کامرس اور صنعت کی وزارتہ
ہند-یوروپی یونین آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات کے لیے یوروپی یونین کے مذاکرات کار نئی دہلی پہنچے
Posted On:
03 NOV 2025 8:53PM by PIB Delhi
یوروپی یونین (ای یو) کے مذاکرات کاروں کی ایک سینئر ٹیم 3 سے 7 نومبر 2025 تک نئی دہلی میں موجود ہے تاکہ مجوزہ ہند-یوروپی یونین آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر ہندوستانی ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کر سکے۔ان مذاکرات کا مقصد اہم زیرِ التواء امور کو حل کرنا اور ایک متوازن و منصفانہ فریم ورک کے لیے معاہدے کو آگے بڑھانا ہے، جو دونوں فریقوں کے لیے فائدہ مند ہو۔
یہ دورہ تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل کے برسلز کے سرکاری دورے (27–28 اکتوبر 2025) کے بعد ہو رہا ہے، جہاں انہوں نے تجارت اور اقتصادی تحفظ سے متعلق یوروپی کمشنر عزت مآب ماروس شیفوویچ کے ساتھ مستقبل پر مرکوز گفتگو کی تھی۔ یہ مذاکرات دونوں فریقوں کی شراکت داری کو تیز کرنے اور ایک جامع تجارتی معاہدے کو ممکن بنانے کے عزم کی تصدیق کرتے ہیں۔
ہفتے بھر جاری رہنے والے مذاکرات میں تکنیکی و ادارہ جاتی معاملات کے ساتھ ساتھ اشیاء کی تجارت، خدمات کی تجارت اور ماخذ کے اصولوں جیسے اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ یہ مذاکرات ایک جدید، مضبوط اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایف ٹی اےکے مشترکہ وژن سے رہنمائی حاصل کر رہے ہیں جو ہندوستان اور یوروپی یونین دونوں کی ترجیحات اور حساسیتوں کو ظاہر کرتا ہے۔
مؤرخہ3 نومبر 2025 کو تجارت و صنعت کے وزیر جناب پیوش گوئل، یورپی یونین کے کمشنر برائے تجارت و اقتصادی تحفظ عزت مآب ماروس شیفوویچ اور کمشنر برائے زراعت و خوراک محترم کرسٹوف ہینسن کے درمیان ہونے والی ورچوئل میٹنگ سے مذاکرات کو نئی رفتار ملی۔
اس دورے کے ایک حصے کے طور پر، یوروپی کمیشن میں ڈائریکٹر جنرل برائے تجارت (ای یو ڈی جی ٹریڈ) محترمہ سبین ویاند، ہندوستان کے سکریٹری برائے تجارت جناب راجیش اگروال کے ساتھ 5–6 نومبر 2025 کو نئی دہلی میں اہم تکنیکی و پالیسی معاملات پر اعلیٰ سطحی بات چیت کریں گی۔
یوروپی یونین کے وفد کا یہ دورہ تجارت، سرمایہ کاری، جدت طرازی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک منصفانہ اور متوازن معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ہندوستان اور یوروپی یونین کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
*****
ش ح۔ ک ح ۔ت ع
U. No-729
(Release ID: 2186158)
Visitor Counter : 4