ارضیاتی سائنس کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

آئی آئی ایس ایف 2025 کی افتتاحی تقریبِ پردہ کشائی(پیش نظارہ تقریب) پنجاب یونیورسٹی، چنڈی گڑھ میں منعقد ہوئی

Posted On: 08 NOV 2025 8:10PM by PIB Delhi

انڈیا انٹرنیشنل سائنس فیسٹیول (آئی آئی ایس ایف) 2025 کے 11ویں ایڈیشن کی پیش نظارہ تقریب(کرٹن ریزر سیری مونی) آج پنجاب یونیورسٹی، چنڈی گڑھ میں منعقد ہوئی۔ یہ تقریب آئی آئی ایس ایف 2025 کی سرگرمیوں کے آغاز کی علامت تھی، جو 6 سے 9 دسمبر 2025 تک پنجاب یونیورسٹی میں منعقد ہوگی۔

تقریب کا آغاز پنجاب یونیورسٹی کے ترانے سے ہوا، جس کے بعد روایتی چراغ روشن کرنے کی رسم اور سرسوتی وندنا پیش کی گئی، جس نے علم، روشنی اور بصیرت کے جذبے کو اجاگر کیا۔

ارتھ سائنسز کی وزارت (ایم او ای ایس) کے سکریٹری، ڈاکٹر ایم۔ روی چندرن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جہاں ایس ٹی آئی ایک اوپر سے نیچے تک کے نقطۂ نظر کو اپناتا ہے، وہیں آئی آئی ایس ایف سائنس کو عوام تک لے جا کر نیچے سے اوپر کی تحریک کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے نوجوان ذہنوں میں تجسس، جستجو اور جوش پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سائنس کا جشن اس انداز میں منایا جانا چاہیے جو نئی نسل کو اختراع اور دریافت کی طرف راغب کرے۔

ڈاکٹر روی چندرن نے وکست بھارت 2047 کے اہداف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حصول کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع بنیادی ستون ہیں۔ ان کے بغیر ملک اپنی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی آئی ایس ایف ایک عوام مرکوز پہل ہے جو سائنسی فہم کو تخلیقی صلاحیت، اختراع اور ترقی کے جشن میں تبدیل کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔

تقریب میں ڈاکٹر شیو کمار شرما (نیشنل آرگنائزنگ سکریٹری، وبھا)، ڈاکٹر اے۔ سوریا چندر راؤ (ڈائریکٹر، آئی آئی ٹی ایم پونے)، پروفیسر رینو وگ (وائس چانسلر، پنجاب یونیورسٹی)، ڈاکٹر میناکشی گوئل (ڈائریکٹر، آر اینڈ ڈی سیل، پنجاب یونیورسٹی) اور پروفیسر گورو ورما (کوآرڈینیٹر، آئی آئی ایس ایف 2025، پنجاب یونیورسٹی) نے بھی شرکت کی۔

منتظمین نے معزز مہمانوں کو شال پیش کر کے ان کی عزت افزائی کی۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں پروفیسر رینو وگ نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کو اس اہم تقریب کی میزبانی پر فخر ہے اور ادارہ سائنسی تحقیق و اختراع کے فروغ کے لیے ہمیشہ پُرعزم ہے۔

ڈاکٹر شیو کمار شرما اور ڈاکٹر اے۔ سوریا چندر راؤ نے اپنے خطابات میں سائنس کمیونیکیشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں کو سائنسی سوچ اور تجزیاتی طرزِ فکر اپنانے کی ترغیب دی۔

آئی آئی ایس ایف 2025 کا اہتمام وزارتِ ارضیاتی سائنسز، محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی، محکمہ خلائی سائنس، محکمہ بایو ٹیکنالوجی، کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (سی ایس آئی آر)، محکمہ ایٹمی توانائی، وجننا بھارتی (وبھا)، پنجاب یونیورسٹی اور حکومتِ ہریانہ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

آئی آئی ایس ایف کا مقصد سائنس کو سیکھنے، اختراع اور اشتراک کے تہوار کے طور پر منانا اور عوام کو سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑنا ہے۔

یہ فیسٹیول 6 سے 9 دسمبر 2025 تک پنجاب یونیورسٹی، چنڈی گڑھ میں منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر کے سائنس دان، اختراع کار، محقق، اساتذہ اور طلبہ شرکت کریں گے تاکہ سائنسی کامیابیوں کا مظاہرہ کیا جا سکے اور آتم نربھر اور وکست بھارت کی تعمیر کے لیے تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

***

(ش ح۔اس ک  )

UR-981


(Release ID: 2187958) Visitor Counter : 8