کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

اے پی ای ڈی اے نے کرناٹک اور تمل ناڈو سے جی آئی ٹیگ شدہ انڈی اور پلیانکوڈی لیموں کی پہلی فضائی کھیپ برطانیہ کے لیے روانہ کرنے میں سہولت فراہم کی


اے پی ای ڈی اے کی سہولت کے تحت انڈی اور پلیانکوڈی لیموں کی برطانیہ کی منڈی میں پہلی پیشکش

برطانیہ کو انڈی اور پلیانکوڈی لیموں کی کھیپ بھیجنا بھارت کی جی آئی ٹیگ شدہ باغبانی پیداوار کی برآمدات کو فروغ دیتا ہے

प्रविष्टि तिथि: 29 OCT 2025 6:05PM by PIB Delhi

وزارت تجارت و صنعت، حکومت ہند کے تحت، زراعتی اور غذائی مصنوعات کی برآمداتی ترقیاتی اتھارٹی (ایپیڈا) نے 28 اکتوبر 2025 کو برطانیہ کے لیے کرناٹک کے وجے پورہ سے بھارت کے جی آئی ٹیگ شدہ 350 کلو گرام انڈی لیموں اور تمل ناڈو کے ٹینکاسی سے 150 کلو گرام پلیانکوڈی لیموں کی پہلی فضائی ترسیل میں سہولت فراہم کی۔ 500 کلو گرام پر مشتمل اس کھیپ کی برآمد بھارت کی جی آئی ٹیگ شدہ باغبانی پیداوار کے عالمی دائرۂ کار کو وسعت دینے کی سمت ایک اہم سنگ میل ہے۔

جھنڈی دکھانے کی تقریب میں حکومت کرناٹک کے محکمۂ باغبانی، کرناٹک لائم بورڈ، حکومت کرناٹک کے زرعی پیداواری کمشنر و سکریٹری جناب وی دکشنامورتی (آئی اے ایس) اور حکومت تمل ناڈو کے محکمۂ باغبانی نے شرکت کی۔ چیئرمین ایپیڈا، جناب ابھیشیک دیو نے کھیپ کو روانہ کیا اور اس پہل کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کی کوششیں بھارت کی علاقائی زرعی پیداوار کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی کسانوں اور پیداواری گروپوں کو براہ راست فائدہ پہنچاتی ہیں۔

جھنڈی دکھا کر روانہ کیے جانے کے موقع پر چیئرمین ایپیڈا نے کہا کہ جی آئی ٹیگ شدہ انڈی اور پلیانکوڈی لیموں کی برآمد بھارت کی منفرد زرعی وراثت کے بارے میں عالمی شعور پیدا کرے گی اور خطہ وار مخصوص پیداوار کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دے گی۔ کسان-پیداواری گروپ کو عالمی صارفین سے جوڑ کر یہ اقدام برآمدی ماحول کو مضبوط بنا رہا ہے، جبکہ برانڈنگ اور منڈیوں کی تنوع کاری کے ذریعے کاشت کاروں کی آمدنی میں بہتری یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایپیڈا برآمد کنندگان اور پیداواریوں کی معاونت کے لیے پُرعزم رہے گا تاکہ اس نوعیت کی پہلوں کو کسانوں کے مفاد میں بڑے پیمانے پر آگے بڑھایا جا سکے۔

ابتدا میں جناب وی دکشنامورتی (آئی اے ایس) نے انکشاف کیا کہ برآمدات کی یہ پہل کرناٹک کی باغبانی میں امتیازی شان کو فروغ دینے اور کسانوں کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ جی آئی ٹیگ شدہ انڈی لیموں کی کامیاب ترسیل نے ریاستی و مرکزی اداروں، برآمد کنندگان اور کسان گروپوں کے مضبوط اشتراک کی عکاسی کی ہے۔

انڈی لیموں کے بارے میں

انڈی لیموں، جس کی کاشت بنیادی طور پر کرناٹک کے ضلع وجے پورہ میں ہوتی ہے، اپنی اعلیٰ معیار، تیز خوشبو، زیادہ رس اور متوازن تیزابیت کے لیے معروف ہے۔ اس کا منفرد ذائقہ اور جغرافیائی اختصاص اسے خطے کی زرعی امتیاز کی علامت بناتا ہے۔ کھانوں میں استعمال کے علاوہ، یہ لیموں روایتی طب اور ثقافتی روایات میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، جو کرناٹک کی گہری جڑی ہوئی زرعی وراثت کی عکاسی کرتا ہے۔

پلیانکوڈی لیموں کے بارے میں

پلیانکوڈی، جسے تمل ناڈو کا ”لیموں شہر“ بھی کہا جاتا ہے، ضلع ٹینکاسی میں واقع ہے اور وسیع پیمانے پر لیموں کی کاشت کے لیے مشہور ہے۔ پلیانکوڈی لیموں، خصوصاً کدایم قسم، باریک چھلکے، تیزابیت کی بلند سطح، اسکوربک ایسڈ کے زیادہ مقدار (34.3 ملی گرام فی 100 گرام) اور تقریباً 55 فیصد رس کے تناسب کی خصوصیات رکھتا ہے۔ وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور ہونے کے باعث یہ مدافعت اور ہاضمے میں مددگار ہے، جبکہ ذائقے اور معیار کے اعتبار سے بھی ممتاز ہے۔ اس لیموں کو اپریل 2025 میں باضابطہ طور پر جی آئی ٹیگ حاصل ہوا، جس سے اس کے علاقائی اور غذائی امتیازات کی توثیق ہوتی ہے۔

انڈی اور پلیانکوڈی لیموں کی یہ پہلی بین الاقوامی کھیپ عالمی منڈیوں میں بھارت کی علاقائی طور پر منفرد اور اعلیٰ معیار کی زرعی پیداوار کو فروغ دینے میں ایک بڑا قدم ہے۔ یہ پہل ایپیڈا کی اُن مسلسل کاوشوں کے عین مطابق ہے جن کا مقصد بھارت کی جی آئی ٹیگ شدہ پیداوار کی عالمی شناخت کو بڑھانا اور ایسی مارکیٹ روابط کو مضبوط کرنا ہے جس سے کسانوں اور پیداواری گروپوں کو براہ راست معاشی فوائد حاصل ہوں۔

*****

ش ح۔ ف ش ع

U: 462


(रिलीज़ आईडी: 2183991) आगंतुक पटल : 22
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Punjabi , Kannada