وزارات ثقافت
ثقافت کی وزارت سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر شاندار ثقافتی پروگرام پیش کرے گی
Posted On:
30 OCT 2025 9:00PM by PIB Delhi
مرکزی وزارتِ ثقافت سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر 31 اکتوبر 2025 کوراشٹریہ یکتا دیوس کے طور پر سلسلے وار شاندار ثقافتی تقاریب کا اہتمام کرے گی۔ اس موقع پروزیراعظم نریندر مودی بطورخصوصی مہمان شرکت کریں گے۔ یہ تقریبات ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے جذبے کو اُجاگر کریں گی اور بھارت کے مرد آہن سردار پٹیل کی ملک کو متحد کرنے اور سالمیت کے لیے بے مثال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کریں گی۔
اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔
تقریب کا مرکزی حصہ ’’لوہ پورُش نمستبھیم‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان رقص کی پیشکش ہوگی، جسے سنگیت ناٹک اکادمی اور ویسٹ زون کلچرل سینٹر نے وزارتِ ثقافت کے تحت ترتیب دیا ہے۔ اس پیشکش کی مجموعی رہنمائی سنگیت ناٹک اکادمی کی چیئرپرسن ڈاکٹر سندھیا پوریچا نے کی ہے اور اس میں ملک بھر سے 800 سے زائد فنکار حصہ لیں گے۔
رقص کی اس پیشکش میں ’اشٹ تتو ایکتوا‘یعنی کثرت میں وحدت-کو ہندوستان کے عظیم کلاسیکی رقصوں کے ذریعے پیش کیا جائے گا، جن میں بھرت ناٹیم، کتھک، کتھکلی، منی پوری، کوچی پُڑی، اوڈیشی، ستریہ، موہنی اٹم اور چھاؤ شامل ہیں۔ اس کے بول اشوک چکر دھر نے لکھے ہیں اور اسے آواز بھی دی ہے، جبکہ موسیقی بکرام گھوش، رِکی کج اور اٹرنل ساؤنڈز نے ترتیب دی ہے۔ کوریوگرافی سنتوش نائر نے کی ہے اور کوسٹیوم اوروژول ڈیزائن کا کام سندھیا رمن نے انجام دیا ہے، جو ہندوستان کی فنکارانہ اور ثقافتی ہم آہنگی کا بھرپور اظہار ہے۔
ایک اور اہم توجہ کا مرکز ’’وِوِدھتا میں ایکتا – کثرت میں وحدت‘‘کے عنوان سے ہندوستانی موسیقی کے سازوں کی پیشکش ہوگی۔ ملک بھر کے موسیقار اس عظیم اجتماع میں حصہ لیں گے، جس میں تقریباً ہر بھارتی ریاست کے روایتی اور لوک ساز شامل ہوں گے۔ اس کی قیادت لوکیش آنند اور پرَدیت مکھرجی کریں گے۔ یہ پیشکش ملک کی مالا مال ثقافتت اورگوناگونیت کی علامت ہوگا اور بالآخر’’وندے ماترم‘‘ کی پیشکش کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا، جو بنکم چندر چیٹر جی کے لازوال قومی نغمے کے 150 برس مکمل ہونے کا موقع بھی ہوگا۔
ایکتا دیوس کی شام،’’لوہ پُرُش‘‘ کے عنوان سے ایک ڈرامائی پیشکش میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی زندگی اور وراثت کو پیش کیا گیا۔ یہ ڈراما آصف علی حیدر نے تحریر کیا، جس کی تحقیق اور معاونت رضوان قادری نے فراہم کی، جبکہ ہدایت کاری چتّرنجن ترپاٹھی کی ہے۔ اس میں سردار پٹیل کی ابتدائی زندگی اور وکالت کے پیشے سے لے کر تحریکِ آزادی میں ان کے کلیدی کردار اور نوابی ریاستوں کے انضمام میں اُن کی فیصلہ کن قیادت تک ان کی زندگی کے اہم لمحات کو یاد کیا گیا ۔
مضبوط انداز میں قصہ گوئی اور جذباتی اداکاری کے ذریعے اس پیشکش نے سردار پٹیل کی قیادت، بصیرت اور ان کے دیرپا پیغام کو مؤثر انداز میں پیش کیا کہ ہندوستان کی اصل طاقت اس کی وحدت اور مشترکہ عزم میں ہے ۔
سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر ہر سال 31 اکتوبر کو راشٹریہ ایکتا دیوس منایا جاتا ہے اور قومی یکجہتی ، امن اور اتحاد کی اہمیت کا اعادہ کیا جاتا ہے۔جدید بھارت کے معمار سردار پٹیل کی وراثت کے اعزاز میں 2014 سے یہ دن منایا جارہا ہے۔ 2015 کی تقریب کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے ’’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘‘مہم کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد ملک بھر کے شہریوں کے درمیان ثقافتی رشتوں کو مضبوط کرنا ہے۔
************
(ش ح ۔ ا ع خ۔ ع د)
Urdu No- 534
(Release ID: 2184483)
Visitor Counter : 7