وزارت خزانہ
ڈی آر آئی نے کافی میں کوکین اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، ممبئی ایئرپورٹ پر 47 کروڑ روپے کی منشیات ضبط، پانچ افرادگرفتار
Posted On:
01 NOV 2025 10:15AM by PIB Delhi
منشیات کی اسمگلنگ کے ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کو ایک بڑا دھچکا دیتے ہوئے، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کولمبو (سری لنکا) سے آنے والی ایک خاتون مسافر سے 4.7 کلو گرام کوکین ضبط کی ہے، جس کی غیر قانونی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 47 کروڑ روپے ہے۔
ایک مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، ڈی آر آئی اہلکاروں نے خاتون مسافر کو اس کے پہنچنے پر روکا اور اس کے سامان کی اچھی طرح تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران سفید پاؤڈر نما مادے کے نو تھیلے ملے جو چالاکی سے کافی کے پیکٹوں میں چھپائے گئے تھے۔ این ڈی پی ایس فیلڈ کٹ کا استعمال کرتے ہوئے ابتدائی ٹیسٹوں نے مادہ کوکین ہونے کی تصدیق کی۔



تیز اور مربوط کارروائی میں، ڈی آر آئی نے سنڈیکیٹ کے مزید چار ارکان کو گرفتار کیا- ایک جو کوکین کی کھیپ وصول کرنے کے لیے ہوائی اڈے پر آیا تھا اور تین دیگر جو اسمگل شدہ منشیات کی فنانسنگ، لاجسٹکس اور تقسیم کے نیٹ ورک میں ملوث تھے۔ تمام پانچوں ملزمین کو نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ 1985 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
ڈی آر آئی کی طرف سے حالیہ قبضے ایک تشویشناک رجحان کی طرف اشارہ کرتے ہیں جس میں منشیات کے بین الاقوامی گروہ تیزی سے ہندوستانی خواتین کا کورئیر کے طور پر استحصال کر رہے ہیں اور ان کی اسمگلنگ کو چھپانے اور پتہ لگانے سے بچنے کے لیے خوراک اور روزمرہ کے سامان میں منشیات چھپا رہے ہیں۔
اس ا سمگلنگ کی کوشش کے پیچھے وسیع تر بین الاقوامی سنڈیکیٹ کا پردہ فاش کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ڈی آر آئی اس طرح کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے اپنے مشن میں ثابت قدم ہے اور منشیات کی سپلائی چین کو فعال طور پر منقطع کرکے اور ہندوستان کے نوجوانوں، معیشت اور قومی سلامتی کی حفاظت کرکے’منشیات سے پاک ہندوستان‘ کے وژن کے لیے پُرعزم ہے۔
***
ش ح ۔ ال
UR-613
(Release ID: 2185133)
Visitor Counter : 8