محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ای پی ایف او نے نیا ای سی آر جمع کرنے کی آخری تاریخ 22 اکتوبر 2025 تک بڑھا دی

Posted On: 13 OCT 2025 6:35PM by PIB Delhi

ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) نے نیا الیکٹرانک چالان-کم-ریٹرن (ای سی آر) نظام متعارف کرایا ہے، جو ستمبر 2025 سے شروع ہونے والے اجرت کے مہینے پر نافذ ہوگا۔اس نئے نظام کا مقصد ای پی ایف او کے آجر پورٹل کے ذریعے آجروں کے لیے ریٹرن فائل کرنے کے عمل کو آسان اور صارف دوست بنانا ہے تاکہ ریٹرن فائلنگ کا تجربہ بہتر ہو سکے۔

تاہم، تجدید شدہ ای سی آر کی نئی خصوصیات کو اپنانے میں متعدد آجروں کی درخواستوں اور اداروں کی جانب سے ریٹرن فائل کرنے میں پیش آنے والی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے، ستمبر کے مہینے کے لیے ای سی آر فائل کرنے کی آخری تاریخ کو 22 اکتوبر 2025 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تجدید شدہ الیکٹرانک چالان-کم-ریٹرن (ای سی آر) نظام میں ہموار منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے، ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) نے ملک بھر کے آجروں اور صنعتی نمائندوں کے ساتھ آگاہی پروگراموں کا ایک سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔

مرکزی سطح پر، ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) نے فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فکی)، پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی ایچ ڈی سی سی آئی)، ایمپلائر فیڈریشن آف انڈیا (ای ایف آئی) سمیت بڑے صنعتی اداروں کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں تاکہ انہیں نئے ای سی آر نظام میں متعارف کرائی گئی نئی خصوصیات اور اصلاحات سے آگاہ کیا جا سکے۔ ان بات چیتوں میں ریٹرن فائل کرنے کے نئے عمل کے فوائد پر خاص توجہ دی گئی، جن میں اعداد و شمار کی بہتر درستگی، ترتیب وار ریٹرن کی توثیق، اور تعمیل کی سہولت شامل ہے۔

اس ضمن میں، ای پی ایف او کے زونل اور علاقائی دفاتر آجروں اور اسٹیبلشمنٹ کے نمائندوں کے ساتھ انٹرایکٹو سیشنز اور ورکشاپس کا بھی انعقاد کر رہے ہیں۔ ان پروگراموں کا مقصد اداروں کو زمینی سطح پر معاونت فراہم کرنا اور تجدید شدہ نظام کے تحت ریٹرن کی بروقت اور غلطی سے پاک فائلنگ کو یقینی بنانا ہے۔

ای پی ایف او آجروں کے لیے ہموار ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرنے اور پروویڈنٹ فنڈ کی انتظامیہ میں شفافیت اور تعمیل کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

***

UR-9798

(ش ح۔اس ک  )


(Release ID: 2178665) Visitor Counter : 10