PIB Headquarters
azadi ka amrit mahotsav

ذہنی صحت کو سمجھنا


عالمی تناظر اور ہندوستانی اقدامات

Posted On: 09 NOV 2025 3:05PM by PIB Delhi

ذہنی فلاح و بہبود صرف خوش رہنے یا اچھے موڈ میں ہونے تک محدود نہیں بلکہ اس میں ہماری تمام ذہنی، جذباتی، سماجی، علمی اور جسمانی صلاحیتیں شامل ہیں۔ اگر ہم اپنی ذہنی صحت کا مناسب خیال رکھیں تو زندگی کے چیلنجوں سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور بھرپور زندگی گزارنے کے امکانات زیادہ ہو جاتے ہیں۔

ذہنی صحت ایک بنیادی انسانی حق ہے اور ذاتی، سماجی اور معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ پچھلے کچھ سالوں میں ذہنی صحت کے مسائل پر توجہ میں اضافہ ہوا ہے اور ان پر بحث بھی بڑھ گئی ہے۔ اگرچہ اس شعبے سے وابستہ مختلف طبی، مشاورتی، مریضوں اور دیگر برادریوں(کمیونٹیوں) کے درمیان ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ذہنی صحت پر گہری توجہ دی جا رہی ہے، لیکن عالمی کووِڈ-19 وبائی بیماری نے اپنے وسیع اثرات کے باعث اس مسئلے پر دوبارہ توجہ مرکوز کرنے کے لیے ایک محرک کے طور پر کام کیا ہے (اقوامِ متحدہ، 2021)۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق، ذہنی صحت کے عوارض دنیا بھر میں معذوری کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ہیں۔ 2021 میں یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ عالمی سطح پر ہر 7 میں سے 1 فرد ذہنی عارضے کے ساتھ زندگی گزار رہا ہے، جو 1.1 بلین سے زیادہ افراد کے برابر ہے۔ ہندوستان میں، ہر 100 میں سے تقریباً 11 افراد ذہنی صحت کے مسائل کا شکار ہیں۔

 

ان عوارض کا اثر تمام عمر کے گروپوں پر ظاہر ہوتا ہے، خصوصاً 15 تا 29 سال کی عمر کے درمیان، جہاں افسردگی اور اضطراب کی خرابیوں کی وجہ سے معذوری کے ساتھ گزرتے سال (وائی ایل ڈی ) زیادہ دیکھے گئے ہیں۔

لینسیٹ کے ایک مطالعے (2020) کے مطابق، ذہنی صحت کی خرابی عالمی بیماریوں کے بوجھ کا 5.2 فیصد ہے، جس میں افسردگی 6.2 فیصد اور اضطراب 4.7 فیصد وائی ایل ڈی میں حصہ رکھتے ہیں (دماغی صحت ایٹلس، 2024)۔ یہ بڑھتا ہوا بوجھ عالمی سطح پر صحت کے نظام کے لیے ذہنی صحت سے متعلق مسائل کے بڑھتے ہوئے چیلنج کی نشاندہی کرتا ہے۔

حکومتِ ہند نے علاج کے خلا، بیماری کے بوجھ اور ذہنی بیماری سے متعلق معذوری کی حد کو کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں (قومی صحت پالیسی، صفحہ 4)۔ یہ اپنی مختلف پالیسیوں اور پروگراموں کے ذریعے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے سرگرم ہے۔

ماخذ: پریس انفارمیشن بیورو (7 فروری 2025)ہندوستان میں ذہنی صحت کی دیکھ بھال کو آگے بڑھانا، وزارتِ صحت و خاندانی بہبود، حکومتِ ہند۔

(https://pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2100706)

 

ذہنی صحت کی بیماریوں کی اقسام

بھارت میں ذہنی صحت

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ نیورو سائنسز (این آئی ایم ایچ اے این ایس)کے ذریعہ 2015-16 کے نیشنل مینٹل ہیلتھ سروے (این ایم ایچ ایس)کے مطابق، تقریباً 10.6 فیصد ہندوستانی بالغ افراد — یعنی ہر 100 بالغوں میں سے تقریباً 11 افراد — تشخیص کے قابل ذہنی صحت کی خرابی کے ساتھ زندگی گزار رہے تھے۔

سروے میں یہ بھی انکشاف ہوا:

  • ہندوستان کی 15 فیصد بالغ آبادی ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا کرتی ہے، جن میں مداخلت کی ضرورت ہوتی ہے۔
  • زندگی بھر میں ذہنی عوارض کا پھیلاؤ 13.7 فیصد تھا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان میں ہر 100 میں سے 14 افراد کو اپنی زندگی کے کسی نہ کسی موڑ پر ذہنی عوارض کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
  • دیہی علاقوں (6.9فی صد) کے مقابلے میں شہری علاقوں (13.5فی صد) میں ذہنی صحت کی خرابی زیادہ عام ہے۔

این آئی ایچ ایم اے این ایس کے 2019 کے مطالعے کے مطابق، ذہنی صحت کی خرابی مردوں (10فی صد) کے مقابلے میں خواتین (20فی صد) میں زیادہ عام ہے۔ ہندوستان میں خواتین، خاص طور پر اپنے مرد ہم منصبوں کے مقابلے میں، افسردگی، اضطراب اور جسمانی شکایات جیسے حالات کا زیادہ شکار پائی جاتی ہیں۔

بھارت میں خودکشی کی شرح بڑھ رہی ہے۔ 2023 کی نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی)کی رپورٹ "ہندوستان میں حادثاتی اموات اور خودکشی" کے مطابق:

  • 2023 میں ملک میں 1,71,418 خودکشی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
  • NCRB کی 2023 کی رپورٹ میں خودکشی میں نمایاں صنفی عدم مساوات کا انکشاف ہوا: مردوں نے خودکشی کے تمام واقعات میں 72.8 فیصد حصہ لیا، جبکہ خواتین نے 27.2 فیصد حصہ لیا۔

علاج کا فرق

2015-16 کے این آئی ایم ایچ اے این ایس سروے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ذہنی عوارض میں مبتلا 70 فیصد سے 92 فیصد افراد کو آگاہی کی کمی، سماجی بدنما داغ اور پیشہ ور افراد کی کمی کی وجہ سے مناسب علاج نہیں ملتا۔

ذہنی صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی کمی بھی ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جہاں ڈبلیو ایچ او فی 100,000 افراد میں کم از کم 3 ماہرِ نفسیات کی سفارش کرتا ہے، وہیں گرگ اور دیگر محققین کے ایک مطالعے کے مطابق — جو 2019 میں انڈین جرنل آف سائیکاٹری میں شائع ہوا — ہندوستان میں فی 100,000 افراد میں صرف 0.75 ماہرِ نفسیات موجود ہیں۔

خراب ذہنی صحت کے اثرات

خراب ذہنی صحت لوگوں کی مجموعی صحت اور سماجی و اقتصادی ترقی پر وسیع اثرات مرتب کرتی ہے۔

جسمانی صحت

عالمی ادارۂ صحت اس بات پر زور دیتا ہے کہ ذہنی اور جسمانی صحت کے درمیان ایک مضبوط تعلق ہے — خراب ذہنی صحت والے افراد عمومی طور پر خراب جسمانی صحت کا شکار ہوتے ہیں اور ان کی متوقع عمر کم ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر، افسردگی میں مبتلا افراد کو دل کی بیماریوں جیسے حالات پیدا ہونے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ لینسیٹ سائیکاٹری کے ایک مطالعے کے مطابق، یہ خطرہ 72 فیصد بڑھ جاتا ہے (وائیولا وی اور دیگر، 2025)۔ خراب ذہنی صحت والے افراد میں دائمی درد اور نیند میں خلل بھی عام ہیں۔

معاشی اثرات

کارکنوں کی خراب ذہنی صحت بالواسطہ طور پر معاشی پیداوار کو کم کرتی ہے۔ اس سے پیداوار میں نقصان (غیر حاضری، کم کارکردگی اور عملے کی کمی) اور معاشرے کے دیگر بالواسطہ اخراجات، صحت کی دیکھ بھال کے اخراجات سے کہیں زیادہ ہوتے ہیں (ڈبلیو ایچ او، 2025)۔ یہ، بدلے میں، لوگوں کی کمائی کی صلاحیت اور ترقی میں کمی کا باعث بنتی ہے، بے روزگاری کی شرح میں اضافہ کرتی ہے، اور صحت کی دیکھ بھال کے زیادہ اخراجات پیدا کرتی ہے (سارٹوریس، 2013)۔ یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ افسردگی اور اضطراب کی وجہ سے عالمی معیشت کو سالانہ تقریباً 1 ٹریلین امریکی ڈالر کا نقصان ہوتا ہے (ڈبلیو ایچ او، 2025)۔

ذہنی صحت کے حالات کا عالمی مالی بوجھ، جس میں صحت کی دیکھ بھال اور بالواسطہ اخراجات شامل ہیں، 2030 تک 16 ٹریلین ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے (جرنل آف مینٹل ہیلتھ، 2021)۔ نسلوں پر اس کے اثرات بھی نمایاں ہیں، کیونکہ ذہنی صحت کے مسائل سے متاثرہ افراد کے بچوں کو معاشی نقصانات کا سامنا کرنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، جن میں ناقص تعلیمی نتائج اور زندگی بھر کم آمدنی شامل ہیں (ڈوران اور کنچن، 2019)۔

سماجی اور تعلقاتی تناؤ

ذہنی صحت کے مسائل میں مبتلا افراد کو سماجی طور پر الگ تھلگ ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ تناؤ والے تعلقات اور مواصلاتی چیلنجوں کی وجہ سے انہیں مزید رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لینسیٹ سائیکاٹری (2010) میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ افسردگی میں مبتلا افراد کو باہمی تعلقات قائم کرنے اور برقرار رکھنے میں مشکلات پیش آتی ہیں، جو سماجی حمایت کی کمی کے باعث ڈپریشن کی علامات کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔

سماجی بدنامی

بدنامی — جس میں اندرونی شرم اور منفی عقائد کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کی دیکھ بھال اور پالیسیوں کی کمی سے متعلق ساختی بدنما داغ شامل ہیں — ذہنی صحت سے وابستہ علاج اور سماجی انضمام کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے (امریکن سائیکاٹرک ایسوسی ایشن، 2024)۔

کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں لوگ، خاص طور پر ذہنی صحت کی دیکھ بھال کے حصول سے وابستہ بدنما داغ کے باعث، تنہائی اور بگڑتی ہوئی ذہنی صحت کے چکر میں پھنسنے کے زیادہ خطرے سے دوچار ہیں (ڈبلیو ایچ او، 2018)۔ مثال کے طور پر، لینسیٹ سائیکاٹری (2020) میں شائع ہونے والی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ذہنی صحت کی خرابی والے افراد — خاص طور پر شیزوفرینیا جیسے شدید امراض کے مریض — اکثر امتیازی سلوک اور پسماندگی کا شکار ہوتے ہیں۔ دیکھ بھال کی کمی ان کی زندگی کے معیار کو کم کرتی ہے اور علاج یا صحت یابی کے امکانات کو محدود کر دیتی ہے۔

خودکشی کے خطرات میں اضافہ

عالمی سطح پر ہر سال 7,27,000 سے زیادہ افراد خودکشی سے مرتے ہیں (ڈبلیو ایچ او، 2025)۔ سائیکائٹری ریسرچ (2023) میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، ذہنی عوارض کے شکار افراد کو ایسے حالات سے پاک افراد کے مقابلے میں خودکشی کا خطرہ 16 گنا زیادہ ہوتا ہے۔ یہ بڑھا ہوا خطرہ مختلف خطوں اور ادوار میں مستقل رہتا ہے۔

نوجوان طبقہ زیادہ حساس

تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ بالغ عمر میں ظاہر ہونے والے تقریباً ایک تہائی ذہنی عوارض دراصل 14 سال کی عمر میں شروع ہو جاتے ہیں، جب کہ نصف عوارض 18 سال اور تقریباً دو تہائی عوارض 25 سال کی عمر تک ظاہر ہو جاتے ہیں (ڈبلیو ایچ او، 2025)۔ذہنی صحت کی خرابی عموماً بچپن یا نوعمری میں ظاہر ہوتی ہے — ڈبلیو ایچ او (2020) کے مطابق، تمام ذہنی امراض میں سے 50 فیصد 14 سال کی عمر تک اور 75 فیصد 24 سال کی عمر تک ظاہر ہو جاتے ہیں۔دی لینسیٹ (2017) میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، نوعمری میں ذہنی صحت کے مسائل ناقص تعلیمی کارکردگی، منشیات کے بڑھتے استعمال، اور خود کو نقصان پہنچانے کے بڑھتے ہوئے رجحانات سے وابستہ ہیں، جو نوجوانوں میں غیر علاج شدہ ذہنی عوارض کے طویل المیعاد اثرات کو نمایاں کرتے ہیں۔

کووڈ-19 اور ذہنی صحت پر اس کے اثرات

کووڈ-19 وبا نے عالمی سطح پر ذہنی صحت پر گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کیے۔ اس کے چند نمایاں پہلو درج ذیل ہیں:

  • اضطراب اور افسردگی میں اضافہ: وبا کے دوران اضطرابی عوارض میں مبتلا افراد کی تعداد میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
  • سماجی تنہائی: قرنطینہ اور فاصلاتی اقدامات نے مختلف طبقات میں تنہائی، مایوسی اور ذہنی دباؤ کے احساسات کو نمایاں طور پر بڑھایا۔
  • معاشی دباؤ: روزگار میں کمی، مالی عدم استحکام اور غیر یقینی حالات نے ذہنی تناؤ اور اضطراب کی سطح میں اضافہ کیا، جس سے کئی افراد کی ذہنی صحت متاثر ہوئی۔

عالمی پالیسیاتی فریم ورک

ڈبلیو ایچ او کے تمام رکن ممالک "جامع دماغی صحت ایکشن پلان 2013–2030" پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد مؤثر قیادت اور پالیسی حکمرانی کو مضبوط بنا کر ذہنی صحت کو فروغ دینا، جامع اور مربوط کمیونٹی پر مبنی نگہداشت کو فروغ دینا، روک تھام اور آگاہی کی حکمتِ عملیوں پر عملدرآمد، اور تحقیق و معلوماتی نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔

سال 2022 میں ڈبلیو ایچ او نے "ورلڈ مینٹل ہیلتھ رپورٹ" جاری کی، جس میں عالمی سطح پر ذہنی صحت کے نظام کو ازسرِ نو ترتیب دینے اور بہتر بنانے کے لیے تبدیلی پر مبنی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

یہاں کلیدی تجاویز پیش کی جا رہی ہیں:

تبدیلی کے تین اہم راستے:

  1. قدر اور عزم کو گہرا کرنا:
    افراد اور معاشروں میں ذہنی صحت کی اصل قدر اور اہمیت کو تسلیم کیا جائے، سماجی شمولیت کو فروغ دیا جائے اور جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی صحت کو بھی مساوی ترجیح دی جائے۔
  2. ماحول کی تشکیل نو:
    ذہنی صحت کے بہتر نتائج کے لیے جسمانی، سماجی اور معاشی ماحول کو تبدیل کیا جائے — مثلاً گھروں، اسکولوں، دفاتر اور برادریوں میں سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔
  3. ذہنی صحت کی دیکھ بھال کو مضبوط بنانا:
    نفسیاتی اسپتالوں میں محدود نگہداشت کے بجائے کمیونٹی پر مبنی نگہداشت کے ماڈل کو فروغ دیا جائے۔ اس مقصد کے لیے مربوط خدمات کے ایسے نظام تشکیل دیے جائیں جو ذہنی صحت کو عام صحت کی دیکھ بھال میں ضم کریں۔
    مزید برآں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ٹاسک شیئرنگ کے طریقوں کے ذریعے اضطراب اور افسردگی جیسے عام ذہنی عوارض کے علاج کے مؤثر اور قابلِ رسائی اختیارات فراہم کیے جائیں (ڈبلیو ایچ او، 2022)۔

ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ نے یہ بھی سفارش کی ہے کہ ذہنی صحت کی دیکھ بھال کو یونیورسل ہیلتھ کوریج (UHC) کے دائرے میں شامل کیا جائے تاکہ ہر فرد کو مساوی اور مؤثر علاج کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

ڈبلیو ایچ او اس بات پر زور دیتا ہے کہ ذہنی صحت کی دیکھ بھال کو یونیورسل ہیلتھ کوریج (یو ایچ سی) میں ضم کرنے سے صحت کے مجموعی نتائج میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے، علاج کے فرق کو کم کیا جا سکتا ہے، اور عالمی سطح پر ذہنی عوارض کے شکار افراد کے معیارِ زندگی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

فروغ اور روک تھام کے مختلف پروگرام، خاص طور پر صحت کے شعبے میں، صحت کی خدمات کے اندر فروغ اور روک تھام کی کوششوں کو مضبوط کر کے، اور کثیر شعبہ جاتی تعاون اور ہم آہنگی کی وکالت، آغاز اور سہولت فراہم کر کے ایک نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

بھارت میں ذہنی صحت کے لیے جامع اقدامات

پالیسیاں

قومی ذہنی صحت پروگرام (این ایم ایچ پی)-1982


یہ پروگرام 1982 میں ہندوستان میں ذہنی عوارض کے بڑھتے ہوئے بوجھ اور ذہنی صحت کی خدمات کی کمی کو دور کرنے کے لیے شروع کیا گیا۔
بنیادی مقصد: ذہنی صحت کی دیکھ بھال کو عام صحت کے نظام میں ضم کرنا اور اسے سب کے لیے، خاص طور پر کمزور اور پسماندہ گروہوں کے لیے قابل رسائی بنانا۔

ڈسٹرکٹ مینٹل ہیلتھ پروگرام (ڈی ایم ایچ پی) – 1996
کرناٹک کے 'بیلاری ماڈل' کی بنیاد پر 1996 میں این ایم ایچ پی میں ضم کیا گیا۔

کوریج:  چار اضلاع میں شروع ہوا (1996)، پانچ سالہ منصوبے کے دوران 27 اضلاع تک بڑھا، اور اب 767 اضلاع کا احاطہ کرتا ہے۔

فراہم کردہ خدمات:

  • مشاورت اور بیرونی مریضوں کا علاج
  • ضلعی سطح پر 10 بستروں والی اندرونی مریضوں کی سہولیات
  • خودکشی کی روک تھام کے اقدامات
  • آگاہی کے پروگرام

فی ضلع ٹیم کی تشکیل: ماہر نفسیات، طبی ماہر نفسیات، نفسیاتی سماجی کارکن، نفسیاتی/کمیونٹی نرس، نگرانی اور تشخیص افسر، کیس رجسٹری اسسٹنٹ، وارڈ اسسٹنٹ/آرڈرلی۔

کلیدی اجزاء:

  • ابتدائی تشخیص اور علاج
  • معالجین کے لیے قلیل مدتی تربیت
  • ذہنی بیماری کی شناخت کے لیے صحت کارکنوں کی تربیت
  • عوامی بیداری (آئی ای سی) مہمات
  • نگرانی کے لیے آسان ریکارڈ رکھنا

طرز عمل:
کمیونٹی پر مبنی ماڈل، جس کا مقصد صحت کے کارکنوں کی تربیت، ذہنی بیماری کے بدنما داغ کو کم کرنا، ابتدائی مداخلت فراہم کرنا، اور خدمات کی منصوبہ بندی اور تحقیق کے لیے ڈیٹا اکٹھا کرنا ہے۔

خودکشی کی روک تھام کی ملکی حکمت عملی (این ایس پی ایس) – 2022
2022 میں وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے ذریعہ شروع کیا گیا۔

ہدف: 2030 تک خودکشی کی شرح میں 10% کمی لانا

کلیدی اجزاء:

  • اسکولوں اور کالجوں میں ذہنی صحت کی جانچ
  • کرائسز ہیلپ لائنز اور نفسیاتی معاون مراکز کا قیام
  • بدنما داغ کو توڑنے کے لیے کمیونٹی بیداری کے پروگرام
  • کام کی جگہ ذہنی صحت کے پروگرام

ہدف گروپ: طلبہ، کسان، نوجوان بالغ، اور دیگر اعلی خطرہ آبادی کے لیے ہدفی مداخلت اور روک تھام۔

تربیت، بنیادی ڈھانچہ اور ڈیجیٹل اختراع

ذہنی صحت کے پیشہ ور افراد کی تربیت

بنیادی ڈھانچے کی ترقی:

  • 47 حکومت کے زیر انتظام ذہنی اسپتال (3 مرکزی ادارے: نیم ہنس بنگلورو، ایل جی بی آر آئی ایم ایچ تیز پور، سی آئی پی رانچی؛ 44 ریاستی اسپتال)
  • اے آئی آئی ایم ایس کی تمام سہولیات میں ذہنی صحت کی خدمات دستیاب ہیں

افرادی قوت ترقیاتی اسکیم اے – سینٹرز آف ایکسی لینس:

  • کل: نفسیات، طبی نفسیات، نفسیاتی سماجی کام، اور نفسیاتی نرسنگ کے کورسز کو مضبوط بنانے کے لیے 25 سی او ایز منظور کیے گئے
  • گیارہواں منصوبہ (2007–2012): 11 سی او ایز، ہر ایک پر 30 کروڑ روپے
  • بارہواں منصوبہ (2012–2017): 10 سی او ایز، ہر ایک پر 33.70 کروڑ روپے
  • 12ویں منصوبے کے بعد (2017–2018): 4 سی او ایز، ہر ایک پر 36.96 کروڑ روپے
  • گرانٹ میں سرمایہ کاری، سازوسامان، فرنشنگ، اور فیکلٹی برقرار رکھنے کا احاطہ کیا گیا
  • یہ ترتیب وار سطح کی دیکھ بھال فراہم کرتا ہے، پی جی سیٹیں بناتا ہے، تحقیق کرتا ہے اور ڈی ایم ایچ پی کے نفاذ میں مدد دیتا ہے

افرادی قوت ترقیاتی اسکیم بی – پی جی محکمے کی اپ گریڈیشن:

  • کل: 19 سرکاری اداروں میں 47 پی جی محکمے
  • گیارہواں منصوبہ (2009–2011): 27 محکمے، 11 اداروں میں، ہر ایک پر 51 لاکھ سے 1 کروڑ روپے
  • بارہواں منصوبہ (2015–2016): 13 محکمے، 4 اداروں میں، ہر ایک پر 0.85–0.99 کروڑ روپے
  • 12ویں منصوبے کے بعد (2017–2018): 7 محکمے، 4 اداروں میں، ہر ایک پر 1.89–2.20 کروڑ روپے

ڈیجیٹل تربیتی اقدامات:

  • نیم ہنس، ایل جی بی آر آئی ایم ایچ اور سی آئی پی رانچی میں قائم کی گئی ڈیجیٹل اکیڈمیاں (2018 سے)؛ 1,76,454 صحت کے پیشہ ور افراد کو تربیت دی گئی
  • آئی جی او ٹی–دکشا پلیٹ فارم (2020)؛ تربیت یافتہ صحت کے پیشہ ور افراد، فرنٹ لائن ورکرز اور کمیونٹی رضاکار؛ نچلی سطح کی صلاحیت میں اضافہ

آیوشمان بھارت کے ذریعے ذہنی صحت کی دیکھ بھال کو مضبوط بنانا

ذہنی صحت کی دیکھ بھال کو مجموعی تندرستی کا ایک اہم جزو تسلیم کرتے ہوئے، ہندوستان نے آیوشمان بھارت پہل کے تحت آیوشمان آروگیہ مندروں کے ذریعے ذہنی صحت کی خدمات کو بنیادی نگہداشت میں ضم کرکے عالمی صحت کی کوریج کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔

آیوشمان بھارت کے تحت 1.75 لاکھ سے زائد ذیلی صحت مراکز (ایس ایچ سی) اور بنیادی صحت مراکز (پی ایچ سی) کو آیوشمان آروگیہ مندروں میں اپ گریڈ کیا گیا، جہاں ذہنی صحت کی خدمات اب جامع بنیادی صحت کی دیکھ بھال کا لازمی حصہ ہیں۔ یہ انضمام نچلی سطح پر قابل رسائی اور جامع ذہنی صحت کی مدد کو یقینی بناتا ہے۔ اہم خصوصیات درج ذیل ہیں:

  • مربوط ذہنی صحت کی خدمات:
    ذہنی صحت کی دیکھ بھال کو آیوشمان آروگیہ مندروں میں فراہم کی جانے والی بنیادی نگہداشت کی خدمات کے ایک بنیادی جزو کے طور پر مربوط کیا گیا ہے۔
  • مالی تحفظ:
    آیوشمان بھارت، پی ایم-جے اے وائی کے تحت، ذہنی صحت کی حالتوں کے لیے ایک لاکھ روپے تک مالی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ پانچ لاکھ روپے فی خاندان سالانہ بیمہ، 1.35 لاکھ سے زیادہ داخلوں کے ساتھ، مالی سال 2021-22 سے مالی سال 2023-24 کے درمیان 120.19 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی (پارلیمنٹ آف انڈیا، غیر ستارہ سوال، 2023)۔
  • آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت، نقدی کے بغیر صحت کی دیکھ بھال فراہم کی جاتی ہے، جس میں ذہنی عوارض کے لیے 22 طریقہ کار شامل ہیں، جیسے ذہنی معذوری، شیزوفرینیا، شیزوٹائپیکل، فریب عوارض، آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر وغیرہ۔ مزید برآں، ریاستوں کو مقامی ضروریات کے مطابق صحت سے متعلق فوائد کے پیکج حسب ضرورت بنانے کی لچک دی گئی ہے (پریس انفارمیشن بیورو، 25 مارچ 2024)۔
  • یہ پہل مختلف علاج اور مداخلتوں کے لیے کوریج فراہم کرتی ہے، بشمول مشاورت اور نفسیاتی نگہداشت۔ اس اقدام کا مقصد علاج میں موجود فرق کو کم کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ افراد کو مالی بوجھ کا سامنا کیے بغیر ضروری ذہنی صحت کی خدمات میسر ہوں۔
  • ٹیلی سائیکاٹری تک رسائی:
    ٹیلی میڈیسن، خاص طور پر ٹیلی مانس کے ذریعے، پسماندہ علاقوں میں ذہنی صحت کی خدمات تک رسائی کو فروغ دیتا ہے۔
  • صلاحیت سازی اور آگاہی:
    صحت کے کارکنوں کو ذہنی بیماریوں کی تشخیص اور انتظام کے لیے تربیت دی جا رہی ہے، جس کے ساتھ عوامی مہمات بھی چلائی جا رہی ہیں تاکہ بدنما داغ کو کم کیا جا سکے اور ذہنی تندرستی کو فروغ دیا جا سکے۔
  • توسیع شدہ ڈسٹرکٹ مینٹل ہیلتھ پروگرام (ڈی ایم ایچ پی) خدمات:
    کمیونٹی اور پرائمری ہیلتھ سینٹرز، ڈسٹرکٹ مینٹل ہیلتھ پروگرام کے تحت آؤٹ پیشنٹ کیئر، کونسلنگ، ادویات، آؤٹ ریچ اور ایمرجنسی سپورٹ فراہم کرتے ہیں۔

 

کووڈ19- کے دوران ردعمل (2020):
وبائی امراض کے دوران، وزارت صحت و خاندانی بہبود نے تناؤ، اضطراب اور دیگر ذہنی چیلنجز سے متاثرہ افراد کے لیے نفسیاتی مدد اور مشاورت فراہم کرنے کے لیے 24/7 نیشنل ہیلپ لائن (080-4611-0007) کا آغاز کیا۔

ٹیلی مانس موبائل ایپ اور ویڈیو مشاورت:

ٹیلی مانس – ٹول فری مینٹل ہیلتھ سروس

  • آغاز: عالمی یوم ذہنی صحت، 2022
  • کوریج: تمام 36 ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے

ٹول فری نمبر:

  • 14416
  • 1-800-891-4416
  • استعمال: 27 اکتوبر 2025 تک 2,838,322 کالز ہینڈل کی گئیں

ٹیلی مانس موبائل ایپ:

  • خصوصیات:
    • خود کی دیکھ بھال کے نکات کے ساتھ معلوماتی لائبریری
    • پریشانی کے اشاروں کو پہچاننے کے لیے رہنمائی
    • تناؤ، اضطراب اور جذباتی جدوجہد کا انتظام
    • پورے ہندوستان میں تربیت یافتہ مشیروں اور ذہنی صحت کے پیشہ ور افراد کے ذریعے خفیہ مدد
  • ویڈیو مشاورت (وی سی) خصوصیت
    • لانچ: 10 اکتوبر 2024 (پائلٹ)
    • پائلٹ ریاستیں: کرناٹک، تمل ناڈو، جموں و کشمیر
    • ملک گیر لانچ: 16 جون 2025
    • (فعلیت )فنکشنلٹی:
      • دماغی صحت کے پیشہ ور افراد طبی ضرورت کی بنیاد پر آڈیو مشاورت کو ویڈیو میں بڑھا سکتے ہیں
      • صرف ماہر نفسیات ای نسخے جاری کرنے کے مجاز ہیں

استعمال: 27 اکتوبر 2025 تک 1,242 ویڈیو کالز ہینڈل کی گئیں

پہچان:
ڈبلیو ایچ او نے ٹیلی مانس کو ذہنی صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کے لیے ایک جدید اور مؤثر ماڈل کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ ہندوستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے، ڈاکٹر روڈیریکو ایچ اوفرن، نے اکتوبر 2024 میں ایپ کے لانچ کے موقع پر اس پہل کی صلاحیت پر روشنی ڈالی اور آیوشمان آروگیہ مندروں کو ہندوستان کے صحت عامہ کے نظام کے ایک کلیدی ستون کے طور پر اجاگر کیا۔

ماخذ: ٹیلی مانس پر ریپڈ اسسمنٹ رپورٹ: ٹیلی مینٹل ہیلتھ اسسٹنس اینڈ نیٹ ورکنگ ایکراس اسٹیٹس، وزارت صحت و خاندانی بہبود، 2024۔

حالیہ پیش رفت

ذہنی صحت کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے، اقتصادی سروے 2024-25 میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ذہنی تندرستی میں ذہنی، جذباتی، سماجی، علمی اور جسمانی جہتیں شامل ہیں۔ سروے نے ذہنی صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے "پوری برادری" کے نقطہ نظر کی وکالت کی اور فوری طور پر قابل عمل، مؤثر حفاظتی حکمت عملیوں اور مداخلتوں کی ضرورت پر زور دیا۔

سروے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ہندوستان کے ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ کا فائدہ نہ صرف مہارتوں، تعلیم اور جسمانی صحت پر منحصر ہے، بلکہ سب سے زیادہ اس کے نوجوانوں کی ذہنی صحت پر منحصر ہے۔

سروے کی اہم سفارشات:

  • اسکولوں میں ذہنی صحت کی تعلیم کو مضبوط بنانا: ابتدائی مداخلت کی حکمت عملیوں کو نافذ کریں تاکہ طلباء میں اضطراب، تناؤ اور رویے کے مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔
  • کام کی جگہ پر ذہنی صحت کی پالیسیوں کو بہتر بنانا: معاون پالیسیوں کے ذریعے ملازمت سے متعلق تناؤ، طویل اوقات کار اور تھکاوٹ کے مسائل کا مؤثر انتظام کریں۔
  • ڈیجیٹل ذہنی صحت کی خدمات کو بڑھانا: ٹیلی مانس کو مزید مضبوط بنائیں اور اے آئی سے چلنے والے ذہنی صحت کے حل کو شامل کریں۔

نتیجہ

ذہنی صحت ایک اہم عالمی چیلنج ہے جس کے اثرات افراد اور معیشتوں پر گہرے پڑتے ہیں اور یہ غیر متناسب طور پر کمزور آبادیوں کو متاثر کرتی ہے۔ اگرچہ ہندوستان نے ٹیلی مانس اور نیشنل مینٹل ہیلتھ پروگرام جیسے اقدامات کے ذریعے نمایاں پیش رفت حاصل کی ہے، ذہنی طور پر صحت مند معاشرے کی تعمیر کے لیے ضرورت ہے کہ شعور بیدار کیا جائے، افرادی قوت کی تربیت بڑھائی جائے، ڈیجیٹل حل میں سرمایہ کاری کی جائے اور سب کے لیے قابل رسائی، جامع اور بدنما داغ سے پاک ذہنی صحت کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے پورے معاشرے کے نقطہ نظر کو اپنایا جائے۔

حوالہ جات

امریکن سائیکاٹرک ایسوسی ایشن (2024)۔ ذہنی بیماری میں مبتلا افراد کے خلاف بدنامی، تعصب اور امتیازی سلوک۔ اخذ شدہ بتاریخ 20 مئی 2025، سے: https://www.psychiatry.org/patients-families/stigma-and-discrimination

ڈوران، سی۔ ایم۔، اور کنچن، آئی۔ (2019)۔ ذہنی بیماری کے معاشی اثرات کا جائزہ۔ آسٹریلوی صحت کا جائزہ، 43 (1)، 43-48۔ اخذ شدہ بتاریخ 20 مئی 2025، سے: https://doi.org/10.1071/AH16115

گیلڈریسی، ایس۔، ہینز، اے۔، کاسٹرپ، ایم۔، بیز ہولڈ، جے۔، اور سارٹوریس، این۔ (2015)۔ ذہنی صحت کی نئی تعریف کی طرف۔ ورلڈ نفسیاتی، 14 (2)، 231-233۔ اخذ شدہ بتاریخ 22 مارچ 2025، سے: https://doi.org/10.1002/wps.20231

گرگ، کے۔، کمار، سی۔ این۔، اور چندر، پی۔ ایس۔ (2019)۔ ہندوستان میں ماہر نفسیات کی تعداد: بچہ آگے بڑھتا ہے، لیکن ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔ انڈین جرنل آف سائیکاٹری، 61 (1)، 104-105۔ اخذ شدہ بتاریخ 23 مئی 2025، سے: https://doi.org/10.4103/phyacity.IndianJPcychiatry_7_18

حکومت ہند، وزارت صحت اور خاندانی بہبود۔ (2014)۔ ہندوستان کی قومی ذہنی صحت پالیسی: نئے راستے، نئی امید۔ وزارت صحت اور خاندانی بہبود۔ اخذ شدہ بتاریخ 20 مئی 2025، سے: https://nhm.gov.in/images/pdf/National_Health_Mental_Policy.pdf

ہارٹن، آر۔ (2021)۔ آف لائن: وبائی بیماری اور صحت کی سیاست۔ دی لینسیٹ، 398 (10307)، 1-2۔ اخذ شدہ بتاریخ 17 اپریل 2025، سے: https://doi.org/10.1016/S0140-6736(21)02143-7

انڈیا اسٹیٹ لیول ڈیزیز برڈن انیشی ایٹو مینٹل ڈس آرڈرز کولیبریٹرز۔ (2020)۔ ہندوستان کی ریاستوں میں ذہنی عوارض کا بوجھ: بیماریوں کے عالمی بوجھ کا مطالعہ 1990-2017۔ دی لینسیٹ سائیکاٹری، 7 (2)، 148-161۔ اخذ شدہ بتاریخ 25 مارچ 2025، سے: https://doi.org/10.1016/S2215-0366(19)30475-4

خودکشی کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی ایسوسی ایشن (2023، 11 دسمبر)۔ یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے 2023۔ اخذ شدہ بتاریخ 28 اپریل 2025، سے: https://www.iasp.info/2023/12/11/Universal-Health-coverage-day-2023/

انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (2022، 28 ستمبر)۔ ڈبلیو ایچ او اور آئی ایل او کام پر ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ https://www.ilo.org/resource/news/who-and-ilo-call-new-measures-tackle-mental-health-issues-work-0

میگھالیہ محکمہ صحت و خاندانی بہبود۔ (2022)۔ میگھالیہ مینٹل ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر پالیسی، 2022۔ اخذ شدہ بتاریخ 28 اپریل 2025، سے: https://meghealth.gov.in/docs/Draft%20Meghalay%20State%20Mental%20Health%20Policy%20(Oct%202022).pdf

میگھراجانی، وی آر، مراٹھے، ایم، شرما، آر، پوٹدوکے، اے، ونجاری، ایم بی، اور تکسانڈے، اے بی۔ (2023)۔ ہندوستان میں ذہنی صحت کے مسائل اور ذہنی پناہ گاہوں کے کردار کا ایک جامع تجزیہ۔ کیوریس، 15 (7)، e42559۔ اخذ شدہ بتاریخ 24 مئی 2025، سے: https://doi.org/10.7759/cureus.42559

میگھراجانی، ونی آر، اور دیگر۔ "ہندوستان میں ذہنی صحت کے مسائل اور ذہنی پناہ گاہوں کے کردار کا ایک جامع تجزیہ"۔ کیوریس، جلد 15، نہیں 7، 27 جولائی 2023، e42559۔ پب میڈ سینٹرل، ڈوئی: 10.7759/cureus.42559

ذہنی صحت۔ عالمی ادارہ صحت، 8 اکتوبر 2025، www.who.int/news-room/fact-sheets/detail/mental-health-strengthening-our-response

وزارت خزانہ، حکومت ہند۔ (2025)۔ اقتصادی سروے 2024-25۔ اخذ شدہ بتاریخ 27 مئی 2025، سے: https://www.indiabudget.gov.in/economicsurvey/

وزارت صحت اور خاندانی بہبود۔ (2024)۔ ٹیلی مانس پر ریپڈ اسسمنٹ رپورٹ: ٹیلی مینٹل ہیلتھ اسسٹنس اینڈ نیٹ ورکنگ ایکراس اسٹیٹس۔ حکومت ہند۔ اخذ شدہ بتاریخ 27 مئی 2025، سے: https://mohfw.gov.in/sites/default/files/Rapid%20Assessment%20report%20on%20TeleMANAS.pdf

نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو۔ (2022)۔ ہندوستان میں حادثاتی اموات اور خودکشی-2022۔ وزارت داخلہ، حکومت ہند۔ اخذ شدہ بتاریخ 18 مئی 2025، سے: https://ncrb.gov.in/uploads/files/AccidentalDeathsSuicidesinIndia2022v2.pdf

نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو۔ (2023)۔ ہندوستان میں حادثاتی اموات اور خودکشی 2023۔ وزارت داخلہ، حکومت ہند۔

قومی ذہنی صحت پروگرام (n.d.)۔ قومی ذہنی صحت پروگرام۔ وزارت صحت اور خاندانی بہبود، حکومت ہند۔ اخذ شدہ بتاریخ 25 مئی 2025، سے: https://dghs.mohfw.gov.in/national-mental-health-programme.php

ہندوستان کی پارلیمنٹ۔ (2023، 15 دسمبر)۔ غیر ستارہ سوال نمبر 2196: آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت ذہنی صحت کوریج۔ لوک سبھا سیکرٹریٹ۔ اخذ شدہ بتاریخ 27 مئی 2025، سے: https://sansad.in/getFile/loksabhaquestions/annex/1714/AU2196.pdf

پریس انفارمیشن بیورو۔ (2021، 9 مارچ)۔ ذہنی صحت کی مدد کے لیے کووڈ-19 ہیلپ لائنز۔ وزارت صحت اور خاندانی بہبود، حکومت ہند۔ اخذ شدہ بتاریخ 27 مئی 2025، سے: https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=1703446

پریس انفارمیشن بیورو۔ (2024، 10 اکتوبر)۔ پریس ریلیز۔ حکومت ہند۔ اخذ شدہ بتاریخ 25 مئی 2025، سے: https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2063830#:~:text=Smt.,%20Joint%20Secretary%2C%20MoHFW%2C%20Dr

پریس انفارمیشن بیورو۔ (2024، 13 اکتوبر)۔ ٹیلی مانس: ہندوستان میں ذہنی صحت کی دیکھ بھال میں انقلاب، دو سالوں میں 14.7 لاکھ سے زیادہ کالوں کی خدمت، جس سے ذہنی صحت کی دیکھ بھال کی رسائی میں تبدیلی آئی۔ وزارت صحت اور خاندانی بہبود، حکومت ہند۔ اخذ شدہ بتاریخ 27 مئی 2025، سے: https://www.pib.gov.in/PressNoteDetails.aspx?NoteId=153277&ModuleId=3

پریس انفارمیشن بیورو۔ (2025، 1 اگست)۔ ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات۔ حکومت ہند۔ https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2151235

پریس انفارمیشن بیورو۔ (2025، 7 فروری)۔ ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات۔ وزارت صحت اور خاندانی بہبود، حکومت ہند۔ اخذ شدہ بتاریخ 27 مئی 2025، سے: https://www.pib.gov.in/PressReleaseIframePage.aspx?PRID=2100593

پریس انفارمیشن بیورو۔ (2025، 25 مارچ)۔ ذہنی صحت پر اٹھائے گئے اقدامات۔ وزارت صحت اور خاندانی بہبود، حکومت ہند۔ اخذ شدہ بتاریخ 27 مئی 2025، سے: https://www.pib.gov.in/PressReleseDetailm.aspx?PRID=2114756

روتھنبرگر، ایس۔ ڈی۔ (2020)۔ ذہنی صحت میں صنف کا کردار: معاشرتی توقعات نفسیاتی تندرستی کو کس طرح متاثر کرتی ہیں۔ انٹرنیشنل جرنل آف سوشل سائیکاٹری، 66 (5)، 425-434۔ اخذ شدہ بتاریخ 28 اپریل 2025، سے: https://doi.org/10.1177/0020764020955594

ساگر، آر۔، ڈنڈونا، آر۔، گروراج، جی۔، دھالیوال، آر۔ ایس۔، سنگھ، اے۔، فیراری، اے۔، ... اور ڈنڈونا، ایل۔ (2020)۔ ہندوستان کی ریاستوں میں ذہنی عوارض کا بوجھ: بیماریوں کے عالمی بوجھ کا مطالعہ 1990-2017۔ دی لینسیٹ سائیکاٹری، 7 (2)، 148-161۔ https://www.thelancet.com/journals/lanpsy/article/PIIS2215-0366(19)30475-4/fulltext?onwardjourney=584162_v1

سینفٹن برگ، ایل۔، بینٹروپ، ایم۔، جنگ سیورز، سی۔، ڈریشولٹ، ٹی۔، اور جینسیچن، جے۔ (2024)۔ ویڈیو کال نے بنیادی نگہداشت میں افسردہ علامات کے علاج کے لیے نفسیاتی مداخلت کی: ایک منظم جائزہ۔ نیورو تھراپیٹکس کا ماہر جائزہ، 24 (12)، 1261-1271۔ اخذ شدہ بتاریخ 24 مئی 2025، سے: https://doi.org/10.1080/09638237.2024.2426985

سانتومورو، ڈی۔ ایف۔، ہیریرا، اے۔ ایم۔ ایم۔، شادد، جے۔، زینگ، پی۔، اشباؤ، سی۔، پگٹ، ڈی۔ ایم۔، ... اور وائٹ فورڈ، ایچ۔ اے۔ (2021)۔ COVID-19 وبائی امراض کی وجہ سے 2020 میں 204 ممالک اور علاقوں میں افسردہ اور اضطراب کی خرابی کا عالمی پھیلاؤ اور بوجھ۔ دی لینسیٹ، 398 (10312)، 1700-1712۔ اخذ شدہ بتاریخ 23 مئی 2025، سے: https://doi.org/10.1016/S0140-6736(21)02143-7

شفی، ایس۔، سبرامنیم، ایم۔، عبدین، ای۔، وینگنکر، جے۔ اے۔، سمباشیوم، آر۔، ژانگ، وائی۔، شاہوان، ایس۔، چانگ، ایس۔، جیاگوروناتھن، اے۔، اور چونگ، ایس۔ اے۔ (2020)۔ سنگاپور میں عام آبادی کے درمیان مدد طلب پیٹرن: سنگاپور دماغی صحت کے مطالعہ 2016 کے نتائج۔ دماغی صحت اور دماغی صحت کی خدمات کی تحقیق میں انتظامیہ اور پالیسی، 48 (4)، 586-596۔ اخذ شدہ بتاریخ 23 مئی 2025، سے: https://doi.org/10.1007/s10488-020-01092-5

سمتھ، جے۔، اور ڈو، اے۔ (2023)۔ ذہنی صحت پر ذہنیت کے اثرات کو تلاش کرنا۔ جرنل آف سائیکوسومیٹک ریسرچ، 161، 110442۔ اخذ شدہ بتاریخ 23 مئی 2025، سے: https://doi.org/10.1016/j.jpsychores.2023.110442

سوتر، آر۔، کمار، اے۔، اور یادو، وی۔ (2023)۔ خودکشی اور ذہنی عوارض کا پھیلاؤ: کیس کنٹرول نفسیاتی پوسٹ مارٹم اسٹڈیز پر عالمی اعداد و شمار کا ایک منظم جائزہ اور میٹا تجزیہ۔ نفسیاتی تحقیق، 329، 115492۔ اخذ شدہ بتاریخ 24 مئی 2025، سے: https://doi.org/10.1016/j.psichres.2023.115492

یونیسیف انڈیا۔ (2024)۔ نوجوانوں کی ذہنی تندرستی۔ https://www.unicef.org/india/mental-well-being-young-people

اقوام متحدہ۔ (2021، 9 اکتوبر)۔ وبائی مرض میں تیزی: کووڈ-19 نے ہماری ذہنی صحت کی ترجیحات کو کس طرح آگے بڑھایا۔ اقوام متحدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 23 مارچ 2025، سے: https://www.un.org/en/un-chronicle/pandemic-accelerant-how-covid-19-advanced-our-mental-health-priorities

ویکیرینو، وی۔، پریسکوٹ، ای۔، شاہ، اے۔ جے۔، بریمنر، جے۔ ڈی۔، راگی، پی۔، ڈوبیلین، او۔، ... اور بگیارڈینی، آر۔ (2025)۔ ذہنی صحت کی خرابی اور قلبی صحت کی عدم مساوات پر ان کے اثرات۔ دی لینسیٹ ریجنل ہیلتھ-یورپ، 56۔

وشوکرما، ڈی۔، گیدھنے، اے۔ ایم۔، اور چودھری، ایس۔ جی۔ (2022)۔ عام آبادی کی ذہنی صحت پر COVID-19 کا عالمی اثر: ایک داستانی جائزہ۔ کیوریس۔ اخذ شدہ بتاریخ 17 اپریل 2025، سے: https://doi.org/10.7759/cureus.30627

عالمی ادارہ صحت۔ (2021)۔ ہدف 3.4: غیر متعدی امراض اور ذہنی صحت۔ عالمی ادارہ صحت۔ اخذ شدہ بتاریخ 23 مارچ 2025، سے: https://www.who.int/data/gho/data/themes/topics/indicator-groups/indicator-group-details/GHO/sdg-target-3.4-noncommunicable-disases-and-mental-health

عالمی ادارہ صحت۔ (2022)۔ ورلڈ مینٹل ہیلتھ رپورٹ: ٹرانسفارمنگ مینٹل ہیلتھ فار آل۔ عالمی ادارہ صحت۔ اخذ شدہ بتاریخ 28 مارچ 2025، سے: https://www.who.int/publications/i/item/9789240049338

عالمی ادارہ صحت۔ (2024، 2 ستمبر)۔ کام پر ذہنی صحت۔ https://www.who.int/news-room/fact-sheets/detail/mental-health-at-work

عالمی ادارہ صحت۔ (2025)۔ دماغی صحت اٹلس 2024۔ عالمی ادارہ صحت۔

عالمی ادارہ صحت۔ (2025)۔ آج کی عالمی ذہنی صحت: تازہ ترین اعداد و شمار۔ عالمی ادارہ صحت۔

عالمی ادارہ صحت۔ (n.d.)۔ خودکشی کا ڈیٹا۔ اخذ شدہ بتاریخ 28 اپریل 2025، سے: https://www.who.int/teams/mental-health-and-sustance-use/data-research/suicide-data

***

 

(ش ح۔اس ک  )

UR-988


(Release ID: 2188058) Visitor Counter : 11
Read this release in: English , Tamil