سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
غیرفاسٹ ٹیگ والے صارفین کے لیے ٹول پلازوں پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کے لیے نیا صارف فیس وصولی قاعدہ
قومی شاہراہ فیس (شرحوں کے تعین اور وصولی) (تیسری ترمیم) 2025کے قواعد — 15نومبر 2025 سے نافذ العمل
Posted On:
04 OCT 2025 2:56PM by PIB Delhi
غیر فاسٹ ٹیگ والے صارفین کے لیے قومی شاہراہوں پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے اور نقدی لین دین کو ختم کرنے کے مقصد سے حکومتِ ہند نے قومی شاہراہ فیس (شرحوں کے تعین اور وصولی) قواعد، 2008 میں ترمیم کی ہے۔ نئے قاعدے کے تحت، اگر کوئی گاڑی بغیر درست اور فعال فاسٹ ٹیگ کے فیس پلازہ میں داخل ہوتی ہے تو نقد ادائیگی کی صورت میں اس سے قابلِ اطلاق فیس کی دوگنی رقم وصول کی جائے گی۔ تاہم اگر وہی صارف یونائیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس (یو پی آئی) کے ذریعے ادائیگی کرتا ہے تو اس سے گاڑی کی متعلقہ زمرہ جاتی فیس کا صرف 1.25 گنا لیا جائے گا۔ مثال کے طور پر اگر کسی گاڑی پر فاسٹ ٹیگ کے ذریعے 100 روپے کی فیس واجب الادا ہے تو نقد ادائیگی کرنے پر فیس 200 روپے ہوگی جبکہ یو پی آئی کے ذریعے ادائیگی کرنے پر صرف 125 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
یہ ترمیم فیس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور آسان بنانے کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہوں پر سفر کو آسان بنانے کے مقصد سے کی گئی ہے۔ یہ حکم نامہ 15 نومبر 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔ قومی شاہراہ فیس (شرحوں کے تعین اور وصولی) قواعد، 2008 میں کی گئی یہ تازہ ترین ترمیم ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، ٹول پلازوں پر بھیڑ میں کمی، شفافیت کے فروغ اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے حکومتِ ہند کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ نئے قواعد سے شاہراہ صارفین کو ایک بہتر اور ہموار سفری تجربہ حاصل ہوگا۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7057
(Release ID: 2174788)
Visitor Counter : 9