صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدرِ جمہوریہ ہند نے غازی آباد کے اندراپورم میں یشودا میڈی سٹی کا افتتاح کیا


صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ نجی شعبے کے معیاری طبی ادارے ایک صحت مند اور ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کے حصول میں بے حد قیمتی کردار ادا کر سکتے ہیں

انہوں نے مزید کہا کہ طبی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ سماجی ذمہ داری کو پورا کرنا بھی صحت کے اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے

Posted On: 26 OCT 2025 1:36PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (26 اکتوبر 2025) اتر پردیش کے غازی آباد کے اندراپورم میں یشودا میڈی سٹی کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ حفظان صحت قوم سازی کا ایک لازمی حصہ ہے۔ عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا اور ان کی صحت کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے پورے ملک میں صحت اور طبی ڈھانچے، اداروں اور خدمات کو مسلسل وسعت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تمام کوششیں ایک صحت مند اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں یقیناً مددگار ثابت ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے علاوہ دیگر تمام فریقین بھی ان کوششوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔ لہٰذا یہ تمام فریقین کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحت کی خدمات کو فروغ دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ معیاری طبی سہولیات ملک کے ہر حصے میں دستیاب ہوں اور کوئی شہری مؤثر علاج سے محروم نہ رہے۔صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ نجی شعبے کے معیاری طبی ادارے اس مقصد کے حصول میں نہایت قیمتی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ یشودا میڈی سٹی صحت کے شعبے میں ایک انقلابی تبدیلی لانے کا کام کرے گی۔

صدرِ جمہوریہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ عالمی وبا کووڈ-19 کے دوران یشودا اسپتال نے بڑی تعداد میں مریضوں کا علاج کیا، اور اس نے قومی ترجیحات جیسے کہ قومی تپ دق (ٹی بی) خاتمہ پروگرام کو بھرپور ذمہ داری کے ساتھ اپنایا ہے۔انہوں نے ادارے پر زور دیا کہ وہ سِکل سیل انیمیا سے متعلق قومی مہمات میں اپنی بھرپور خدمات انجام دے۔صدرِ جمہوریہ نے اسپتال سے وابستہ فریقین کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ سرطان (کینسر) کے علاج کے لیے تحقیق کریں اور دیگر اداروں کے ساتھ اشتراکِ عمل قائم کریں۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ طبی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ سماجی ذمہ داری کو پورا کرنا بھی صحت کے اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہیں یقین ہے کہ یشودا میڈی سٹی اپنے مشن ’’سب کے لیے سستی اور عالمی معیار کی صحت خدمات‘‘ کو ضرور پورا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نجی اور سرکاری دونوں شعبوں میں بہترین طبی اداروں کے تعاون سے ہندوستان کو عالمی سطح پر ایک ممتاز صحت کی نگہداشت کے مرکز کے طور پر مزید پہچان حاصل ہوگی۔

Please click here to see the President's Speech-

 

************

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 300 )


(Release ID: 2182618) Visitor Counter : 15