے کو نئی سمت اور وسعت مل رہی ہے‘‘

Posted On: 16 NOV 2025 10:13AM by PIB Delhi

تیسری بین الاقوامی آیوروید کانفرنس 14 تا 15 نومبر 2025 کو سوامی ویویکانند کلچرل سینٹر (ایس وی سی سی) اور کونا یور، ساؤ پاؤلو، برازیل کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔ دو روزہ کانفرنس جو انڈین کونسل فار کلچرل رلیشنز (آئی سی سی آر) کے تحت منعقد کی گئی، برازیل میں آیوروید کے 40 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ہوئی اور اس میں لاطینی امریکہ اور بھارت سے ماہرین، معالجین، اسکالرز اور طلبہ نے شرکت کی۔ اجلاس کا مرکزی موضوع’’آیوروید میں تنوع اور شمولیت: ہر انسان اور ہر مخلوق کی نگہداشت‘‘ تھا۔

کانفرنس کا افتتاح برازیل میں بھارتی سفیر معزز جناب دنیش بھاٹیا نے کیا۔ انہوں نے بھارت اور برازیل کے درمیان روایتی صحت کے نظام میں بڑھتے ہوئے تعاون کو اجاگر کیا۔ سفیر نے کہا کہ عالمی سطح پر آیوروید کی اہمیت سائنسی تحقیق اور بین الاقوامی اشتراک کے ذریعے مزید مضبوط ہو رہی ہے اور یہ پیش رفت جلد نئی دہلی میں 17 تا 19 دسمبر 2025 کو منعقد ہونے والی ڈبلیو ایچ اووزارتِ آیوش گلوبل سمٹ برائے روایتی طب میں مزید نمایاں ہو کر سامنے آئے گی۔

سفیر نے اس حقیقت کو سراہا کہ برازیل جنوبی امریکہ کا پہلا ملک ہے جس نے سرکاری طور پر آیوروید کو تسلیم کیا۔ انہوں نے برازیل کے نائب صدر جناب جیرالدو الکمن کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید نئی دہلی کے حالیہ دورے کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے آیوروید اور بھارتی ثقافت کے فروغ میں ایس وی سی سی کی لگن کی تعریف کی اور وزارتِ آیوش کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ایسے اقدامات کی مسلسل حمایت کرتی ہے۔

وزارتِ آیوش کے سکریٹری ڈاکٹر (ویدیا) راجیش کوٹیکا نے کلیدی خطاب پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آیوروید شمولیت، ہمدردی اور جسم، ذہن اور ماحول کے ہم آہنگ توازن کا فلسفہ پیش کرتا ہے۔ انہوں نے بھارت اور برازیل کے درمیان روایتی طب میں مضبوط شراکت داری کو اجاگر کیا، جسے دونوں ممالک کی وزارتِ صحت کے درمیان مفاہمت نامے اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید جے پور اور برازیلی یونیورسٹیوں کے ادارہ جاتی تعاون نے مزید تقویت دی ہے۔

ڈاکٹر کوٹیکا نے گزشتہ چار دہائیوں میں برازیل میں آیوروید کو فروغ دینے والے اساتذہ، محققین اور معالجین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے وزیرِ آیوش جناب پرتاپ راؤ جادھو کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں بھارت ثبوت پر مبنی روایتی طب کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر جیوتی کرن شکلا ڈائریکٹر ایس وی سی سی نے بھارت اور برازیل کے مابین فلاح و تندرستی کی روایات کے مشترکہ ورثے اور آیوروید میں ثقافتی و تعلیمی اشتراک کو فروغ دینے میں ایس وی سی سی اور آئی سی سی آر کے کردار پر زور دیا۔

کانفرنس میں موضوعاتی لیکچرز، پلینری سیشنز اور ایک جنرل اسمبلی شامل تھی، جن میں اہم موضوعات جیسے آبائی علم، آیوروید میں تنوع اور شمولیت، اور برازیل میں آیوروید کے پیشہ ورانہ ضابطے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ منتظمین نے اعلان کیا کہ آیوروید کو برازیلین کلاسیفیکیشن آف آکوپیشنز میں شامل کرلیا گیا ہے، جو اس نظام کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے۔

ساؤ پاؤلو میں بھارت کے قونصل جنرل جناب ہنس راج سنگھ ورما نے قدرتی اور حفاظتی صحت کی دیکھ بھال کو فروغ دینے میں بھارت–برازیل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

دو روزہ پروگرام میں مختلف لیکچرز شامل تھے، جن میں’’دیویویا پاشرایا: روح کی شفایابی – گنگا اور مغرب کے درمیان ایک پل‘‘ از پاؤلو باستوس گونسالویس، ’’پرتھوی سے آکاش تک: لطیف تبدیلی کا سفر‘‘ از وینیسا سینٹیٹی، ’’آیوروید بطور شفایابی کا راستہ‘‘ از ڈاکٹر رِیتا بیٹریز ٹوکانتینس وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ کانفرنس ’’برازیل میں آیوروید کا مستقبل: اگلے 40 سال کی تعمیر‘‘ کے عنوان سے ایک گول میز اجلاس کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

غور و خوض نے آیوروید کے بڑھتے ہوئے عالمی اثرات کی تصدیق کی اور نئی دہلی میں ہونے والی ڈبلیو ایچ او–وزارتِ آیوش گلوبل سمٹ برائے روایتی طب کے لیے بنیاد مضبوط کی، جس کا مقصد جامع صحت اور پائیدار بہبود میں بین الاقوامی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0015CHK.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0029D9J.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0035S83.jpg

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-1321


(Release ID: 2190488) Visitor Counter : 8