نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
قوم ہر اتوار ایک ساتھ سائیکل پر — جم سے لے کر سرکاری دفاتر تک، پہیوں پر فٹنس کا ایک انقلاب جاری
سائیکل پر فٹ انڈیا سنڈیز ایک قومی فٹنس تحریک بن چکی ہے، جو 1,20,000 مقامات پر 14 لاکھ سے زائد شہریوں کو یکجا کر رہی ہے
مکے بازی کی عالمی چیمپئن میناکشی ہڈا نے 45ویں ایڈیشن میں شرکت کی، جہاں بھارت کی معروف فٹنس چینز نے فٹنس کے اس ہفتہ وار جشن میں حصہ لیا
Posted On:
26 OCT 2025 7:05PM by PIB Delhi
عالمی باکسنگ چیمپئن میناکشی ہڈا جب اتوار کی صبح میجر دھیان چند قومی اسٹیڈیم پہنچیں تو اُنہوں نے خود کو سینکڑوں سائیکل سواروں، فٹنس کے شوقین افراد اور خاندانوں کے درمیان پایا جو صحت اور کمیونٹی کے جذبے کے ساتھ ایک ساتھ سائیکلنگ کے لیے جمع ہوئے تھے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “آج شامل ہو کر مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ جیسے میں باکسنگ کے ذریعے اپنی فٹنس برقرار رکھتی ہوں، اُسی طرح ہر عورت کے لیے، خاص طور پر گھریلو خواتین اور وہ لڑکیاں جو کھیلوں میں حصہ نہیں لیتیں، صحت مند رہنا بہت ضروری ہے۔ وہ اکثر اپنی روزمرہ کی مصروفیات میں اتنی الجھ جاتی ہیں کہ خود کو بھول جاتی ہیں۔ یہ مہم سب کو یاد دلاتی ہے کہ فٹنس نہ صرف آسان ہے بلکہ خوشگوار بھی ہے، اور سب کے لیے ہے۔”اُن کے یہ الفاظ “فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل” کے اصل جذبے کی عکاسی کرتے ہیں، جو اب اپنے 45 ویں ایڈیشن میں داخل ہو چکا ہے۔ دسمبر 2024 میں دہلی میں تقریباً 500 شرکاء اور ملک بھر کے 1,000 مقامات سے شروع ہونے والی یہ مہم آج ایک شاندار عوامی تحریک بن چکی ہے، جو ہر ہفتے 6,000 سے زیادہ مقامات پر 50,000 سے زائد افراد کو اکٹھا کرتی ہے۔
یہ پہل نوجوانوں کے امور کھیل کود کی وزارت کی قیادت میں،بھارت کی سائیکلنگ فیڈریشن، یوگاسن بھارت اور مائی بھارت کے اشتراک سے کی جا رہی ہے۔ یہ “آدھا گھنٹہ روز – فٹنس کا ڈوز” کے جذبے کو مجسم کرتی ہے، شہریوں کو روزانہ صرف 30 منٹ اپنی جسمانی صحت کے لیے وقف کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے “من کی بات” کے 117ویں نشریے میں بھی “فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل” کے بڑھتے ہوئے اثر کو سراہا گیا، جہاں انہوں نے اس بات کی تعریف کی کہ کس طرح زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہری ہر اتوار کو صحت، خوشی اور یکجہتی کے جذبے کے ساتھ فٹنس کا جشن منانے کے لیے متحد ہوتے ہیں۔
نوجوانوں کے امور اور کھیل کود اور محنت و روزگار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ کی رہنمائی میں، یہ پہل ایک حقیقی “جن آندولن” بن چکی ہے، جو ہر ہفتے نئے گروپوں اور کمیونٹیوں کو ایک ساتھ لا رہی ہے۔ شرکاء میں مرکزی مسلح پولیس فورسز ، ڈاکٹرز، اساتذہ، سرکاری ملازمین، اسکول کے طلبہ، ارکانِ پارلیمنٹ/اسمبلی، وکلاء، ڈاکیے، صحت عامہ کے کارکنان، صفائی سینانی، ریاستی پولیس فورسز اور رہائشی ویلفیئر ایسوسی ایشنز (آر ڈبلیو ایز) شامل ہیں۔ ان مختلف پیشوں اور نسلوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس مہم کو ملک کے ہر گوشے تک پہنچا دیا ہے، اور گلیوں، سڑکوں اور پارکوں کو توانائی اور رفاقت کے مراکز میں بدل دیا ہے۔
ملک بھر میں جاری تہواروں کے موسم کے پیشِ نظر، گزشتہ ہفتے کی “سنڈیز آن سائیکل” خصوصی انداز میں “سائیکل فرام ہوم” کے فارمیٹ میں منائی گئی، جس میں شہریوں کو اپنے گھروں، محلوں اور مقامی گلیوں سے مہم میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔ اس ایڈیشن میں خود وزیرِ امورِ نوجوانان و کھیل، ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے اپنے دوستوں اور گاؤں کے لوگوں کے ساتھ سائیکلنگ کر کے قیادت کی، اور پورے بھارت کے شہریوں کو یہ پیغام دیا کہ فٹنس کا عزم تہواروں کے دوران بھی برقرار رہنا چاہیے۔ ان کی ذاتی شرکت نے وزارت کا یہ پیغام مزید مضبوط کیا کہ فٹنس کسی مقام یا ایونٹ تک محدود نہیں — یہ ایک طرزِ زندگی ہے، جسے ہر فرد، ہر دن، اور ہر جگہ اپنا سکتا ہے۔
وقت کے ساتھ، “فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل” نے بھارت کے مشہور کھلاڑیوں، اداکاروں اور فٹنس کے نمایاں چہروں کی بھرپور شرکت اور حمایت حاصل کی ہے، جنہوں نے عوام کے ساتھ ٹریک پر اور سوشل میڈیا پر اس مہم کو فروغ دیا۔ معروف شخصیات جیسے دی گریٹ کھلی، جیکی شراف، عائشہ شراف، راہل بوس، شروری واگھ، مدھوریمہ تُلی، میا میلزر، امت سیال سمیت دیگر، اور ممتاز کھلاڑیوں جیسے یوگیشور دت، ہرمن پریت سنگھ، میرابائی چانو، سمیت انتل، نو دیپ، رانی رام پال، سلیما ٹیٹے اور لوِولینا بورگوہین نے ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے ایڈیشنز میں شرکت کی، جس سے مہم میں توانائی اور اثر انگیزی میں اضافہ ہوا۔ ان کی شمولیت نے خاص طور پر نوجوانوں کو متاثر کیا کہ فٹنس صرف ایک سرگرمی نہیں بلکہ ایک اجتماعی سماجی تحریک ہے جو بھارت کے صحت، طاقت اور خود اعتمادی کے قومی جذبے کی نمائندگی کرتی ہے۔
اس اتوار کے خصوصی ایڈیشن میں معروف فٹنس چینز جیسے کلٹ فِٹ، گولڈز جم، فٹنس فرسٹ اور فٹ اسپائر نے شرکت کی، جنہوں نے ملک بھر کے 50,000 سے زیادہ جم مراکز میں اس تحریک کا پیغام عام کیا۔ ان کے اشتراک نے ٹرینرز، جم ممبران اور شہریوں کو ایک ساتھ جمع کیا، جو صبح سویرے سائیکلنگ، اسٹریچنگ اور کھلے ماحول میں ورزش کے ذریعے یہ پیغام دے رہے تھے کہ فٹنس صرف انفرادی نہیں، بلکہ اجتماعی عمل ہے۔
فٹ اسپائر کی شریک بانی حنا ساہنی نے کہا،“فٹ اسپائر کو فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے۔ یہ صرف ورزش کے بارے میں نہیں، بلکہ ایک اجتماعی تحریک ہے جو تندرستی، نظم و ضبط اور یکجہتی کا جشن مناتی ہے۔ ہر پیڈل، ہر باشعور عمل ہمیں ایک مضبوط اور زیادہ پُرعزم بھارت کے قریب لے جاتا ہے۔”
“سنڈیز آن سائیکل” مہم لوگوں کو ہر اتوار سائیکل چلانے، ورزش کرنے اور کھلے آسمان تلے فٹنس سیشنز میں شامل ہونے کی ترغیب دیتی ہے۔ سائیکلنگ کے علاوہ، اس تقریب میں زومبا، رسّی کودنا اور یوگاسن جیسی سرگرمیاں شامل ہیں، جنہیں ہر عمر کے افراد کو متحرک رکھنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ ان پروگراموں میں طبی ماہرین کی شمولیت یہ پیغام مضبوط کرتی ہے کہ احتیاطی صحت روزمرہ عمل سے شروع ہوتی ہے اور فٹنس ایک مضبوط اور لچکدار بھارت کی بنیاد ہے۔
44 کامیاب ایڈیشنز کے بعد، “فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل” اب ملک بھر میں 1,20,000 سے زیادہ مقامات تک پھیل چکا ہے، جس میں 14 لاکھ سے زائد شہری شامل ہیں۔ یہ تقریبات ہر ہفتے ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دارالحکومتوں سے لے کر بھارت کی کھیلوں کی اتھارٹی (سائی) کے علاقائی مراکز، مہارت کے قومی مراکز (این سی او ای ایس)، کھیلوں کی اتھارٹی کے تربیتی مراکز (ایس ٹی سیز)، کھیلو انڈیا ریاستی مراکز (کے آئی ایس سی ایز) اور کھیلو انڈیا مراکز (کے آئی سیز) میں منعقد کی جاتی ہیں۔
اس ہفتے بھی مہم کے تحت سائی این سی او ای گوہاٹی، سائی ایس ٹی سی رائے پور اور راجنندگاؤں (چھتیس گڑھ)، سائی ایس ٹی سی الپّی، سائی این ایس آر سی کولکاتہ اور سائی ایس ٹی سی دھرمشالہ میں جوش و خروش سے تقاریب ہوئیں، جب کہ ملک بھر کے دیگر تمام سائی این سی او ایز اور ایس ٹی سیز نے بھی حصہ لیا۔ اس کے علاوہ، نریندر مودی فِٹ انڈیا سائیکلنگ کلبز کی 3,500 سے زائد شاخیں ہر ہفتے اس عوامی فٹنس لہر کی قیادت کرتی ہیں، جو ہزاروں افراد کو ہر اتوار سائیکلنگ اور صحت کے جشن میں شریک کرتی ہیں۔
شمال کے کرگل کے پہاڑوں سے لے کر جنوب کے کیرالہ کے ساحلی علاقوں تک، دہلی اور ممبئی کے میٹروز سے چھتیس گڑھ اور آسام کے قلب تک، “فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل” لوگوں کو ایک ہی جذبے میں متحد کر رہا ہے۔ جو ایک چھوٹا سا قدم تھا، وہ آج بھارت کی سب سے بڑی عوامی فٹنس تحریک بن چکا ہے، جو وزیر اعظم نریندر مودی کے “فِٹ، پُرجوش اور آتم نربھر بھارت” کے وژن کو آگے بڑھا رہا ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 315 )
(Release ID: 2182747)
Visitor Counter : 3